Inquilab Logo

لبیک کی بلند صداؤں کے بیچ ممبئی سے عازمین حج کے قافلے کی روانگی

Updated: June 19, 2022, 10:09 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

جہازوں کے پہلےقافلے میں۸۲۰؍ عازمین روانہ ہوئے، عازمین کے لئے ایئرپورٹ پر استقبالیہ پہلے جہاز کی روانگی کےبعدمنعقد کیا گیا ۔مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے عازمین سے امن و سلامتی اور ملک کی ترقی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے دعا کی درخواست کی،فوج میں بھرتی کے لئے اگنی پتھ اسکیم کو روشن مستقبل کی ضمانت کا راستہ بتایا

Union Minister Mukhtar Abbas Naqvi can be seen offering good wishes to the pilgrims with flowers (PTI)
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی عازمین حج کو پھولوں کے ساتھ نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں(پی ٹی آئی)

 لبیک اللہم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کیلئےممبئی سے عازمین حج کاپہلا قافلہ ۲؍ جہازوں میںروانہ ہوا۔یہ جہاز ۴۱۰؍ ۴۱۰؍عازمین کی گنجائش والے تھے۔عازمین کےایئرپورٹ پہنچنے کے سبب ایئرپورٹ کی رونق دوبالا ہوگئی تھی۔ احرام کی چادریں اوڑھے اللہ کے یہ مہمان ضابطوںکی خانہ پُر ی میںمصروف نظرآئے ۔اہل خانہ بھی عازمین سےمعانقہ کرتے ،ان کی پیشانی چومتے اوردعا کی درخواست کرتے دکھائی دیئے،ان میںسے کئی ایسے تھے جن کی خوشی کے سبب آنکھیں چھلک پڑی تھیں۔ ۱۸؍ جون کو عازمین کا پہلاجہاز رات میں۲؍بجکر ۵؍منٹ پر اوردوسراجہاز شام کو۵؍بجکر ۱۵؍ منٹ ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سےپرروانہ ہوئے۔
 عازمین کی رہنمائی اوران کی مدد کے لئے حج کمیٹی کا عملہ اورہمیشہ کی طرح دیگر لوگ خدمت کے لئے موجود تھے۔ہرسال عازمین کی روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر استقبالیہ پروگرام کا انعقادکیا جاتا ہے۔ وہ پروگرام اس دفعہ بھی منعقد کیا گیا لیکن اس دفعہ فرق یہ تھا کہ پہلا جہاز روانہ ہونے کےبعد استقبالیہ پروگرام منعقد ہوا ۔
بہتر انتظام اورحج مبرور کی دعا کی 
 ایئرپورٹ پرمنعقدہ استقبالیہ پروگرا م کے دوران مرکزی وزیرمختار عباس نقوی نے کہاکہ’’ کووڈ سےپیدا شدہ حالات کے باوجود ہمیشہ کی طرح کوشش یہی کی گئی ہےکہ عازمین کوبہتر سہولتیںمیسر ہوں، وہ آسانی کےساتھ حج کی ادائیگی کرسکیں،چنانچہ اس میںاس دفعہ بھی کامیابی ملی ہے ۔ اس کے ساتھ ہماری یہ درخواست ہے کہ عازمین امن و سلامتی اورملک کی ترقی اوربھائی چارہ کےلئے دعا کریں۔‘‘
 سعودی قونصل جنرل نے بھی حج مبرور کی دعا کی اور یہ بتایاکہ ’’کووڈ کے مشکل حالات کےباوجود سعودی حکومت جوکہ اللہ کے مہمانوں کیلئےخود کووقف کئے ہوئے ہے، ا س مشکل وقت میں بھی اسی عمل میںمصروف ہے کہ حجاج کوبہتراز بہترسہولت میسر آئے ۔‘‘
 حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین عبدالرحمٰن کٹّی نےکہا کہ ’’ حج کمیٹی کی جانب سے سعودی حکومت کی گائیڈ لائن کوپیش نظررکھتے ہوئے تیاری کروائی گئی ۔ اس دفعہ کوٹہ کم ملااس کےباوجود درخواست دینے والوں کی تعدادکوٹہ سے کہیںزیادہ تھی ۔ اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ اس اہم فریضے کی ادائیگی کےلئے لوگوں میںکس قدر جوش ہے اوروہ اپنی باری کے منتظر ہیں۔‘‘ استقبالیہ پروگرام میںحج کمیٹی کے افسران  کے ساتھ پی ٹی اوکے اراکین ، ریاستی حج کمیٹی کے عہدیداران اورکارکنان ، عازمین کی خدمت کرنے والے سوشل ورکرس اورحاجی محمدابراہیم عرف بھائی جان کی تنظیم لبیک کے عہدیداران اورکارکنان موجود تھے۔
’اگنی پتھ‘ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت کا ’پتھ‘ ہے
 ایئرپورٹ پرعازمین کےلئے منعقدہ استقبالیہ پروگرام کےبعد مرکزی وزیرمختار عباس نقوی نے صحافیو ں کے سوالوں کے جوابات دیئے۔انہوںنے فوج میںبھرتی کی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم پرصفائی دیتے ہوئے کہا کہ ’’مودی حکومت دیش کے لئے سمرپِت ہے اوراگنی پتھ پر جو تشدد ہوا ہے وہ اپوزیشن جماعتوںکے ورغلانے کے سبب ہوا ہےورنہ اگنی پتھ اسکیم کی سچائی یہ ہےکہ یہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت کا پتھ ہے،اسے انہیںسمجھنا چاہئے۔‘‘  انہوںنےپُرتشدد مظاہرہ کرنے والے نوجوانو ںکا یہ کہتے ہوئے دفاع کیا کہ ’’یہ ہمارے دیش کے نوجوان ہیں،سچے دیش بھکت ہیں، ان کے اندر کوٹ کوٹ کر دیش بھکتی بھری ہوئی ہے ،وہ غنڈے اورآتنک وادی نہیں ہوسکتے،بس انہیںبہکادیا گیا ہے ۔ اس کےساتھ ہی یہ بھی سچائی ہے کہ ہم شاید اس اسکیم کی خوبیو ں کو اس انداز میںسمجھا نہیںسکے ہیںجیسا کہ سمجھانا چاہئے تھا۔ ‘‘ 

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK