Inquilab Logo

بائیڈن کے دورصدارت کا پہلا مہینہ امریکی تاریخ کا بدترین دور تھا: ڈونالڈٹرمپ

Updated: March 03, 2021, 12:46 PM IST | Agency | Washington

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی سیاسی سرگرمی تیز کردی ہے اور ۲۰۲۴ء میں دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

Donald Trump - Pic : INN
ڈونالڈ ٹرمپ ۔ تصویر : آئی این این

 سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی سیاسی سرگرمی تیز کردی ہے  اور ۲۰۲۴ء میں دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ’’ جو بائیڈن   کی صدارت کا پہلا ماہ جدید امریکی تاریخ کا بدترین دور تھا۔‘‘  واضح رہے کہ بائیڈن کو عہدہ سنبھالے ہوئے ایک ماہ سے کچھ ہی دن زیادہ کا عرصہ ہوا ہے۔
  ایک روز قبل ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں `کنزرویٹو پالیٹکل ایکشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ’’ صرف ایک ماہ کے مختصر عرصے میں ہم `امریکہ فرسٹ سے `امریکہ لاسٹ ہو گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’میں دوبارہ صدارتی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر سکتا ہوں۔‘‘ لیکن انہوں نے اپنی کوئی نئی پارٹی بنانے کے امکان کومسترد کر دیا۔ بلکہ انہوں نے ری پبلکن  پارٹی کو دوبارہ متحد کرنے کا اعلان کیا۔سابق صدر کا کہنا تھا ’’میں مضبوط اور ہمت والے ری پبلکن کی مہم چلاؤں گا تا کہ ۲۰۲۲ءکے وسط مدتی انتخابات  میں زیادہ سے زیادہ ری پبلکن اراکین منتخب ہوکر کر ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر سکیں۔
  ۶؍ ہفتے قبل  صدارت سے سبکدوش ہونے والے ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے سیاسی خطاب میں مزید کہا کہ ’’میں سوچ رہا ہوں کہ ۲۰۲۴ء میں ری پبلکن پارٹی کا صدارتی اُمیدوار کون ہو گا؟‘‘البتہ، اپنے ۹۰؍ منٹ کے خطاب میں سابق صدر بار بار یہ تاثر دیتے رہے کہ وہی ۲۰۲۴ء کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن کے اُمیدوار ہوں گے۔انہوںنے اپنے حامیوں پر مشتمل ایک گروپ کے سروے کا حوالہ دیا جس میں ۹۷؍ فی صد افراد نے اُن کے دوبارہ الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔قومی سطح پر کئے گئے حالیہ سروے کے مطابق صدر بائیڈن کو اپنے سابق ہم منصب ٹرمپ کے مقابلے میں زیادہ مقبولیت حاصل ہے جبکہ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس سے جانے کے بعد اُن کی مقبولیت کا گراف بتدریج نیچے آیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کا ردِعمل
 وہائٹ ہاؤس نے اپنے ردِ عمل میں سابق صدر کے اس خطاب کو مسترد کیا ہے۔وہائٹ ہاؤس کے ترجمان مائیکل گون نے کہا کہ صدر بائیڈن کی تمام تر توجہ کرونا وائرس کو کچلنے، اسکولوں کو کھولنے اور امریکیوں کو کام پر واپس لانے کی جانب مبذول ہے۔ وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے بھی ٹرمپ کے خطاب سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کی توجہ سابق صدر کے خطاب سے زیادہ امریکیوں کے مسائل حل کرنے کی جانب ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK