Inquilab Logo

دیونار قبرستان کیلئے سرکاری پلاٹ فراہم کرنے کامطالبہ

Updated: August 07, 2021, 2:36 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

عدالت پہلے ہی حکومت کو تدفین میں ہونے والی دشواریوں کو دور کرنے کی غرض سے جگہ فراہم کرنے کی ہدایت دے چکی ہے جبکہ میونسپل کمشنر بھی ٹرانزٹ کیمپ میں موجود جگہ قبرستان کو الاٹ کرنے کی سفارش کر چکے ہیں، قبرستان کے ٹرسٹ کا اس پر فوری کارروائی کی مانگ

Trust members showing a copy of the demands.Picture:Inquilab
ٹرسٹ کے اراکین مطالبات کی کاپی دکھاتے ہوئے ۔ (تصویر : انقلاب)

دیونار قبرستان میںجگہ کم ہونے اورمیت کی تدفین کے لئے دشواری کا مسئلہ ایک سے زائدمرتبہ سرخیوں میںآچکاہے۔ اسی کو حل کرنے کیلئے اب ٹرسٹیان اور مقامی فعال نوجوانوں کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیں  اوراس کا کچھ اثر بھی دکھائی دے رہا ہے ۔ واضح رہے کہ  یہاں کورونا وائرس  کی شدت کے وقت کثرت سے ہونے والی اموات کے سبب لوگوں کو  اپنے عزیز واقارب کی تدفین کے لئے بڑے مسائل کا سامناکرنا پڑا تھا ۔
 اسی سلسلے میں جمعہ کو مراٹھی پترکار سنگھ میںدیونار قبرستان کے ٹرسٹی عبدالرحمٰن  عرف منا ، ابرار احمد چودھری، ایڈوکیٹ شمشیر احمد،حنا اور سلیم خطیب کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس میںبھی اسی مسئلے کونمایاں کرتے ہوئے حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیاکہ اب مزیدانتظار نہ کیا جائے بلکہ جلد ازجلد مزید جگہ قبرستان ٹرسٹ کوالاٹ کی جائے تاکہ علاقے میں تدفین کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوسکے ۔ پریس کانفرنس کے دوران مطالبات پر مبنی کاپی بھی میڈیا کے نمائندوں کودکھائی گئی ۔اس معاملے میںپیش پیش رہنے والے ایڈوکیٹ الطاف خان مصروفیت کے سبب نہیں پہنچ سکے تھے۔
  یاد رہے کہ اس سلسلے میںمفاد عامہ کی عرضی بھی مئی میںداخل کی گئی تھی جس پرہائی کورٹ نے بی ایم سی کوہدایت دی تھی کہ جلد سے جلد یہ مسئلہ حل کیاجائےتاکہ لوگوں کو تدفین میں دشواری نہ ہو۔اس کےبعد میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے ہائی کورٹ کی ہدایت کی بنیاد پرریاستی حکومت سے سفارش کی کہ دیونار قبرستان کے قریب ٹرانزٹ کیمپ جہاں ان دنوںایس آراے پروجیکٹ پر تعمیراتی کام چل رہا ہے ،اس کی ۳۴۰۰؍اسکوائر میٹر زمین جو تقریباً۳۷؍ہزاراسکو ائر فٹ ہوتی ہے، دیونار قبرستان کو دینے کا حکم جاری کیا جائے تاکہ میت کی تدفین میںکسی قدر آسانی ہوسکے ۔
 کانفرنس کے دوران صحافیوں کویہ بھی بتایاگیا کہ ڈمپنگ گراؤنڈ کے ایک حصے میں ۴؍ایکڑزمین قبرستان کے لئے ریزرو کی گئی ہے۔ اس پر حکومت سے کہا گیا  ہے کہ چونکہ وہاںڈمپنگ گراؤنڈ ہے اورکچراصاف کرنے میں ہی کروڑوں روپے لگ جائیںگے اس لئے اس کے بجائے پارکنگ گراؤنڈ، اے ٹو گراؤنڈاورمنڈالا ٹرانزٹ کیمپ میںسے کسی ایک جگہ متبادل نظم کیا جائے ۔
جگہ الاٹ کرنے کے لئے کیا مطالبات کئے گئے 
 پریس کانفرنس کے دوران حکومت سے مختلف مطالبات کئےگئے جن میں سے اہم یہ ہے کہ  شمشان بھومی ، عیسائی قبرستان  اورمسلم قبرستان کےنظام کوڈیجیٹیلائز کیاجائے تاکہ آن لائن یہ معلوم ہوسکے کہ یومیہ کتنی لاشیں یہاں  دفن کی جارہی ہیںاور کتنی جلائی جارہی ہیں۔دوسرے جن قبرستانوںمیںزمین کی کمی ہو ،اس کے لئے اضافی جگہ مہیا کروائی جائے ۔تیسرے مسلم قبرستان کے لئے ۴۶؍مختص پلاٹ سمیت جوبھی زمین شمشان بھومی اورعیسائی قبرستان  کےلئے ریزروہیں،ان کو  جلد از جلد کام میں لایا جائے ۔ حکومت ان مطالبات پرسنجیدگی سے غور کرے تاکہ آخری رسو م کےلئے اہل خانہ کودشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا۔ 

deonar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK