Inquilab Logo

کوارینٹائن سینٹر کے قیام کے سبب متعدد اسکول کے شروع ہونےمیں دشواری

Updated: October 16, 2021, 7:45 AM IST | saadat khan | Mumbai

۱۲؍دنوںبعد بھی ۷۹؍ اسکول شروع نہیں ہوسکےہیں، کچھ اسکولوں میں قیدیوںکو رکھے جانے سے طلبہ کو دیگر اسکولوںمیں منتقل کیاگیاجہاں ناکافی جگہ کے سبب طلبہ اوراساتذہ کو پریشانیو ں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

The detention of prisoners in some schools led to the transfer of students to other schools.picture:Inquilab
کچھ اسکولوں میں قیدیوںکو رکھے جانے سے طلبہ کو دیگر اسکولوںمیں منتقل کیاگیا تصویر انقلاب

ممبئی اور مضافات میں اسکول شروع ہوئے ۱۲؍دن گزرچکے ہیں اس کے باوجود بی ایم سی کے ۷۹؍ اسکول اب بھی شروع نہیں ہو سکے ہیں کیونکہ ان اسکولوں میں جاری ویکسی نیشن اور کوارینٹائن سینٹروںکو ابھی منتقل نہیں کیاگیاہے ۔ ان میں کچھ اسکول ایسےبھی ہیں جن کا تعمیراتی کام جاری ہے جس کی وجہ سے ان اسکولوں کے طلبہ آف لائن پڑھائی سےمحروم ہیں۔ اسی طرح کچھ اسکول ایسے ہیں جن میں کوروناوائرس کی وباء کے دوران جیل کے قیدیوںکو منتقل کیاگیاتھا۔ ان اسکولوںمیں اب بھی قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔  بائیکلہ اور آرتھر روڈ جیل کے تقریباً ۳۰۰؍ قیدی اب بھی ان اسکولوںمیں رہ رہے ہیں۔انہیں بھی یہاں سے منتقل کرنےکی کارروائی جاری ہے۔
 واضح رہےکہ شہری علاقوںمیں ۸؍ویں تا ۱۲؍  ویں جماعت کے اسکول اور جونیئر کالج شروع کئے گئے ہیں۔ ان جماعتوں کی بی ایم سی کے ۸۶۷؍اسکولوںمیں سے ۷۸۸؍ اسکول شروع ہوچکے ہیںجبکہ ۷۹؍اسکولوںمیں ویکسی نیشن اور کوارینٹائن سینٹر اور چند اسکولوںکا تعمیراتی کام جاری ہونے سے ان اسکولوں کو شروع نہیں کیا جا سکاہے۔ ان اسکولوںکا تعمیراتی کام لاک ڈائون کے دوران شروع کیاگیاتھا جو اب بھی مکمل نہیں ہوسکاہے ۔
  بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے موصو لہ اعداد وشمار کے مطابق جمعرات کو ۸؍ویں تا ۱۰؍ ویں جماعت کے ۸۶۷؍اسکول میں زیر تعلیم ۷۱؍  ہزار ۷۸۳؍ طلبہ میں سے ۲۴؍ہزار ۲۳؍ طلبہ اسکول میں حاضر رہے جبکہ دیگر طلبہ نے آن لائن کلاس سے استفادہ کیا۔ 
  بی ایم سی کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایاکہ ’’شہر کے متعدد علاقوں بالخصوص جھوپڑپٹی میں بی ایم سی اسکول میں ہی ویکسی نیشن اورکوارینٹائن سینٹر قائم کئے گئے تھے۔ ان سینٹروںکو فوری طور پر کہیں منتقل کرنا آسان نہیں ہے  اس لئے پریشانی ہورہی ہے ۔ ان علاقوںمیں کھلی جگہ کی تلاش جاری ہے جگہ ملتے ہی ان سینٹروںکو منتقل کر دیا جائے گا تاکہ ان سینٹروںکی عمارت میں دوبارہ اسکول شروع ہوسکے۔‘‘
   اسی طرح کچھ اسکول ایسے بھی ہیں جن میں کوروناوائرس کی وباء کےدوران جیل کے قیدیوںکو منتقل کیاگیاتھا۔ ان اسکولوںمیں ابھی بھی قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ ان اسکولوں سے قیدیوںکو منتقل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ کووڈ کے دوران قیدیوں کیلئے ان اسکولوں کو کوارینٹائن سینٹر کے طورپر استعمال کیاگیاتھا۔  آف لائن اسکول شروع کئے جانےکے فیصلہ کےبعد ان اسکول سے قیدیوں کو منتقل کرنے کیلئے متبادل جگہ کی تلاش کی جارہی ہے۔ اسکولوں میں واقع کوارینٹائن سینٹروں میں  بائیکلہ اور آرتھر روڈ جیل کے قیدیوں کے تقریبا ً ۳۰۰؍قیدی  ہیں۔ 
 بائیکلہ کی ۲؍بی ایم سی اسکول کو کوارینٹائن سینٹر کے طورپرابھی بھی استعمال کیاجارہاہے۔ جیل حکام نے اس کی تصدیق کی ہےکہ ہمیں اسکول خالی کرنے کیلئے کہاگیاہے ۔ ہم نے بی ایم سی حکام سے بات چیت کی ہے اور جگہ کی تلاش جاری ہے ۔ متبادل جگہ ملتے ہی ہم اسکول خالی کردیں گے۔ بی ایم سی سے بھی ہم نے اپیل کی ہےکہ اگر کوئی متبادل جگہ ہوتو بتائیں ۔ 
 بائیکلہ کے ایک اسکول جس میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے قیدی رہ رہےہیں  اس اسکول میں ۸؍میڈیم کے تقریباً ۲؍ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ اسکول میں قیدیوںکے ہونے سے ان طلبہ کو دیگر اسکول میں منتقل کیاگیاہے مگر جس اسکول میں منتقل کیاگیاہے وہاںبھی طلبہ کی اچھی خاصی تعداد ہونے سے متذکرہ اسکول کے طلبہ اور اساتذہ کو پریشانی ہورہی ہے ۔ یہاں کے طلبہ کو صرف ۳؍ کمرے دیئے گئے ہیں جو طلبہ کی تعداد کے  حساب سے ناکافی ہیں۔
  ایڈیشنل میونسپل کمشنر سریش کاکانی نے اپنے بیان میں کہاہےکہ ’’اگر جیل حکام یا کلکٹر کسی عمارت میں قیدیوںکو منتقل کرتےہیں تو بی ایم سی صرف کوارینٹائن کی سہولیات فراہم کرنےکی ذمہ داری قبول کرے گی۔‘‘ ایسی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ جیل حکام سے ۲؍مہینے سے درخواست کی جا رہی  ہے کہ وہ قیدیوںکیلئے کسی متبادل جگہ کا انتظام کرلیں ۔  

school Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK