Inquilab Logo

بیس لاکھ کا آنکڑا پار ، غائب ہے مودی سرکار : راہل گاندھی

Updated: August 08, 2020, 3:32 AM IST | New Delhi

کورونا پر پیش گوئی سچ ثابت ہونے کے بعد کانگریس لیڈر کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقیدیں ۔

Rahul Gandhi Photo: INN
راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے معاملات لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں اور مودی حکومت کی کوئی بھی پالیسی کام کرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹی لیڈران پی ایم مودی پر بار بار یہ الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ عوام کو رام بھروسے چھوڑ چکے ہیں ۔ اسی سلسلے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس تعلق سے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں کورونا مریض کی تعداد ۲۰؍لاکھ سے تجاوز کرنے کے بعد ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہےکہ ’’ ۲۰؍لاکھ کا آنکڑا پار، غائب ہے مودی سرکار۔‘‘دراصل راہل گاندھی نے گزشتہ ماہ ۱۷؍جولائی کو ایک ٹوئٹ کر کے پیش گوئی کی تھی کہ اگر کورونا کے معاملات بڑھنے کی موجودہ رفتار جاری رہی تو۱۰؍ اگست تک ملک میں ۲۰؍لاکھ سے زائد کیسیز ہو جائیں گے اور ان کی یہ پیش گوئی ۱۰؍ اگست سے قبل ہی درست ثابت ہو گئی ۔ اس وقت ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ۲۰؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار ۷۵؍ ہو گئی ہے۔ 
  قابل ذکر یہ بھی ہے کہ اس سے قبل۱۴؍ جولائی کو کئے گئے ایک ٹویٹ میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اس ہفتہ کورونا مریضوں کی تعداد۱۰؍ لاکھ کا نمبر پار کر جائے گی، اور پھر۱۷؍ جولائی کو یہ نمبر پار کر گیا تھا۔واضح رہے کہ راہل گاندھی لگاتار کورونا سے متعلق مودی حکومت کو مشورے دیتے رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس وبا کو روکنے کے لیے حکومت ٹھوس و منظم اقدام کرے، لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا۔ یہی وجہ ہے کہ کورونا کیسیز لگاتار بڑھتے جا رہے ہیں ۔ 
 راہل گاندھی نے اس سلسلے میں مودی سرکار پر شدید تنقیدیں بھی کیں اور کہا کہ مودی حکومت کورونا کے بڑھتے معاملات کو سنجیدگی سےنہیں لے رہی ہے۔ وہ صرف نمائشی اقدامات میں مصروف ہے۔ معاملات جتنی تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں وہ قابل تشویش ہے اور ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کو عوام کی کوئی پروا نہیں ہے۔ راہل نے مطالبہ کیا کہ مودی فوری طور پر سخت اقدامات کرے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK