Inquilab Logo

بوریولی میں مخدوش عمارت منہدم، کوئی جانی نقصان نہیں

Updated: August 20, 2022, 9:25 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

گرنے سے پہلے بلڈنگ کےتڑخنے کی آواز سن کر مکین اپنا سازوسامان چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ بی ایم سی بلڈنگ کو خستہ حال قرار دے کر اسے خالی کرنے کا نوٹس دے چکی تھی

Fire brigade personnel are busy removing the debris
فائر بریگیڈ کا عملہ ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ہے ( تصویر: انقلاب)

: شہر میں عمارت کے گرنے کا ایک اور واقع پیش آیا ہے۔ خیر سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ بلڈنگ میں جو لوگ رہ رہے تھے انہوں نے صبح ہی اپنے مکانات خالی کر دیئے تھے۔اطلاع کے مطابق بوریولی (مغرب )کےسائی بابا نگر، نزد سائی بابا مند  علاقے میں واقع  گیتانجلی نام کی۴؍ منزلہ بلڈنگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔اچھی بات یہ ہوئی کہ اس واقعے میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بی ایم سی کے ذریعے اس عمارت کوپہلے ہی خستہ قراردیا گیا تھا ۔ بلڈنگ میں۹؍فلیٹ میں سے ۴؍میںہی مکین قیام پزیر تھے ۔
دیکھنےسے اندازہ نہیں ہورہا تھا 
 جمعہ کی صبح مکینو ںکوعمارت  کے کچھ حصوں سے آواز آ رہی تھی جیسے وہ چٹخ رہی ہو۔   آوازسن کر لوگوںنے آناً فاناً میں عمارت خالی کردی ۔ کچھ لوگوں نے مختصر سامان نکالا جبکہ زیادہ تر گھر میںہی رہ گیااور ۱۲؍بجکر ۳۴؍منٹ پرعمارت بھربھراکر گرگئی۔ عمارت کو دیکھنے سے یہ گمان ہرگز نہیں  ہو  رہا  تھا کہ یہ اتنی خستہ ہے ۔ البتہ گرجانے کےبعد ملبے سے اندازہ ہواکہ عمارت کافی پرانی تھی۔ اسی وجہ سے بی ایم سی نے اسے خستہ حال قرار دیا تھا۔
  بلڈنگ اس انداز میں گری جیسے اوپر سے کسی نے نیچے کی جانب دبا دیا ہوا ،یعنی عمارت کا ملبہ دائیں بائیں نہیںگرا ۔مکینوں کے فوری طور پر مکان خالی کرنے کا نتیجہ یہ رہا کہ سبھی لوگ محفوظ رہے اورکوئی جانی نقصان نہیں ہوا اورنہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا ۔ اس کی تصدیق فائربریگیڈ کی جانب سے کی گئی ہے ۔ 
 راستے سے گزررہے کچھ لوگوں میں سے ایک جوعمارت گرنے کا منظر دیکھ رہے تھے،رمیش پٹیل نامی شخص نے بتایاکہ ’’ چونکہ عمارت روڈ سے تھوڑ ے سے فاصلے پر ہے اورگری بھی اس طریقے سے کہ اس کا ملبہ ادھر ادھر نہیںگیا، اس کی وجہ   سے کسی راہ گیر یا قریب کی عمارت میںرہنے والوں کوبھی کوئی نقصان نہیںپہنچا ۔‘‘ ان کے مطابق ’’ سبھی اس با ت پرخوش ہیںکہ کوئی جانی نقصان نہیںہوا اورکئی لوگوں نے توپہلے ہی بلڈنگ خالی کردی تھی ۔  جو لوگ اس میں رہ رہے تھے، انہوں  نے بھی عمارت گرنے سے پہلے اس کی آوازسن لی اور فوراً گھروں سے باہر نکل آئے جس سے سبھی محفوظ رہے۔‘‘
لوگوں کوخود ہی خالی کردینا چاہئے 
 عمارت گرنے کے وقت جائے وقوعہ پرموجودچشم دید آپس میں کہہ رہےتھے کہ جو بلڈنگیں خستہ حال اوربہت پرانی ہیں ، ان کولوگو ں کو خود ہی خالی کردینا چاہئے۔ بارش کے ایام میں بلڈنگ گرنے کے حادثات اس لئےبھی بڑھ جاتے ہیںکہ پرانی عمارتوں میںپانی کےرساؤ کی وجہ سے بلڈنگیں یا مکانات اورزیادہ خراب ہو جاتے  ہیں۔ اس لئے اپنی جان کی حفاظت کی خاطرکوئی خطرہ مول نہیںلینا چاہئے۔ 
فائربریگیڈ کی جانب سے کیا کہا گیا
 فائربریگیڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں ۱۲؍ بجکر ۳۴؍منٹ پرعمارت گرنے کی اطلاع ملی اور فوری طور پرفائربریگیڈ جائے وقوعہ پرپہنچ گیا ۔ راحت اوربچاؤ اورملبہ صاف کرنے کیلئے ۸؍فائر انجن ، ۲؍ریسکیو وین ، ایک کوئک رسپانس وین ، ایک کمانڈ پوسٹ وہیکل اورتین ایمبولینس پر لائی گئیں۔ احتیاط کے طور پر ملبہ آہستہ آہستہ ہٹایا گیا  کہ  ملبے میں کوئی  دبا نہ ہو۔ پوری طرح  اطمینان ہوجانے کےبعد  ہی کام میں تیزی لائی گئی۔
 پوارنام کے فائرافسر نے ملبہ ہٹانے کے دوران کہاکہ ’’ احتیاطاًآہستہ آہستہ کام کیا جارہا ہے اوریہ دیکھا جارہا ہے کہ کہیںکوئی دبا تو نہیںہے لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ کوئی دبا نہیںہے اورنہ ہی مقامی لوگو ںنے اس تعلق سے کوئی نشاندہی کی ۔‘‘ واضح رہے کہ اس بلڈنگ کو کچھ عرصہ پہلے ہی انتظامیہ نے  مخدوش قرار دیا تھا۔ بیشتر مکینوں نے اپنے مکانات خالی کر دیئے تھے ۔   ۲؍ روز قبل ہی گھاٹکوپر میں ایک ۲؍ منزلہ عمارت میں ایک معمر جوڑا چھت گرجانے سے فوت ہو گیا تھا۔ وہ بھی مخدوش قرار دی گئی بلڈنگ میں رہ رہے تھے۔

borivali Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK