Inquilab Logo

سرکار کی آمدنی میں گراوٹ ، جی ایس ٹی میں کمی

Updated: July 07, 2021, 2:50 PM IST | Agency | New Delhi

جون میں جی ایس ٹی کی وصولی ۹۲؍ ہزار ۸۴۹؍ کروڑ روپے ہی رہی ، ۹؍ ماہ بعد جی ایس ٹی کلیکشن ایک لاکھ کروڑ روپے سے کم رہا، حکومت کو بہتری کی امید تھی لیکن معاشی سرگرمیوں کے رفتار نہ پکڑنے کی وجہ سےٹیکس کلیکشن کم ہوا، اب وصولی کو بہتر بنانے کا ہدف

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ریاستوں کی طرف سے سخت لاک ڈائون لگائے جانے کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیوں کے متاثر ہونے سے جی ایس ٹی ریوینیو کلیکشن پر بھی اثر پڑا ہے۔ اس برس جون مہینے کے لئے ۵؍ جولائی تک کل  ملاکر صرف ۹۲؍ ہزار ۸۴۹؍ کروڑ روپے کا جی ایس ٹی ریونیو کلیکشن  ہوا جو گزشتہ نو مہینے میں سب سے کم ہے۔کورونا کی پہلی لہر کے بعد ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں آرہی تیزی کے ساتھ ہی جی ایس ٹی ریونیو کلیکشن میں بھی تیزی کا رجحان جاری تھا جس سے گزشتہ آٹھ مہینے مسلسل جی ایس ٹی ریوینیو کلیکشن ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہا تھا لیکن جون مہینے میں اس میں گراوٹ آئی ہے۔ حالانکہ اب بھی گزشتہ برس جون میں ہوئے جی ایس ٹی ریوینیو کلیکشن کے مقابلہ میں اس بار۲؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔  اب جولائی مہینے سے پھر اس ریوینیو میں اضافہ ہونے کی امید کی جارہی ہے کیونکہ ملک کی بیشتر ریاستوں نے کورونا کی وجہ سے نافذ سخت  لاک ڈائون میں نرمی کی ہے اور اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آنے لگی ہے۔اکتوبر۲۰۲۰ء سے مسلسل جی ایس ٹی ریونیو کلیکشن ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہا ہے۔ اکتوبر۲۰۲۰ء میںایک لاکھ ۵؍ ہزار کروڑ  روپے، نومبر۲۰۲۰ء میںایک لاکھ ۴؍ ہزار کروڑ روپے ، دسمبر۲۰۲۰ء میںایک لاکھ ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے اور اس برس جنوری میںایک لاکھ ۱۹؍ ہزار کروڑ روپے، فروری میں ایک لاکھ ۴۳؍ہزارکروڑ روپے، مارچ میں ایک لاکھ ۲۳؍ ہزار کر وڑ روپے  جی ایس ٹی کلیکشن حاصل ہوا تھا ۔  اس برس اپریل میں یہ رقم ا ب تک کا  ریکارڈ یعنی ایک لاکھ ۴۱؍ ہزار ۳۸۴؍ کروڑ روپے رہی تھی جبکہ مئی میں اس کلیکشن میں کمی آنا شروع ہوئی اور  یہ رقم ایک لاکھ ۲؍ ہزار کروڑ روپے رہی۔ اس کمی کی  وجہ اپریل میں پورے ملک میں لاک ڈائون جیسی پابندیوں کے نافذ ہونے کو قرار دیا جارہا ہے۔  اس سلسلے میںوزارت خزانہ کی طرف سے  یہاں جاری جی ایس ٹی ریوینیو کلیکشن کے اعدادوشمار کے مطابق جون مہینے کے لئے پانچ جون سے پانچ جولائی تک ریوینیو کلیکشن میں سی جی ایس ٹی ۱۶؍ ہزار ۴۲۴؍کروڑ روپے، ایس جی ایس ٹی ۲۰؍ ہزار ۳۹۷؍کروڑ روپے، آئی جی ایس ٹی۴۹۰؍ کروڑ کروڑ روپے کے طور پر جمع ہوئے جبکہ ۶؍ ہزار ۹۴۹؍ کروڑ روپے معاوضہ سیس کے طور پر حاصل ہوئے ہیں۔ آئی جی ایس ٹی میں ۲۵؍ ہزار ۷۶۲؍کروڑ روپے اور معاوضہ سیس میں ۸۰۹؍کروڑ روپے درآمد شدہ اشیا ءپر جمع ٹیکس شامل ہیں۔حکومت نے آئی جی ایس ٹی ریوینیو میں سے۱۹؍ ہزار ۲۸۶؍کروڑ روپے سی جی ایس ٹی میں اور۱۶؍ ہزار ۹۳۹؍کروڑ روپے ایس جی ایس ٹی  میں منتقل کئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت مالیات کا کہنا ہے کہ  لاک ڈائون میں نرمی دیتے ہی ملک میں دوبرہ معاشی سرگرمیاں بہتر ہوئی ہیں۔ حالانکہ ان کی رفتارابھی پوری طرح سے واپس نہیں آئی ہے لیکن یہ مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ وزارت کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں جی ایس ٹی کے تحت ۵ء۵؍ کروڑ ای وے بل جنریٹ ہوئے ہیں۔ وزارت کے مطابق یہ تعداد  اپریل یا مارچ کے مقابلے میں ۳۰؍ فیصد کم ہے لیکن انداز ہ لگاسکتے ہیں کہ اس دوران بھی ٹرانسپورٹ پوری طرح سے جاری رہا ۔کچھ ریاستوں میں پابندیاں ضرور تھیں  معاشی سرگرمیوں کی رفتاری بڑی حد تک برقرار تھی جس سے صرف ۳۰؍ فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK