Inquilab Logo

دہلی فساد: چارج شیٹ میں  پرشانت بھوشن اور سلمان خورشید کا بھی نام

Updated: September 24, 2020, 9:03 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

کپل مشرا سے بھی پوچھ تاچھ کا ذکر، بی جےپی لیڈر نے تقریر کرنے یا دھمکی دینے کی تردید کی، اپنے الٹی میٹم کو محض اعلان قرار دیا

Salman Khurshid - Pic : INN
سلمان خورشید ۔ تصویر : آئی این این

دہلی فساد کے ایک کیس کی چارج شیٹ میں معروف وکیل اور حقوق انسانی کے علمبردار پرشانت بھوشن  نیز کانگریس کے لیڈر سلمان خورشید کا نام بھی شامل کیاگیاہے۔ ایف آئی آر نمبر۵۹/۲۰۲۰؍ جو دہلی کرائم برانچ نے درج کی تھی اور جس میں پرشانت بھوشن نیز سلمان خورشید کا نام شامل کیاگیا  ہے، اس میں طلبہ، سماجی کارکنان اور عام آدمی پارٹی کے معطل کونسلر طاہر حسین پر فساد کی سازش رچنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 
  ہفنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس کیس کے دو ملزمین کانگریس کی سابق کونسلر عشرت جہاں اور سماجی کارکن خالد سیفی   کے ’’انکشافی بیانات‘‘ میں سلمان خورشید اور پرشانت بھوشن کا تذکرہ ہے۔ قانونی طور پر چارج شیٹ میں محض نام آجانے سے  وہ ملزم نہیں بن جاتے مگر وکیلوں کے مطابق اس سے آئندہ پوچھ تاچھ کے دروازے کھل سکتےہیں۔ تعزیرات ہند کی دفعہ ۱۲۰(بی) کے تحت مستقبل میں انہیں فساد کی سازش کے ملزمین  میں بھی شامل کیا جاسکتاہے۔  خالد سیفی اور عشرت جہاں سے منسوب   بیان کے مطابق پرشانت بھوشن اور سلمان خورشید نے کھجوری  علاقے میں   سی اے اے مخالف مظاہرہ میں اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں۔   

 دہلی پولیس نے چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فساد کی سازش رچنے اوراسے انجام تک پہنچانے کیلئے ۱ء۶؍ کروڑ روپے ملے ہیں۔ چارج شیٹ کے مطابق’’جانچ  میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یکم دسمبر ۲۰۱۹ء سے ۲۶؍ فروری ۲۰۲۰ء  کے درمیان ایک کروڑ ۶۱؍ لاکھ ۳۳؍ ہزار ۷۰۳؍  روپے عشرت جہاں، خالد سیفی، طاہر حسین، شفاء الرحمٰن اور میراں حیدر کو بینک کھاتوں میں یا نقد موصول ہوئےہیں۔ اس میں  سے ایک کروڑ ۴۸؍ لاکھ ایک ہزار ۱۸۶؍ روپے نکالے گئے جنہیں مظاہروںکے نظم ونسق اور فساد کیلئے استعمال کیاگیا۔‘‘ پولیس نے  بینک کھاتوں  میں  بھیجی گئی رقم کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK