Inquilab Logo

میرابھائندر میں بھی ۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ والے مکانات کا پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ

Updated: January 08, 2022, 9:12 AM IST | sajid Shaikh | Mumbai

عوامی نمائندوں نے ممبئی کے طرز پر میرا بھائندر میں بھی اس زمرے میں آنے والے مکانات کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست کی

mira bhayandar municipal corporation
میرابھائندر میونسپل کارپوریشن

 : حکومت مہاراشٹر نے ممبئی شہر میں ۵۰۰ ؍ اسکوائر فٹ کے مکان والوں کو بڑی راحت دیتے  ہوئےان کا سالانہ پراپرٹی ٹیکس معاف کر دیا ہے ۔ ممبئی والوں کو ملی اس راحت سے میرابھائندر میں بھی ممبئی کے طرز پر۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ کے مکانات کو پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ شروع کردیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اپنے اجلاس میں قرارداد منظور کرکے ریاستی حکومت کے پاس منظوری کے لئے بھیجا تھا جس کو حکومت مہاراشٹر نے منظور کرتے ہوئے ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی حدود میں ۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ کے مکان کا پراپرٹی ٹیکس معاف کر دیا ہے۔
  میرابھائندر اسمبلی حلقہ کی ایم ایل اے گیتا جین نے ریاستی حکومت کو خط لکھ کر میرابھائندر  میونسپل کارپوریشن کے ۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ کے فلیٹ پر پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے کی درخواست کی ہے۔ شیوسینا کے ایک اور ایم ایل اے پرتاپ سرنائک نے میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی میئر کو اس بابت خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں ۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ کے مکانات کے پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے کی تجویز منظور ہوتی ہے تو وہ ریاستی حکومت سے اس کو منظور کروانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔
  سابق ایم ایل سی اور میرابھائندر کے قدآور سیاسی رہنما سید مظفر حسین نے ریاستی حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی سرکار نے ممبئی،نوی ممبئی اور تھانے میونسپل کارپوریشن کے ۵۰۰ ؍ اسکوائر فٹ کے مکانات میں رہنے والوں کو سہولت دی اور ان مکانات کو پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ ہم حکومت کے اس فیصلے کا استقبال کرتے ہیں ساتھ ہی ساتھ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے سے میری گزارش ہے کہ ایم ایم آر ڈی اے کے زیر انتظام آنے والی وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن،میرابھائندر میونسپل کارپوریشن،بھیونڈی میونسپل کارپوریشن اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے۵۰۰؍ اسکوائر فٹ کے مکانات کو بھی پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ رکھتے ہوئے ان کا ٹیکس بھی معاف کیا جائے کیونکہ ان علاقوں میں اوسط آمدنی اور اوسط آمدنی سے کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد رہتے ہیں ۔ کورونا وائرس کی وباء میں سب سے زیادہ اسی طبقہ نے تکالیف اٹھائی ہیں لہٰذا ہماری ریاستی حکومت سے گزارش ہے کہ وہ ان کارپوریشن میں ۵۰۰ ؍اسکوائر فٹ کے مکان مالکان کو بھی راحت دی جائے اور ان کا بھی پراپرٹی ٹیکس معاف کیا جائے۔

mira road Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK