Inquilab Logo

کے ای ایم اسپتال میں متوفیوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کرتے وقت بدل گئیں ، انکوائری شروع

Updated: January 16, 2023, 11:31 AM IST | Kazim Shaikh | parel

Photo: INN
تصویر:آئی این این

 یہاں کے ای ایم اسپتال کے ملاز م کی مبینہ لاپروائی کے نتیجے میںمتوفیوںکی لاشیںورثاء کے حوالے کرتے وقت تبدیل  ہوگئیں ۔ اس کا پتہ چلنے کے  بعد اس غلطی کو درست کیا گیااور لاش اصل ورثاء کو لوٹائی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے کی  انکوائری شروع کردی گئی ہے اور قصور وارپائے جانے پر کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔   کے ای ایم اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پربتایا کہ اسپتال کے ایک ہی وارڈ میں ۲؍ مریضوں کے انتقال کے بعد ان کی لاشوں کو نشان زد کرنے کے دوران لاپروائی کے نتیجے میں ایک متوفی کے ورثاء کودوسرے متوفی کی لاش دے دی گئی۔اس کا علم اس وقت ہوا جب  ورثاء نے لاش پر ڈالے گئے کپڑے  ہٹائے ۔اس معاملے میںپولیس کی مستعدی اور مداخلت کے بعد دونوں متوفیوں کی لاشیں ان کے اصل ورثاء کو دے دی گئیں ۔ قصوروار کا پتہ لگانے کیلئےکے ای ایم  اسپتال انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ 
  کری روڈ کے رہنے والے رام ساجن جیسوال(۷۵) کو سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے  جمعرات کو کے ای ایم اسپتال  داخل کیا گیا تھا اور  جمعہ کی صبح ان کی موت ہوگئی تھی جبکہ نالاسوپارہ  میں رہائش پزیر چندرکانت گناجی جادھو(۵۷) ) کا بھی جمعہ کی صبح  انتقال ہوگیا ۔  اسپتال ملازم نے  بتایا کہ دونوں مریض ایک ہی وارڈ میں تھے اور صبح دونوں کی موت  ہوجانے پران کی لاشوں کو نرس نے ٹیگ( نمبر لگاکرنشان زد ) کیا اور مزید کارروائی کیلئے مردہ خانہ میں بھیج  دیا۔   متوفی چندر کانت گنا جی جادھو کے اہل خانہ جیسوال کی لاش لے کر چلے گئے  اور جب  رام ساجن جیسوال کے اہل خانہ لاش کا دعویٰ کرنے آئے توچہرہ دیکھ کر پہچان لیا کہ یہ ان کے رشتہ دار کی لاش نہیں ہے۔  اس کے بعد انہوں نے بھوئیواڑہ پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دی۔ بعدازیں نالاسوپارہ پولیس کو لاش بدل جانے کی اطلاع دی گئی ۔جمعہ کی رات تقریباً  ۱۰؍ بجے  دونوں کی لاشیں کے رشتہ داروں کے حوالے کر دی گئیں۔  اس سلسلے میں متوفی رام جیسوال کے  ایک رشتہ دار نے  بتایا کہ کارروائی مکمل کرنے کے بعد جب ہم لاش لینے اسپتال پہنچے تو ہم نے لاش پر ڈالا گیا کپڑا ہٹا کر دیکھا تو شک ہوا اور بعد میں دیگرافراد نے بھی اس کی تصدیق کی کہ لاش تبدیل ہوگئی ہے  ۔    اسپتال  انتظامیہ کو آگاہ کیاگیاتو معلوم ہوا کہ ہمارے رشتہ دار کی لاش غلطی سے کسی دوسرے خاندان کے حوالے کر دی گئی ہے۔  شکایت کے بعد ہمیں رات  میں اپنے رشتہ دار کی لاش دی گئی  ۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر  سنجیو کمار نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور قصورواروںپرکارروائی کی جائے گی۔   یادر ہے کہ اس سے قبل بھی اسپتال میں لاش تبدیل ہونے کا معاملہ پیش آچکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK