Inquilab Logo

ڈونالڈ ٹرمپ کی بھتیجی کی کتاب پر عدالت کی جانب سے پابندی

Updated: July 02, 2020, 10:59 AM IST | Agency | Washington

عدالت کے مطابق کتاب میں امریکی صدر کے تعلق سے ایسی باتیں ہیں جو انہیں شرمندہ کر سکتی ہیں

Mary Trump
میری ٹرمپ

— امریکی ریاست نیو یارک کی ایک  عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بھتیجی کی اس کتاب  پر پابندی عائد کر دی ہے جس میں انہوں نے  اپنے چچا کو ’خطرناک آدمی‘ قرار دیا ہے۔  دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کتاب میں امریکی صدر کے بارے میں کچھ ایسی معلومات شامل ہیں جو ان کیلئے شرمندگی کا باعث بن سکتی ہیں۔ ’’ٹو مچ اینڈ نیور اینف: ہاؤ مائی فیملی کری ایٹیڈ دی ورلڈز موسٹ ڈینجرس مین۔‘‘ نامی یہ  یہ کتاب ۲۸؍ جولائی کو مارکیٹ میں آنے والی ہے لیکن جج گرین والڈ نے کہا ہے کہ وہ کتاب کے خلاف درخواست دینے والے صدر ٹرمپ کے بھائی کا مؤقف سن کر اس بات کا حتمی فیصلہ کریں گے کہ یہ کتاب شائع ہو گی یا نہیں۔
   ڈونالڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ نے مؤقف اپنایا ہے کہ میری ٹرمپ خاندان کے ایک معاہدے کے تحت اس بات کی پابند ہیں کہ وہ خاندان کے دیگر افراد کی اجازت کے بغیر ٹرمپ فیملی سے متعلق کوئی کتاب نہیں لکھ سکتیں۔میری ٹرمپ کے وکیل تھیوڈور باؤٹروس جونیئر نے  کتاب پر لگائی گئی پابندی کو امریکی آئین کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ 
 واضح رہے کہ امریکی آئین میں ہونے والی پہلی ترمیم میں اظہارِ رائے کی آزادی کو عوام کا بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔باؤٹروس جونیئر نے کہا ہے کہ یہ کتاب  ایسے وقت شائع ہو رہی ہے جب امریکہ میں انتخابات ہونے والے ہیں اور ایک ایسے شخص سے متعلق ہے جو دوسری مدت کے لئے صدر کا انتخاب لڑ رہا ہے۔ وکیل کے بقول اس کتاب میں ایسے عوامل پر بات کی گئی ہے جن کے تعلق سے عوام کو معلوم ہونا ضروری ہے۔ اس لئے اس کتاب کی اشاعت کو ایک دن کیلئے بھی نہیں روکا جانا چاہئے۔دوسری جانب  رابرٹ ٹرمپ کے وکیل چارلس ہارڈر نے میری ٹرمپ اور ان کی کتاب کے پبلشرز کے اقدامات کو انتہائی قابلِ مذمت قرار دیا ہے اور کیس کو بھرپور انداز میں لڑنے کا عندیہ دیا ہے۔
 واضح رہے کہ میری ٹرمپ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بڑے بھائی آنجہانی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی بیٹی ہیں۔ عدالتی احکامات کے بعد کتاب کے پبلشر سائمن اینڈ شوسٹر کی ویب سائٹ سے اس کتاب سے متعلق معلومات ہٹا دی گئی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK