Inquilab Logo

حیدرآباد میں بارش کے سبب بے گھر ہونے والے زندگی کی ضروریات سے محروم

Updated: October 22, 2020, 5:56 AM IST | Agency | Hyderabad

انہیں نئے سرے سے زندگی شروع کرنی پڑے گی، مزید بارش کی پیش گوئی کے سبب احتیاطی اقدامات ، آج مرکزی ٹیم کا دورہ

Hyderabad Flood - Pic : PTI
حیدرآباد بارش ۔ تصویر : پی ٹی آئی

حیدرآباد میں بارش سے متاثرین میں زندگی کی ضرورتوں سے کئی افراد محروم ہوگئے ہیں۔ان بے شمار افراد کو اب نئے سرے سے زندگی شروع کرنی پڑے گی۔لوگ اپنی گاڑیوں، ریفریجریٹرس، کمپیوٹرس اور ٹی وی جیسی چیزوں سے محروم ہوگئے ہیں۔جہاں یہ سامان پانی میں بہہ گیا وہیں ان کے گھروں کے دروازوں اور فرنیچرس کو بھی شدید نقصان پہنچاجنہیں بدلنے کے سوا اب کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ان کی مشکلات یہیں پر ختم نہیں ہوتی ہیں بلکہ ٹرانسپورٹ،تعلیمی اسناد،آدھار کارڈس،راشن کارڈس،بینک  کے کاغذات اور گھروں کے دستاویزات بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔
 اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں صفائی کا کام ایک بڑا چیلنج ہے۔ یہی سبب ہے کہ ان کیلئے معمول کی زندگی بحال ہونے میں کئی دن لگ جائیں گے۔اس کے علاوہ سیلاب میں کئی گھروں کے  برتن،کپڑے اور اناج وغیرہ بھی بہہ گئے۔سیاسی جماعتیں، این جی اوز اور بعض لوگ ان متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئے ہیں تاہم زیادہ تر ایسی مدد کھانے پینے کی چیزوں تک محدود ہے۔ ان کی ضروریات ان سے کہیں زیادہ ہیں۔حکومت نے جس راحت کا اعلان کیا ہے،وہ کافی کم ہے۔مزید بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں۔اس درمیان حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے عوام سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ محفوظ مقامات منتقل ہوجائیں۔ حکومت نے عوام سے کہا کہ وہ غیر ضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
  مقامی افراد نے بتایا کہ اب ان کے علاقوں میں بوپھیل رہی ہے جس سے بیماریاں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔کئی افراد نے اپنے گھروں کی خواتین، بچوں اور بزرگوں کو اپنے رشتہ داروں کے پاس بھیج دیا ہے۔متاثرہ لوگ اپنے گھروں کے بُرے حالات اور گاڑیوں کی خرابی کی وجہ سے کام پر بھی نہیں جاپارہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی آمدنی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
 مرکزی حکومت حیدرآباد میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے ایک ٹیم روانہ کررہی ہے۔ یہ ٹیم جمعرات کی شام حیدرآباد پہنچے گی۔ یہ ٹیم جس میں کئی سینئر عہدیدار ہوں گے، نقصان کی شدت کا اندازہ لگانے کیلئے۲؍ دن تک حیدرآباد اور دیگر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی۔
  ریاستی حکومت نے نشاندہی کی ہے کہ رواں ماہ کی۱۳؍ تاریخ سے ریاست میں مسلسل بارش کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے ہزاروں کروڑ روپوں کا نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ چندرشیکھرراؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر فوری امداد کیلئے۱۳۵۰؍ کروڑ روپوں کی مدد کا مطالبہ کیا تھا۔ اس تناظر میں، مرکزی ٹیم جمعرات کی شام حیدرآباد پہنچے گی۔

hyderabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK