Inquilab Logo

آج سےممبئی اور تھانے میں گھر گھر جانچ مہم کا آغاز

Updated: September 15, 2020, 7:52 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

تین  اہلکاروں پر مشتمل ٹیم شہریوں کےجسم کا درجہ ٔ حرارت اور صحت کی ابتدائی جانچ کرے گی

Uddhav Thackeray - Pic : PTI
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 کورونا  کے بڑھتے معاملات کی روک تھام کرنے  اور اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے  نے اتوار کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ۱۵؍ ستمبر سے گھر گھر جاکر شہریوں کی طبی جانچ مہم ’میرا خاندان میری ذمہ داری‘  شروع کی جائے گی ۔ اس اعلان پر عمل کرتے ہوئے ریاست کی سبھی شہری انتظامیہ  متحرک ہوئیں اور ممبئی، تھانے سمیت دیگر کارپوریشنوں نے بھی منگل سے اس مہم کو شروع کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ممبئی میں یہ طبی جانچ مہم منعقد کرنے والی  برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی)  کے افسران کی میٹنگ خود وزیر اعلیٰ نے پیر کی دیر رات منعقد کی اور انہیں مہم کو نہ صرف جانچ کی حد تک محدود رکھنے  بلکہ شہریوں کو کورونا کے تحفظ  اور احتیاط کے تعلق سے بھی بیدا رکرنے کی ہدایت دی۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’یہ مہم صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک بننی چاہئے اور اس عوامی تحریک میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔‘‘ گزشتہ  رات وزیر اعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں وزیر صنعت سبھاش دیسائی،  وزیر ٹرانسپورٹ اور پارلیمانی امور انل پرب، ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر ، میونسپل کمشنراقبال سنگھ چہل اور دیگر افسران  اور عہدیدار موجود  تھے۔
عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل:وزیر اعلیٰ نے  عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی مقامات پر ماسک لگا کر ہی جائیں، صابن سے بار بار ہاتھ دھوئیں اور۲؍ افراد کے مابین ۲؍ میٹر کے فاصلے کو مستقل برقرار رکھیں۔وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے عوام  سے اپیل کی ہے کہ کورونا کو ختم کرنے میں تعاون دیں ۔
  تھانے کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر ویپن شرما نے پیر کو ٹی ایم سی صدر دفتر میں واقع نریندر بھلاڑ ہال میں ’میرا خاندان میری ذمہ داری  ‘مہم کے تعلق سے تمام افسران کی میٹنگ لی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے ہدایت دی ہےکہ وہ اس مہم کوکامیابی کے ساتھ اور  مؤثر طریقے سے نافذ کریں ۔
تھانے میں ۲؍ مرحلوں میں جانچ مہم 
  تھانے شہر میں ہر گھر میں ۲؍ مرتبہ طبی جانچ مہم ۲؍ مرحلوں میں منعقد کی جائے گی ۔  ۱۵؍ ستمبر تا ۱۰؍  اکتوبر کے پہلے مرحلے  میں محکمہ صحت یا آشا ورکر کے ساتھ ۲؍ مقامی رضا کار گھر گھر جاکر پہلی مرتبہ ابتدائی طبی جانچ کریں گے اور اسی طرح کی جانچ دوسری مرتبہ دوسرے  مرحلے (۱۴؍ اکتوبر تا ۲۴؍  اکتوبر)  میں کی جائے گی۔
مہم میں کیا ہوگا: اس مہم میں صحت کے تعلق سے  بیداری، کووڈ کے مریضوں کی تلاش، اسی طرح ذیابیطس، دل یا گردے کے مریض اور اسی طرح دیگر بیماریوں کے مریضوں کو تلاش کرنے اورا نہیں بیدار کرنے اور ان کا خیال رکھنے پر توجہ دی جائے گی۔اسی طرح ضعیف، بچوں اور حاملہ کی بھی ابتدائی جانچ اور  اسکیم کے تحت علاج کیا جائے گا۔

کیا چیک کیا جائے گا؟

 اس مہم میں گھر کے سبھی افراد کا  درجہ ٔ حرارت،آکسی میٹر سے آکسیجن لیول ،کورونا کی علامت ہے یا نہیں؟ اسی طرح ذیا بیطس، دل  اور گردے کی یا کوئی اور بیماری ہے یا نہیں، یہ چیک کیا جائے گا اور سنگین بیماری میں مبتلا مریضوں کو تلاش کر کے علاج کیلئے بھیجا جائیگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK