Inquilab Logo

کورٹ نے اےٹی ایس کو تفتیش روکنے اور کیس این آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا

Updated: March 25, 2021, 9:57 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

معروف صنعت کار مکیش امبانی کے گھر کے قریب دھماکہ خیز مادہ اور دھمکی آمیز خط نیز مقتول من سکھ ہیرین کی مہیندرا اسکارپیو پارک کرنے اور اس کے قتل کی سازش دونوں معاملات کا ایک دوسرے سے تعلق ہونے کی بنا پر بالآخر مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ(اے ٹی ایس) نے کورٹ کی ہدایت پر یہ کیس اور ملزمین دونوں کو این آئی کے حوالے کر دیا ہے۔

NIA - Pic : INN
این آئی اے ۔ تصویر : آئی این این

معروف صنعت کار مکیش امبانی کے گھر کے قریب  دھماکہ خیز مادہ اور دھمکی آمیز خط نیز مقتول من سکھ ہیرین کی مہیندرا اسکارپیو پارک کرنے اور اس کے قتل کی سازش دونوں معاملات کا ایک دوسرے سے تعلق ہونے کی بنا پر بالآخر مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ(اے ٹی ایس) نے کورٹ کی ہدایت پر یہ کیس  اور ملزمین دونوں کو این آئی کے حوالے کر دیا ہے۔ این آئی اے نے گرفتار کئے گئے ملزم پولیس آفیسر سچن وازے کے خلاف یو اے پی اے کے تحت کیس درج کر لیا ہے۔
 من سکھ کے پر اسرار قتل اور مکیش امبانی کو دھمکانے کے سنسنی خیز معاملہ میں ایک اور حیرت انگیز موڑ اس وقت آگیا جب تھانے کی مقامی کورٹ نے من سکھ کے قتل کی گتھی کو سلجھاتے ہوئے ۲؍ ملزمین کو گرفتار کرنے کے باوجود اے ٹی اے کو کیس این آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا ۔ ہر چند کہ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت داخلہ نے پہلے ہی کیس این آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا اور ریاستی محکمہ داخلہ نے بھی اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے تھے لیکن اب جبکہ کورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں تو اے ٹی ایس نے ملزم ونائک شندے اور سٹہ باز نریش گورو کی طبی جانچ کے بعد کیس اور ملزمین دونوں مرکزی تفتیشی ایجنسی کے سپرد کردیا ہے ۔
  دریں اثناء این آئی اے نے بھی من سکھ قتل کیس کی تفتیش کی ذمہ داری قبول کرنے کے ساتھ ہی ملزم  پولیس افسر وازے کے خلاف یو اے پی اے کے تحت کیس درج کر دیا ہے۔ تفتیشی ایجنسی کے بقول وازے نہ صرف مجرمانہ بلکہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث پایا گیا ہےاس لئے اس پر یو اے پی اے کے تحت کے تحت کیس درج کیا ہے ۔اس کے علاوہ مرکزی تفتیشی  ایجنسی نے وازے کے ساتھی  افسر ریاض قاضی کو اس کیس میں گواہ بنالیا ہے۔
 واضح رہے اتوار کو اے ٹی ایس چیف جے جیت سنگھ نے من سکھ قتل کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سچن وازے کو اس قتل کا کلیدی ملزم بتایا تھا۔ اب این آئی اے نئے سرے سے وازے ،  ونائک شندے اور نریش گورو کے خلاف من سکھ کے قتل اور مجرمانہ سازش کے تحت کیس درج کرے گی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK