Inquilab Logo

پی ایم کیئر فنڈ میں چینی کمپنیوں کا چندہ

Updated: June 30, 2020, 6:14 AM IST | Agency | New Delhi

چینی اشیاء کے بائیکاٹ کی تحریک کے بیچ کانگریس کاسنسنی خیز الزام، چین کا نام لینے سے گریز پر تنقید، کہا کہ مودی کھل کر کیوں نہیں کہتے کہ چین نے دراندازی کی

Abhishek Singhvi - Pic : INN
ابھیشک سنگھوی ۔ تصویر : آئی این این

  ہندوستان اور چین کے درمیان لداخ میں جاری سرحدی تنازع اور ملک میں  چینی اشیاء کے بائیکاٹ کی تحریک کے بیچ  کانگریس نے پی ایم کیئر فنڈ میں چینی کمپنیوں  کے ذریعہ کروڑوں روپے کا عطیہ دیئے جانے کا سنسنی خیز معاملہ اٹھایا ہے۔  اس سوال کے ساتھ کہ جب  ہندوستان اور چین سرحد پرآمنے سامنے ہیں تو وزیراعظم چینی کمپنیوں کا عطیہ کیوں قبول کررہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے چین  کے معاملے میں وزیراعظم  مودی کے رویے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور پوچھا کہ وہ  چین کا نام لینے سے کیوں بچ رہے  ہیں اور کھل کر یہ کیوں نہیں  کہتے  کہ   وہ  دراندازی کررہا ہے۔ 
 کانگریس کے ترجمان ابھیشک منو سنگھوی نے آن لائن پریس کانفرنس  میں گزشتہ  ۶؍ مہینوں  میں مودی اور چینی صدر زی  جن پنگ کے درمیان ’’۱۸؍ میٹنگوں‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے  سوال کیا ہے کہ ہندوستان نے اب تک چین کو ’’جارح‘‘ کیوں نہیں کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ملک کی سلامتی  کے لحاظ سے جو بات زیادہ پریشان کن ہے  وہ   وزیراعظم کو (ان کے ذاتی معلوم ہونے والے)  پی ایم کیئر فنڈ  میں ملنے والا چینی کمپنیوں کا عطیہ ہے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’جب وزیراعظم متنازع اور مبہم فنڈ کیلئے  چینی کمپیوں سے سیکڑوں  کروڑ روپے کا عطیہ قبول کرکے اپنی پوزیشن کے ساتھ سمجھوتہ کریں گے تو وہ چینی دراندازی کے خلاف ملک کا دفاع کیسے کرپائیں گے؟‘‘ ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ ’’وزیراعظم مودی کو اس کا جواب دینا چاہئے۔‘‘
 سنگھوی نے یہ بھی الزام لگایاکہ  بی جےپی  کا ۲۰۰۷ء سے  چین کی کمیونسٹ پارٹی  کے ساتھ تعلق ہے اور راج ناتھ سنگھ  اور نتن گڈکری سے لے کر امیت شاہ تک اس کے صدورکے چین کے ساتھ  روابط ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ’’ملک میں کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے جس کے صدر  کے چین کے ساتھ اتنے زیادہ روابط ہوں۔‘‘ سنگھوی نے بتایا کہ راج ناتھ نے جنوری ۲۰۰۷ء اور اکتوبر ۲۰۰۸ء میں  چینی کمیونسٹ پارٹی سے بات کی جبکہ گڈکری  اور امیت شاہ  چین کی پارٹی سے سب سے زیادہ رابطے میں رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK