اہل خانہ نے کہا : علاج کا اثر ہورہا ہے اور وہ ٹھیک ہورہے ہیں۔ جھوٹی خبریں پھیلانے پر ناراضگی ظاہر کی۔
بریچ کینڈی اسپتال کے باہر میڈیا کے نمائندے نظر آرہے ہیں۔ تصویر:شاداب خان
معروف اداکار دھرمیندر کے تعلق سے ان کے اہلِ خانہ نے منگل کو بیان دیا ہے کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور انہیں ڈاکٹروں کی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
منگل کو دھرمیندر کی اہلیہ اور بی جے پی لیڈر ہیما مالینی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان کے ذریعہ ان تمام بڑے میڈیا ہائوس پر برہمی کا اظہار کیا جنہوں نے بغیر تصدیق کئے دھرمیندر کے انتقال کی خبر چلا دی تھی۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر تحریر کیا کہ ’’جو کچھ ہورہا ہے، وہ ناقابل معافی ہے۔ ذمہ دار چینل ایک ایسے شخص کے تعلق سے جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جس پر علاج کا اثر ہورہا ہے اور جو ٹھیک ہورہا ہے؟ یہ انتہائی بے غیرتی اور غیرذمہ دارانہ عمل ہے۔ برائے مہربانی اس خاندان کا احترام کیجئے اور اس وقت انہیں تنہائی کی جو ضرورت ہے، اس کو سمجھئے۔
دھرمیندر کے بیٹے سنی دیول اور بیٹی ایشا دیول نے بھی اپنے طور پر اپنے والد کی طبیعت ٹھیک ہونے اور ان کے تعلق سے غلط خبریں نہ پھیلانے کی درخواست کی۔سنی دیول کی جانب سے کہا گیا کہ ان کی طبیعت کے تعلق سے کوئی بات بتانے جیسی ہوگی تو بتائی جائے گی اور انہوں نے سب سےاپنے والدکے صحت یاب ہونے کیلئے دعائوں کی بھی درخواست کی۔
واضح رہے کہ بیماری کی خبر عام ہونے پر پیر کی شب بالی ووڈ اسٹار سلمان خان، عامر خان، گووندہ اور دیگر کئی فلمی شخصیات دھرمیندر کی عیادت کیلئے بریچ کینڈی اسپتال پہنچی تھی جبکہ وہاں ان کے مداح بھی موجود ہیں۔