Inquilab Logo

عدالت نے ارنب گوسوامی کیخلاف سخت کارروائی سے منع کیا

Updated: January 16, 2021, 12:02 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ(ٹی آر پی) گھوٹالہ معاملہ میں ایک بار پھر بامبے ہائی کورٹ نے ری پبلک ٹی وی کے چیف ایکزیکٹیو ارنب گوسوامی کو راحت دے دی ہے۔

Arnab Goswami - Pic : INN
ارنب گوسوامی ۔ تصویر : آئی این این

 ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ(ٹی آر پی) گھوٹالہ معاملہ میں ایک بار پھر بامبے ہائی کورٹ نے ری پبلک ٹی وی کے چیف ایکزیکٹیو ارنب گوسوامی کو راحت دے دی ہے۔سماعت کے درمیان اس وقت ڈرامائی موڑ آگیا جب مذکورہ بالا کیس میں انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )کی شمولیت پر ممبئی پولیس کی پیروی کرنے والے وکیل کپل سبل اور ارنب  اور اے آر جی آؤٹ لائیرمیڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کی جانب سے پیروی کرنے والے وکیل ہریش سالوی کے مابین  لفظی تکرار ہوئی۔
 بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس منیش پیٹالے نے ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ کے خلاف داخل کردہ عرضداشت پر سماعت کے دوران صرف ارنب گوسوامی اور ری پبلک سے وابستہ دیگر ملازمین کی ہی راحت میں توسیع نہیں کی ہے بلکہ ہنسا ریسرچ گروپ کے ملازمین کو بھی راحت دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ کسی کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہ کرے ۔ کورٹ نے یہ بھی کہا کہ پوچھ تاچھ کے لئے ہفتہ میں صرف ۲؍ ہی مرتبہ طلب کیا جائے اس سے زیادہ دباؤ نہ ڈالا جائے۔ساتھ ہی کورٹ نے ممبئی پولیس کی جانب سے تفتیش میں پیش رفت کی داخل کردہ رپورٹ کو اپنے ریکارڈ میں درج کیاہے ۔
 دوران سماعت اے آر جی اور ارنب کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے سینئر وکیل  ہریش سالوی نے کہا کہ ’’ ٹی آر پی بڑھانے کی ضمن میں رشوت لینے کا لگایا گیا الزام انتہائی بے ہودہ اور فرسودہ ہے ۔‘‘ دوران سماعت اس وقت وکلاء کے درمیان تیکھی نوک جھونک ہوگئی جب ممبئی پولیس کی جانب سے پیروی کرنے والے وکیل کپل سبل اور اے آر جی کے وکیل ہریش سالوی دونوں نے مذکورہ بالا کیس میں مختلف اعتراضات کئے ۔ہریش سالوی نے ممبئی پولیس کی ترتیب کردہ رپورٹ اور ای ڈی کے ذریعہ اے آر جی کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس اور تیار کردہ رپورٹ کا موازنہ کرتے ہوئےکہا کہ دونوں کی تفتیش میں بے شمار تضاد ہے ۔
  وکیل ہریش سالوی نے کورٹ سے ای ڈی کی کیس سے متعلق تفتیش میں  پیش رفت کی تازہ رپورٹ بھی طلب کرنے کی اپیل کی ۔وکیل نے یہ بھی کہا کہ اگر ای ڈی کی ترتیب کردہ رپورٹ کو صحیح مان لیا جائے تو اس کا مطلب ممبئی پولیس اے آر جی اور ارنب کے خلاف بد نیتی سے تفتیش کررہی ہے ۔اسی درمیان ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل انل سنگھ نے  جب ای ڈی کی تفتیشی رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کی توممبئی پولیس کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے سنیئر وکیل کپل سبل نے بھی ای ڈی کے مذکورہ بالا کیس میں تفتیش کرنے پر سخت اعتراض کیا ۔
   کپل سبل نے اے آر جی کے وکیل سالوی کے طنز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم جانتے ہیں ای ڈی کی ایمانداری اور آپ کی بے ایمانی کو ۔‘‘ اس پر سالوی نے کہا کہ ’’ قابل احترام عدالت اس بات پر غور کرے کہ میرے معزز دوست جو مہاراشٹر حکومت کی جانب سے اس کیس کی پیروی کررہے ہیں،  مرکز کو بے ایمان کہہ رہے ہیں ۔‘‘ اس پر سبل نے کہا کہ آپ اس معاملہ میں بے ایمانی کررہے ہیں ۔‘‘ اس پر پھر سالوی نے کہا کہ یہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ ریاست ،مرکز کو بے ایمان کہے۔ وہیں سبل نے ای ڈی کی جانب سے مذکورہ بالا کیس میں مداخلت کرنے اور بند لفافے میں رپورٹ پیش کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ ممبئی پولیس کی حدود ہے اس میں مداخلت نہیں کی جانی چاہئے ۔۲؍ رکنی بنچ نے اس تیکھی نوک جھونک کو سننے کے بعد عرضداشت گزاروں کو راحت دیتے ہوئے سماعت کو ۲۹؍ مارچ تک کے لئے ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK