Inquilab Logo

مہنگائی کیخلاف کانگریس لیڈران کا راج بھون تک سائیکل مارچ

Updated: July 16, 2021, 8:48 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

بے قابو مہنگائی، پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی بے تحاشہ بڑھتی قیمتوں کے علاوہ کورونا‌ کے ٹیکے کی کمی ، سیاہ زرعی قوانین، مراٹھا اور او بی سی ریزرویشن ختم کیے جانے کے خلاف گورنر کو میمورنڈم دیا

Congress leaders protest against rising prices of diesel, petrol and cooking gas.Picture:Inquilab
مہنگائی ،ڈیزل،پیٹرول اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے خلاف کانگریس لیڈران بڑے پیمانے پر احتجاج تصویر انقلاب

مہنگائی، ڈیزل ، پیٹرول، رسوئی گیس کی بے قابو ہورہی قیمتوں کے خلاف کانگریس کے لیڈران اور عہدیداران نے ہینگنگ گارڈن ملبار ہل سے راج بھون تک سائیکل مورچہ نکال کر اپنا احتجاج درج کروایا اور ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی۔ 
 گورنرسےملاقات پر کانگریس لیڈران اور عہدیداران کا کثیر رکنی وفد موجود تھااور ان سب کی موجودگی میں گورنر کو میمورنڈم دیا گیا۔ جس میں مہنگائی ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے علاوہ سیاہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج ،کورونا کے ٹیکے کی کمی، او بی سی اور مراٹھا ریزرویشن جیسے مسائل کا احاطہ کیا گیا تھا۔  
 راج بھون میںکانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولےنےمیمورنڈم میں درج مطالبات پڑھ کر بھی گورنر کوشیاری کو سنائے اور ان مطالبات کو مرکزی حکومت تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ کانگریس نے۷؍جولائی سے ہی ان مسائل کے تعلق سے مودی حکومت کے خلاف اور عوامی بیداری لانے کے لئے محاذ کھول رکھا ہے۔  
میمورنڈم میں کیا کہا گیا 
 گورنر کو دئیےگئے میمورنڈم میں کہا گیا کہ کورونا کےسبب عوام کا حال برا ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ برس میں صنعت، کاروبار، کی حالت تباہ کن ہے اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہوچکےہیں۔گزشتہ ایک سال میں۹۸؍ ہزار نوکریاں چلی گئی ہیں۔  ۹۷؍  فیصد خاندانوں کی آمدنی میں کمی آئی ہے اور خاص طور پر متوسط طبقے کیلئے انتہائی سنگین حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ ابھی کورونا سے نجات نہیں ملی ہے اور مہنگائی نے لوگوں کی زندگی مزید اجیرن کر رکھی ہے۔ لوگوں کے پاس پیسے نہیں ہیں۔گزر اوقات کے لئے تگ ودو جاری ہے۔ ان حالات میں حکومت کی غلط پالیسی کے سبب پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی سلنڈر، کھانے کا تیل، دال اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ پیٹرول ۱۰۷؍ روپے تک پہنچ گیا ہے تو ڈیزل  ۹۶؍  روپے فی لیٹر۔  ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ۸۵۰؍ روپے  ہوگئی ہے۔۲۰۱۴ءمیں ایل پی جی سلنڈرکی قیمت جہاں۴۱۴؍ روپے ہوا کرتی تھی وہیں ۲۰۲۱ء میں ۸۵۰؍ روپے ہوگئی ہے۔ مطلب ان ۷؍ برسوں میں سلنڈر کی قیمت ڈبل ہوگئی ہے اور عام آدمی کو دی جانے والی سبسیڈی بھی صفر کر دی گئی ہے۔ 
 جنوری ۲۰۲۱ء سے ۱۰؍ جولائی ۲۰۲۱ء تک پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں۷۱؍فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مودی حکومت نے ۷؍  برس میں ایندھن ٹیکس سے ۲۵؍ لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ آج عام آدمی کے مرنے کی نوبت آگئی ہے اور اس کے سامنے یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ وہ کیسے زندہ رہے گا۔ اسی کے خلاف کانگریس نے یہ مہم شروع کی ہے۔
ٹیکہ کاری مسئلہ بن گئی
  اس کے علاوہ کورونا کا خطرہ بھی ابھی ٹلا نہیں ہے اور اس کے تدارک کیلئے ٹیکہ ہی علاج ہے۔ پوری دنیا میں ویکسی نیشن کی مہم تیزی سے چلائی جا رہی ہےلیکن مرکزی حکومت کے غلط انتظام کی وجہ سے ہندوستان میں ویکسی نیشن کا عمل بھی معلق ہوگیا ہے۔ مہاراشٹر میں حالت یہ ہے کہ ٹیکے کی سپلائی نہ ہونے کے سبب کئی سینٹر بند کر دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ۳؍سیاہ زرعی قوانین کسانوں پر لادے گئے ہیں جس پر کسان۷؍ مہینے  سے زائد عرصے  سے احتجاج کر رہے ہیں۔ او بی سی اور مراٹھا ریزرویشن کے سلسلے میں مرکزی حکومت کو اختیارات حاصل ہیں لہٰذا ان مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر قدم اٹھائے جائیں۔
 لیڈران پیش پیش 
 ہینگنگ گارڈن ملبار ہل سے راج بھون تک سائیکل مارچ اور گورنر کو میمورنڈم دینے میں ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے، بالا صاحب تھورات، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، ریاستی وزراء ورشا گائیکواڈ، محمد اسلم شیخ، وشوجیت کدم، سنیل کیدار، امیت دیشمکھ کے علاوہ چرن سنگھ سپرا،محمد عارف نسیم خان، چندر کانت ہنڈورے اور کانگریس کے دیگر عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK