Inquilab Logo

 خواتین کیلئے لوکل ٹرین سروس بحال کرنے کافیصلہ

Updated: October 17, 2020, 6:00 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ریاستی حکومت نے ریلوے سے سفارش کی کہ آج سے تمام خواتین کو صبح ۱۱؍ بجے سے سہ پہر۳؍ بجے تک اور شام ۷؍ بجے سے آخری ٹرین تک لوکل ٹرینوں  میں سفر کی اجازت دی جائے، کووڈ سے متعلق احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ صلاح و مشورہ میں  مصروف ، حکومت کی سفارش کو دو ایک روز میں نافذ کرنے کی یقین دہانی۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میں  عام زندگی کو معمول پر لانے کی جانب اہم قدم بڑھاتےہوئے اور ملازمت پیشہ خواتین کو بڑی راحت دیتے ہوئے ریاستی حکومت نے پونے ۷؍ ماہ سے عام مسافروں کیلئے بند لوکل ٹرینوں میں   تمام خاتون مسافروں کو طے شدہ اوقات میں   سفر کی اجازت دیدی ہے۔ اُدھو سرکار نے ریلوے انتظامیہ کو بھیجے گئے مکتوب میں   کہا ہے کہ وہ سنیچر ۱۷؍ اکتوبر سے تمام خاتون مسافروں  کو طے شدہ اوقات میں   لوکل ٹرینوں   میں  سفر کی اجازت دے تاہم ریلوے حکام نے ریاستی حکومت کی اس سفارش پر دو ایک دن میں   عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
 ریلوے حکام کو ریاستی حکومت کا مکتوب
  ریاستی حکومت نے ریلوے حکام کو بھیجے گئے مکتوب میں  اطلاع دی ہے کہ اس کی جانب سے ۱۷؍ اکتوبر سے تمام خاتون مسافروں کو جن کی تعداد۱۵؍ لاکھ سے زائد ہے ،لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ حکومت نے ریل حکام سے اس ضمن میں  ضروری اقدامات کی سفارش کی ہے۔
 کیو آر کوڈ ضروری نہیں  ، عام ٹکٹ کافی
 یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ خاتون مسافروں کو بغیر کیو آر کوڈ یا کسی دوسری شرط کے عام دنوں کی طرح سفر کی اجازت دی جائے۔ریاستی حکومت نے اپنی جانب سے مکتوب میں وقت کا تعین بھی کیا ہے اور لکھا ہے کہ صبح۱۱؍ بجے سے سہ پہر ۳؍ بجے تک جبکہ شام کو۷؍ بجے سے آخری ٹرین تک خواتین کو سفر کی اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ اس وقت ریلوے میں صرف وہ مردو خواتین ہی سفر کررہی ہیں جو لازمی خدمات شعبے میں  کام کرتی ہیں ۔ ان کیلئے خاص کیو آر کوڈ جاری کیا گیا ہے۔
خاتون مسافروں  کو ۲؍ ایک روز کا انتظار
  ایسا‌ لگتا ہے کہ حکومت کے فیصلے کے بعد بھی عام خاتون مسافروں کو سفر کی اجازت ملنے میں ایک دو دن لگیں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کووڈ کے حالات کے سبب اور خاتون مسافروں کی تعداد کے پیش نظر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ واضح ہوکہ لوکل ٹرینیں چلانے کے سلسلے میں ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ہمیشہ یہی کہا گیا کہ ہم ٹرینیں چلانے کے لئے ہر طرح سے تیار ہیں صرف ہمیں ریاستی حکومت کے حکم کا انتظار ہے۔
 پہلے دعویٰ ، اب وقت درکار
  ریلوے کے ہر طرح سے تیار ہونے کے مذکورہ دعوؤں  کے بیچ جمعہ کو جب ریاستی حکومت نے سنیچر سے خواتین کو ٹرینوں  میں  سفر کی اجازت دیدی تو محکمہ ریل میں افراتفری سے مچ گئی۔ ریلوے بورڈ کی جانب سے مہاراشٹر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور راحت اور باز آبادکاری سکریٹری کشورے راجے نمبالکر کو جوابی خط لکھا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ریاستی حکومت اور ریلوے انتظامیہ کے مابین صلاح و مشورے کی ضرورت ہے۔ 
 خدمات کی بحالی سے قبل کیا دیکھنا ضروری ہے
 باہمی مشورے میں اول یہ دیکھا جائے کہ خواتین مسافروں کی مجموعی تعداد کتنی ہوسکتی ہے۔ دوسرے یہ کہ ان کی نگرانی کے لئے اسٹیشنوں پر کس قدر عملہ کی ضرورت ہوگی۔ تیسرے یہ کہ کتنی لوکل سروسیز درکار ہوں گی۔ اور چوتھے یہ کہ کووڈ۱۹؍ سے متعلق دوران سفر احتیاط اور ہدایات پر عمل کرانے کیلئے کس طرح کی پابندی لازمی ہوگی۔ ریلوے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ چند‌ چیزیں طے ہوجانے اور اس پر ایک رائے ہوجانے کے بعد خاتون مسافروں کے لئے لوکل ٹرینیں چلانا قطعی مشکل نہیں ہوگا۔‌اس لئے بھی کہ خاتون ‌مسافروں کی سہولت کے ساتھ ان کا‌تحفظ کہیں زیادہ اہم ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK