Inquilab Logo

ڈونالڈ ٹرمپ کی مزید شہروں میں فیڈرل فورس بھیجنے کی دھمکی، اپوزیشن برہم

Updated: July 22, 2020, 8:53 AM IST | Agency | Washington

امریکی صدر نے بیشتر ایسے شہروں کا نام لیا جہاں کے میئر کا تعلق ڈیموکریٹ پارٹی سے ہے، اپوزیشن کا فورس واپس بلانے کا مطالبہ

US Protest - Pic : PTI
فیڈرل فورس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے امریکی عوام( تصویر: ایجنسی

امریکی  صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مزید علاقوں میں فیڈرل فورس تعینات کی جا سکتی ہے۔اُن کا یہ بیان ریاست اوریگن میں نسل پرستی کے خلاف پُر تشدد احتجاج پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بعد سامنے آیا ہے۔ریاست اوریگن میں گزشتہ ایک ہفتے سے احتجاج جاری ہے جو۲؍ روز قبل  فساد میں تبدیل ہو گیا تھا۔وجہ یہ تھی کہ فیڈرل فورس کے اہلکاروں نے  بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں ڈال کر لے جانے کی کوشش کی تھی۔اس حرکت پر  مقامی لیڈران  ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کر رہے ہیں ۔
   ادھرڈونالڈ ٹرمپ کے مطابق نیو یارک، شکاگو، فلاڈلفیا، ڈیٹرائٹ، بالٹی مور اور کیلی فورنیا کا شہر آکلینڈ وہ مقامات ہیں جہاںفیڈرل فورس کو بھیجا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے جن شہروں کا نام لیا ہے ان تمام شہروں می کے میئر ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔پیر کو وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم’’ فیڈرل فورس کو بھیج رہے ہیں۔ ہم شہروں میں پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘دوسری جانب کانگریس کے بعض اراکین اور ریاست اوریگن کے مقامی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پر تشدد احتجاج سے متاثرہ شہر پورٹ لینڈ سے ہوم لینڈ سیکوریٹی کے اہلکاروں کو واپس بلائیں۔سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیو زِ گردش کر رہے ہیں جن میں سیاہ گاڑیوں میں سوار نقاب پوش فیڈرل فورس کے اہلکار مظاہرین کے قریب موجود ہیں۔
 پورٹ لینڈ کے میئر ٹیڈ وہیلر نے ایک ٹویٹ میں ڈونالڈ  ٹرمپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’مجھے نہ صرف یہ یقین ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ وہ پورٹ لینڈ کے رہنے والوں کی زندگی بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘‘قبل ازیں میئر ٹیڈ وہیلر پورٹ لینڈ میں فیڈرل فورس کی موجودگی کو انتخابات کے سال میں ’سیاسی تھیٹر‘سے تشبیہ دے چکے ہیں۔امریکہ کے شہر منی  پولس میں مئی کے آخر میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاج ہوا تھا جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔  ٹرمپ نے جون میں اُن شہروں میں فوج بھیجنے کی بھی دھمکی دی تھی جہاں پر تشدد احتجاج اور ہنگامہ آرائی ہو رہی تھی۔
 گزشتہ ہفتے ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں پولیس کے رویے اور نسلی تعصب کے خلاف احتجاج میں شریک مظاہرین کے خلاف فیڈرل فورس نے کریک ڈاؤن کیا تھاجس میں اہلکاروں نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس استعمال کی تھی جبکہ بعض مظاہرین کو  وجہ بتائے بغیر حراست میں بھی  لیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK