Inquilab Logo

افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء کا فیصلہ جلد بازی ہے

Updated: November 23, 2020, 12:42 PM IST | Agency | Kabul

عبداللہ عبداللہ کے مطابق ملک میں حالات بہتر ہونے کے ساتھ امریکی فوجیوں کا انخلا ءہونا چا ہئے

Abdullah Abdullah - Pic : INN
عبداللہ عبداللہ ۔ تصویر : آئی این این

افغانستان میںقومی مفاہمت کے اعلیٰ کونسل کے چیئرمین اور امن عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ کابل سے امریکی فوجیوں کی واپسی شروع کرنے کا فیصلہ بہت جلد بازی میں سامنے آیا جبکہ ملک بدستور امن اور سلامتی کے حصول  کیلئے جدوجہد کر رہا ہے۔ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد ساڑھے ۴؍ہزار سے کم کرکےڈھائی ہزارکرنے سے متعلق فیصلے پر عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ یہ امریکی انتظامیہ کا فیصلہ ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں ۔ ہماری ترجیح یہ ہے کہ حالات بہتر ہونے کے ساتھ  امریکی فوجیوں کا انخلا ہونا چا ہئے۔
  واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ افغانستان  اور عراق سے امریکی فوج کے انخلاء کے مصر ہیں۔  حال یہ میں قائم مقام امریکی وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن جنوری کے وسط تک عراق اور افغانستان میں موجود فوجیوں کو کم کردے گا۔
 افغان حکام نے خدشات کا اظہار کیا کہ امریکی فوجیوں کی تیزی سے کمی سے  خطے میں تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔افغان امن عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ  کا کہنا ہے کہ طالبان ہماری مرضی کے مطابق نہیں چلیں گے لیکن انہوں نے اس بات کا خیر مقدم کیا کہ ڈھائی ہزار امریکی فوجیوں کے ساتھ نیٹو بھی اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔
  عبداللہ عبداللہ نے آسٹریلوی فوجیوں کے ہاتھوں ۳۹؍ افغان قیدیوں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ کو ’چونکا دینے والے حقائق‘ قرار دیااور آسٹریلوی حکام کی جانب سے مجرموں کی نشاندہی سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ایسےگھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا وعدہ کیا گیا ہے، اس سے یقیناً ا یسے جرائم کو روکنے میں مدد ملے گی۔
 واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات آسٹریلیا کی فورسیز کی۴؍ سالہ تفتیشی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ سینیئر کمانڈرز کے جبری احکامات پر جونیئر سپاہیوں نے ۳۹؍ غیر مسلح قیدی اور افغان شہریوں کو قتل کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK