Inquilab Logo

ممبئی میں جلد ہی ڈبل ڈیکر اے سی بسیں چلیں گی،مسافروں کو راحت کی امید

Updated: June 22, 2022, 10:05 AM IST | Mumbai

اگست میں لانچ کی جانے والی نئی بس میں ۲؍سیڑھیاں ہوںگی، بیسٹ کے بیڑے میںسال کے اخیر تک۲۲۵؍بسیں شامل ہوںگی

The AC double decker bus is expected to arrive in the first week of August.
اگست کے پہلے ہفتے میں اے سی کی ڈبل ڈیکر بس آنے کی امید ہے۔

:شہر میں پہلی ڈبل ڈیکر اے سی بس اگست مہینے کے پہلے ہفتے میں  لانچ کئے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اگست کی ۷؍ تاریخ کوبیسٹ  کے  یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے اور بیسٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی مناسبت سے ممبئی میں پہلی اے سی ڈبل ڈیکر بس اگست میں لانچ کرنے کا پروگرام ہے۔
 واضح رہے کہ بیسٹ کی بسوں میں یومیہ ۳۱؍لاکھ سے زیادہ مسافر سفر کرتے ہیں اور اس میں مزید ایک سے ۲؍لاکھ مسافروں کے بڑھنےکا امکان ہے۔ بڑھتی مسافروں کی تعداد کے پیش نظر مزید بسوں کی ضرو رت ہوگی۔ڈبل ڈیکر بس  میں ۷۸؍ سے ۹۰؍ مسافروں کی گنجائش رہتی ہے۔ یاد رہے کہ ڈبل ڈیکر کی ۹۰۰؍ الیکٹرک بسوںکو بیسٹ انتظامیہ اپنے بیڑے میں شامل کرنے کا پہلےہی معاہدہ کر چکا ہے اور ۲۲۵؍ بسیں اس سال کے آخر تک بیسٹ بیڑے میں شامل ہو جائیںگی۔
 بیسٹ کے جنرل منیجر لوکیش چندرا سے رابطہ کرنے پر انہوںنے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بس کی ڈیزائن کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور اب کانٹریکٹر کے ذریعےچیسی وغیرہ کا کام کیا جائےگا۔انہوں نےمزید کہا کہ ’’ڈبل ڈیکر بس میں۲؍سیڑھیاں ہوںگی۔ پہلے کی ڈبل ڈیکر بس میںاوپر جانے کیلئے ایک ہی سیڑھی ہوا کرتی تھی۔نئی بس میں ۲؍ سیڑھیاںہونے سےمسافروں کو چڑھنے اور اترنے میں آسانی ہوگی۔اس کے علاوہ نئی ڈبل ڈیکر بسیںبے آواز اور ایئر کنڈیشنڈ ہوںگی جو الیکٹرک سے چلیںگی۔ان بسوں   کے آجانے سے نہ صرف زیادہ مسافر سفر کر سکیںگےبلکہ ان کا سفر بھی آرام دہ ہو جائےگا۔‘‘
 موجودہ وقت میں بیسٹ بیڑے میں بغیر اے سی والی ۴۸؍ڈبل ڈیکر بسیں شامل ہیں جو ممبئی کے ۱۶؍روٹس پر چلائی جاتی ہیں۔ان بسوںمیں سی ایس ایم ٹی سے نریمن پوائنٹ،قلابہ سے ورلی،کرلا سے سانتاکروز وغیرہ پر مسافروں کی بڑی تعداد سفر کرتی ہے۔سی ایس ایم ٹی سے بیک بے ڈپو تک چلائی جانے والی ڈبل ڈیکر بس مسافروں میں کافی مقبول ہے۔ ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر انہیں سی ایس ایم ٹی۔نریمن پوائنٹ، چرچ گیٹ۔ قلابہ اور کف پریڈ۔ نریمن پوائنٹ کے ساتھ ساتھ ویسٹرن اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے ، ایل بی ایس مارگ، ایس وی روڈ اور پی ڈی میلو روڈ روٹس پر چلایا جائے گا۔ ۲۲۵؍ڈبل ڈیکر بسوں کی پہلی قسط اس سال کے آخر تک بیسٹ کے بیڑے میں شامل ہوجائےگی جبکہ مزید ۲۲۵؍ بسیں مارچ۲۰۲۳ء میں بن کر تیار ہوںگی اور بقیہ ۴۵۰؍بسیں جون ۲۰۲۳ء  تک ممبئی کی سڑکوں پر دوڑتی ہوئی نظر آئیںگی۔
 یہ ممبئی شہر کی مشہور شناخت رکھنے والی ڈبل ڈیکر بسوں کی روایت کو برقرار رکھنے کی بیسٹ کی جانب سے کئے جانے والا اقدام ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ۲؍ سال  کے دوران ممبئی میں ڈبل ڈیکر بسوں کی تعداد میں زبردست کمی ہوئی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں جہاں ۱۲۰؍ ڈبل ڈیکر بسیں ممبئی کے مختلف روٹس پر چلتی تھیں وہیں ان کی تعداد ۲۰۲۱ء میں گھٹ کر محض ۴۸؍رہ گئی ہے۔اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ یہ تمام بسیں ۱۵؍ سال کی میعاد مکمل ہونے پر   سروس سے ہٹا دی گئی تھیں

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK