Inquilab Logo

ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے حکم نامے پر دستخط کئے

Updated: August 08, 2020, 11:10 AM IST | Washington

اب۴۵؍ دنوں کے اندر چین کے سوشل میڈیا ایپ، ٹک ٹاک اور وی چیٹ امریکہ سے بے دخل ہوجائیں گے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین کی کمپنی بائٹ ڈانس اور ٹینسینٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی عائد کرنے کا صدارتی حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔اس حکم نامے سے بائٹ ڈانس کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک اور ٹینسینٹ کی کالنگ ایپ وی چیٹ متاثر ہوں گی اور یہ دونوں ایپلی کیشن ا گلے ۴۵؍روز میں امریکہ میں بند ہو جائیں گی۔واضح رہےکہ ٹرمپ انتظامیہ نے رواں ہفتے ہی کہا تھا کہ امریکہ کے ڈیجیٹل نیٹ ورک میں چین کی ایپلی کیشن ناقابلِ اعتبار ہیں ۔اس نے ٹک ٹاک اوروی چیٹ کو بڑا خطرہ بھی قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ `ٹک ٹاک ایپ گمراہ کن معلومات کے پھیلانے کا سبب بن سکتی ہے جس کا فائدہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کو ہو گا۔ اس لئے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ ٹک ٹاک کے مالک کے خلاف جارحانہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔
  ٹرمپ نے حکم نامے میں مزید کہا ہے کہ چین کی میسیجنگ ایپلی کیشن وی چیٹ اپنے خودکار نظام کے تحت صارفین کا ڈیٹا حاصل کر لیتی ہے۔ اُن کے بقول یہ ڈیٹا چین کی کمیونسٹ پارٹی کو امریکی شہریوں کی ذاتی اور قومی معلومات تک رسائی فراہم کرتا ہے۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے رواں ہفتے عندیہ دیا تھا کہ وہ ٹک ٹاک کو امریکہ میں مائیکروسافٹ کارپوریشن کو فروخت کرنے کی حمایت کریں گے اگر اس ڈیل کے نتیجے میں امریکی حکومت کو مناسب حصہ دیا جائے۔تاہم انہوں نے خبردار کیا تھا کہ وہ ۱۵؍ ستمبر کو امریکہ میں ٹک ٹاک کی سروس پر پابندی عائد کر دیں گے۔ چین کی دونوں کمپنیوں نے ٹرمپ کے حکم نامے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔جبکہ چین نے اس حکم نامے کو مسترد کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK