Inquilab Logo

مسجد کے سنگ بنیاد میں نہ جانے کے یوگی کے بیان پر تنقیدیں

Updated: August 08, 2020, 11:26 AM IST | Lucknow

یوپی کے وزیراعلیٰ کے’یوگی اور ہندو ہونے کے ناطےمسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شامل نہ ہونے‘ کے بیان پر سماجوادی پارٹی نے کہا کہ یوگی جی صرف ہندوؤں کے نہیں پوری ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں ، انھیں ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا،کانگریس نے غلط ہندوتوا کی سیاست کا الزام لگایا۔

Yogi Aditya Nath. Photo: INN
یوگی آدتیہ ناتھ۔ تصویر: آئی این این

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کیلئے سنگ بنیادرکھے جانے کے بعد انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے صاف لفظوں میں کہہ دیا تھا کہ وہ مسجد تعمیر کیلئےسنگ بنیاد تقریب میں قطعی شرکت نہیں کریں گے۔ ان کے اس بیان پر اپوزیشن کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ سماجوادی پارٹی نے جمعہ کے روزیو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کےبیان کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ ایسے بیان کے لیے انھیں عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ ’یوگی اور ہندو‘ہونے کے ناطے ایودھیا میں مسجد کے سنگ بنیاد تقریب میں شامل نہ ہونے کے بیان پر سماجوادی پارٹی نے کہا کہ وہ صرف ہندو کے نہیں بلکہ پوری ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اورانھیں ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ سماجوادی پارٹی کے ترجمان پون پانڈے کا کہنا ہے کہ ’’ایسا کہہ کر یوگی جی نے اپنے اس حلف کی خلاف ورزی کی ہے جو انھوں نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے لی تھی۔ وہ پوری ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں ، صرف ہندوؤں کے نہیں ۔ ریاست میں ہندو اور مسلمانوں کی جو بھی آبادی ہو، وہ سبھی کے وزیر اعلیٰ ہیں ۔وزیر اعلیٰ کی یہ زبان وقار کو کم کرنے والی ہے۔‘‘سماجوادی پارٹی کے ترجمان نےمزیدکہا کہ ’’انھیں (وزیراعلیٰ یوگی) اس کے لیے لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘ دوسری طرف کانگریس کے میڈیا کنوینر للن کمار نے وزیراعلیٰیوگی کے بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں ان کے مسجد پر دیے گئے بیان کے بارے میں کچھ نہیں کہنا۔ وزیر اعلیٰ کو معلوم ہونا چاہیے کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی ایودھیا گئے تھے اور تالا کھلوایا تھا۔ وہ غلط ہندوتواکی سیاست کر رہے ہیں جب کہ کانگریس ہمیشہ لوگوں کی بھلائی کے لیے کام کرتی ہے۔ بھگوان رام سب کےہیں ، جب کہ بی جے پی دکھانا چاہتی ہے کہ رام صرف ان کے ہیں ، یہ ان کی غلط فہمی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایک یوگی اور ہندو ہونے کے ناطے وہ ایودھیا میں مسجد کی سنگ بنیاد تقریب میں نہیں جائیں گے۔
  انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’اگر آپ ایک وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے یہ سوال پوچھ رہے ہیں تو مجھے کسی مذہب، نظریہ یا طبقہ سے کوئی پرہیز نہیں ہے۔ لیکن اگر آپ مجھ سے ایک یوگی کی شکل میں پوچھ رہے ہیں تو میں ہرگز نہیں جاؤں گا، کیونکہ ایک ہندو کے طو رپر مجھے اپنے طریق عبادت پر عمل کرنے کا حق ہے۔‘‘ اپنی بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ یوگی نےیہ بھی کہا تھا کہ نہ میں مدعی ہوں اور نہ ہی مدعا علیہ، اس لیے نہ تو مجھے بلایا جائے گا اور نہ ہی میں جاؤں گا۔ مجھے معلوم ہے کہ مجھے اس کا دعوت نامہ نہیں ملے گا۔ جس دن ان لوگوں نے مجھے بلا لیا اس دن کئی لوگوں کا سیکولرازم خطرے میں پڑ جائے گا۔میں نہیں چاہتا کہ کسی کا سیکولرازم خطرے میں پڑے، اسی لیے خاموشی سے بغیر کسی تفریق کے کام کر رہا ہوں تاکہ حکومت کے منصوبوں کا سب کو یکساں طور پر فائدہ مل سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK