Inquilab Logo

یمن میں تباہ کن بمباری ، زائد از ۸۰؍ ہلاک ، عالمی مذمت

Updated: January 23, 2022, 9:39 AM IST | sanaa

جیل کو نشانہ بنایا گیا، پوری عمارت ملبے میں تبدیل، ۲۰۰؍ سے زائد زخمی، اقوام متحدہ کااظہار تشویش، فوری طورپر شفاف جانچ کا مطالبہ

Photo taken from a video provided by Houthi rebels showing the rubble of a prison building.
حوثی باغیوں کے ذریعہ فراہم کئے گئے ویڈیو سے لی گئی تصویر جس میں جیل کی عمارت کے ملبے کو دیکھا جاسکتاہے۔

: ابو ظہبی  میںڈرون حملے کے بعد مشرق وسطیٰ  میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ جمعہ کو یمن کے شہر صعدہ میں حوثی باغیوں  کے کنٹرول والے جیل پر انتہائی تباہ کن بمباری میں ۸۰؍ سے زائد افراد کے ہلاک ہونے اور سیکڑوں  کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ حوثی باغیوں نے جہاں حملے کو جنگی جرائم سے تعبیر کیا ہے تووہیں عالمی برادری نے بھی اس کی شدید مذمت کی ہے۔  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نےحملےاوراس میں ہونے والی ہلاکتوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے فوری اور منصفانہ نیز شفاف جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ 
  خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ  کے مطابق حوثی باغیوں نے دہلادینے والا ویڈیو جاری کیا ہے جس میں جیل پر حملے کے بعد ملبے میں دبی مسخ  شدہ لاشیں نظر آرہی ہیں، حملے میں صعدہ کے شمالی مرکز میں واقع جیل کی  پوری عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے۔صعدہ پر تباہ کن حملے کے ساتھ ہی ساتھ الزام ہے کہ سعودی قیادت والے  اتحادکی  فوجوں نے الحُدیدہ  کے جنوبی ساحلی قصبے میں ایک ٹیلی کمیونی کیشن سہولت کو بھی نشانہ بنایا ہے جس کی وجہ سے پورے یمن میں انٹرنیٹ خدمات کے متاثر ہونے کی اطلاعات  ہیں۔  اس  حملے میں۳؍بچے جاں بحق ہوگئے  جو   عمارت کے قریب کھیل رہے تھے۔عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت  بچے  مبینہ طور پراس وقت عمارت کے قریب موجود فٹبال گراؤنڈ میں کھیل رہے تھے۔ ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے مطابق صعدہ میں جیل پر حملے کے بعد اسپتال بھر گئے ہیں، صرف ایک اسپتال میں ہی۲۰۰؍ زخمیوں کو بھرتی کیاگیاہے۔  تنظیم  کے سربراہ احمد مہات نے  اے ایف پی کو بتایا کہ ’’فضائی حملے کے مقام پر اب بھی بہت سی لاشیں موجود ہیں اور بہت سے لوگ لاپتا ہیں۔‘‘

Yemen Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK