Inquilab Logo

بچوںکو حج پر جانے سے منع کئے جانےپر عازمین میں مایوسی

Updated: June 05, 2022, 10:59 AM IST | saadat khan | Mumbai

سعودی حکومت کا منظور شدہ کووڈ کا ٹیکہ نہ لگانےسےحج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائےگی، حج کمیٹی کے سی ای او نےسعودی حکومت کی گائیڈ لائن کووجہ قرار دیا

This year, the children will not be able to enjoy the blessings of Hajj in such a way that even the parents are disappointed. (File photo)
اس سال بچے اس طرح حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکیں گے جس سے والدین میں بھی مایوسی ہے(فائل فوٹو)

بچوںکو حج پر لے جانےکی اجازت نہ دیئے جانے کی اطلاع تاخیر سے دیئے جانے پر متعدد عازمین حج کمیٹی سے ناراض ہیں۔پنویل کے عازم نے اپنے ۲؍ بچوں جن کی عمر بالترتیب ۱۳؍اور ۱۴؍سال ہے ، کا فارم پُر کرنےکےعلاوہ ان کی فیس تقریباً ساڑھے ۷؍لاکھ روپےبھی ادا کردیئےہیں ۔لیکن اب انہیں اطلاع دی گئی کہ سعودی حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق بچوںکو سعودی عرب حکومت کا غیر منظور شدہ کووڈ کا ٹیکہ لگانے سے حج پر جانےکی اجازت نہیں دی جائےگی۔اس تعلق سے حج کمیٹی کے سی ای او نے بتایاکہ سعودی حکومت کی گائیڈ لائن کی وجہ سےبچے حج پر نہیں جاسکتے ہیں ۔
  پٹیل محلہ ، پنویل کے محمد نوید عبدالقاد ر پٹیل ( ۴۴) نےانقلاب کو بتایاکہ ’’ سب سے پہلے میں نے اپنااوراپنی بیوی کا فارم حج کیلئے بھراتھا۔ کچھ دنوں بعد معلوم ہواکہ گھر کے دیگر افراد مثلاً بچوں کوبھی ساتھ میںحج پر جاناہوتو ان کےبھی فارم بھرے جاسکتےہیں۔اس اطلاع کی بنیاد پر میں نےاپنے ۲؍بچوں عائشہ نوید پٹیل ( ۱۴) او ر عبداللہ نوید پٹیل ( ۱۳) کابھی فارم بھر دیا تھا۔ یہ اپریل ۲۰۲۲ء کی با ت ہے۔مئی میں حج کمیٹی کی طرف سے ہمیں حج کی درخواست قبول ہونےکی اطلاع دی گئی ۔بعدازیں ہمیں حج کی فیس کی پہلی قسط اداکرنےکی ہدایت دی گئی ۔ ۴؍مئی ۲۰۲۲ء کو میں نےپہلی قسط ۳؍لاکھ ۲۴؍ہزار ، ۱۲؍مئی کو دوسری قسط ۴؍لاکھ ۸۰؍ہزار، ۳۱؍مئی کو تیسری قسط ۷؍ لاکھ۶۰۰؍اور۲؍جون کو چوتھی اور آخری قسط ۲۱؍ہزار ۲۰۰؍ روپے کی ادائیگی کی تھی ۔مجموعی طورپر ۱۵؍لاکھ ۲۵؍  ہزار۸۰۰؍ روپے اداکرچکاہوں۔۲؍جون کو میں نے آخری قسط ادا کی تھی اسی دن شام ۴؍ بجے حج کمیٹی سے فون موصول ہوا ۔ فون پر مجھے اطلاع دی گئی کہ کووڈ ویکسی نیشن کی وجہ سےآپ بچوںکو حج پر نہیں لے جاسکتےہیں۔یہ سنتےہی میں مایوس ہوگیا۔بچوںکےساتھ حج پر جانےکا پورا منصوبہ بنالیاتھا۔سبھی متعلقین کو اطلاع دے دی تھی۔ اس اطلاع سےبہت تکلیف پہنچی تھی۔میرا کوور نمبر ایم ایچ ایف ۲۵۶/۴ہے۔ ‘‘ نوید نے یہ بھی بتایاکہ ’’جب میں نے حج کمیٹی کے نمائندہ سےبچوںکو حج پر نہ لے جانےکی اجازت کے بارےمیں دریافت کی تو انہوں نے بتایاکہ سعودی حکومت کی گائیڈ لائن آئی ہے جس میں بچوںکو حج پر لے جانے سے منع کیاگیاہے۔یہ گائیڈ لائن کب آئی یہ پوچھنے پر نمائندہ نے کوئی جواب نہیں دیا۔جبکہ میری اطلاع کے  مطابق حج کمیٹی نے اس تعلق سے ۲۰؍مئی کو ایک مکتوب جاری کیاتھا۔اگر ۲۰؍مئی سے قبل حج کمیٹی کواس بات کی اطلاع تھی تو پھر مجھے اس کی اطلاع پہلے کیوں نہیں دی گئی اورمیرے بچوںکی حج فیس ۲؍جون تک کیوں قبول کی گئی۔میں نے ۴؍فرد کی فیس ادا کی ہے۔ ہم سب حج پر جاناچاہتےہیں۔میرے دونوں بچوںنے ۲۔۲؍ ٹیکہ لگوایا لیاہے۔اس کےباوجود اگر حج کمیٹی یہ کہتی ہےکہ سعودی عرب میں بچوںکو جوٹیکہ لگایاجارہاہے وہ ٹیکہ لگایاجائے تو میں اس کیلئے بھی تیار ہوں۔ لیکن حج کمیٹی والے میری بات نہیں سن رہےہیں ۔ میں نے بچوں کی جو فیس اداکی ہے وہ بھی اب ۶؍ مہینے بعد ہی ملے گی ۔‘‘
 اس تعلق سے جب حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شاکھاسے استفسارکیاگیاتو انہوںنےکہاکہ ’’کووڈ کے تناظر میں بچوںکے لئے ہی نہیں بڑوںکیلئے بھی سعودی حکومت کی گائیڈلائن پرعمل کرنا لازمی ہے۔ جن لوگوں نے سعودی عرب حکومت کے ذریعہ منظور شدہ کووڈ ٹیکہ لگایاہے انہیں ہی حج پر جانےکی اجازت ہوگی۔ ہندوستان میں ابھی۱۲؍سال سے کم عمر کے بچوںکو ٹیکہ لگانےکی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس لئے بچوںکو حج پرجانےکی اجازت نہیںہے۔ اس کےباوجوداگر کچھ بچوںکی حج کی درخواست قبول کی گئی ہے تو اس کا مجھے پورا علم نہیں ہے۔ کچھ تکنیکی اور کوٹہ وغیرہ کی دشواریاں ہوتی ہیں جن کی وجہ سے اس طرح کا اگر کوئی مسئلہ ہے توہم اسے ترجیحی بنیاد پرحل کریں گےاور جن کے پیسے ہیں انہیں ۲؍مہینے میں پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔ ‘‘

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK