Inquilab Logo

نونیت اورروی رانا کے ڈی کمپنی سے تعلق کا انکشاف

Updated: April 28, 2022, 1:30 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

شیوسینا لیڈر سنجےراؤت کا ایم پی نونیت رانا اور ان کے شوہر ایم ا یل اے روی رانا پر منی لانڈرنگ کے ملزم یوسف لکڑا والا سے ۸۰؍ لاکھ روپے قرض لینے کا الزام ، پولیس اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے جس کی بنیاد پر رانا جوڑے کے خلاف ایک اور ایف آئی درج کی جا سکتی ہے

MP Navneet  Rana and her husband MLA Ravi Rana
رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اوران کے شوہر ایم ایل اے روی رانا

امراوتی کی ممبرآف پارلیمنٹ ( ایم پی )نونیت رانا اور ان کے ایم ایل اے شوہر روی رانا کی مشکلوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ ممبئی پولیس شیوسینا لیڈر  اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کے نونیت اور ان کے شوہر پر انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے گینگ ممبروں سے تعلق ہونے اور غیر قانونی طریقہ سے لاکھوں روپے لون لینے کے  الزامات کا جائزہ لے رہی ہے جس سے یہ قیاس کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پرممبئی پولیس کی اکنامکس آفنس ونگ رانا جوڑے کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کر سکتی ہے ۔وہیں اب ایم پی نونیت رانا نے دہلی پولیس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شیوسینا لیڈر کے خلاف ذات پات کی بنیاد پر گندی سیاست کرنے کے تحت کارروائی کی اپیل کی ہے ۔
 ریاستی وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے بنگلہ کے باہر ہنو مان چالیسا پڑھنے کی دھمکی دینے کے جرم میں گرفتار آزاد ایم ایل اے روی رانا اور ایم پی نونیت رانا پر گزشتہ روز سنجے راؤ ت نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابرہیم کے گینگ ممبران سے تعلق ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا  ہے کہ ’’ جوڑے نے گینگسٹر ، فلم فائنانسر اور بلڈر یوسف لکڑا والا سے ۸۰؍ لاکھ روپے لون لئے تھے اور لون حوالے کے ذریعہ لیا گیا تھا ۔ ‘‘وہیں بدھ کو شیوسینا لیڈر نے مرکزی حکومت اور اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ کیا اب اس معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جوڑے سے پوچھ تاچھ کرے گی ؟‘‘
 واضح رہے کہ یوسف لکڑا والا کے خلاف ممبئی پولیس کے الگ الگ پولیس اسٹیشن میں ہفتہ وصولی، فریب دہی اور جعلسازی کے کئی کیس درج ہیں جبکہ ممبئی پولیس کے اکنامکس آفنس ونگ ( ای او ڈبلیو ) یوسف لکڑا والا کو سابقہ کیسوں میں پوچھ تاچھ کے سلسلے میں گرفتار کر چکی ہے۔ ان کی گزشتہ سال ستمبر میں آرتھر روڈ جیل میںموت ہوگئی تھی ۔واضح  رہے کہ نونیت رانے نے بدھ کو دہلی پولیس کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے شیو سینا لیڈر سنجے راؤت کے خلاف ذات پات کی بنیاد پر گندی سیاست کرنے کے تحت کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے ۔وہیں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے بنگلہ کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار ایم پی  نےجو چمار سماج سے وابستہ ہے ، منگل کو ناگپور پولیس سے بھی ذات پات کی بنیاد پر نشانہ بنائے جانےکے تحت ایم پی سنجے راؤت کے خلاف کیس درج کرنے کی اپیل کی تھی ۔نوینت نے اپنے پر سنل اسسٹنٹ ونود گوہے کے ذریعہ ناگپور کے پولیس کمشنر امیتیش کمار کو تحریری  شکایت روانہ کی تھی ۔ایک طرف نوینت رانے کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کئے جانے کا قیاس کیا جارہا ہے اور امراؤتی کی ایم پی نے ذات پات کی بنیاد پر گندی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دہلی پولیس سے سنجے راؤت کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔وہیں مرکزی وزارت داخلہ نے لوک سبھا کی آزاد ممبر آف پارلیمنٹ کو گرفتار کئے جانے اور ممبئی پولیس کے  ان کےساتھ غیر انسانی برتاؤ کئے جانے کے الزامات سے متعلق ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک طرف نونیت رانے نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنی گرفتاری کو غیر قانونی بتایا تھا اور پولیس پر غیر انسانی سلوک کا الزام لگایا تھا ۔ وہیں دوسری طرف ممبئی پولیس کمشنر سنجے پانڈے نے کھار پولیس اسٹیشن میں ہنومان چالیسا پڑھنے کی دھمکی دینے والے جوڑے کواحترام کے ساتھ چائے پیش کرنے اور پینے کا ویڈیو بھی جاری کیا تھا ۔یہ بھی یاد رہے کہ ایک دن قبل بامبے ہائی کورٹ نے ان کے خلاف درج کردہ کیس کو خارج کرنے کی اپیل مسترد کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK