Inquilab Logo

الیکشن سر پر،مودی کے یوپی دور ے بڑھ گئے، بدھ کو کشی نگر پہنچیں گے

Updated: October 18, 2021, 12:54 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

نئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح، پیر کو ۵؍ دن میں دوسرے دورے میں سدھارتھ نگر، دیوریا، ایٹہ،ہردوئی، غازی پور،مرز اپور اور پرتاپ گڑھ میں  میڈیکل کالجز کا افتتاح کریں گے

In Lucknow, Modi had participated in the Amrit Mahatsu of Independence. Open in Google Translate.Picture:INN
اسی مہینے ۵؍ تاریخ کو بھی مودی نے یوپی کا دورہ کیاتھا اورلکھنؤ میں آزادی کے امرت مہااتسو میں شرکت کی تھی۔ ۔ تصویر: آئی این این

وزیراعظم نریندر مودی کے اتر پردیش دورے اچانک بڑھ گئے ہیں۔ ۵؍ اکتوبرکو لکھنؤ میں آزادی کے امرت اُتسو سے متعلق پروگرام میں شرکت  کے بعد وزیراعظم بدھ کو پھریوپی جائیں گے اور کشی نگر میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کریں گے۔اس کے پانچویں  ہی دن وزیراعظم دوبارہ یوپی کا رخ کریں گے اور  سدھارت نگر سمیت ۷؍ اضلاع میں ۷؍ میڈیکل کالجز کاافتتاح کریںگے۔ وزیراعظم کے ان دوروں کو ریاست میں آئندہ  برس ہونے والے مجوزہ اسمبلی انتخابات کو پیش نظر رکھ کردیکھا جا رہا ہے۔ ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن سے قبل بی جےپی کیلئے یوپی کا ۲۰۲۲ء کا  اسمبلی الیکشن جیتنا انتہائی ضروری ہے اوراس کیلئے پارٹی نے ابھی سے تیاریاں بھی شروع کردی ہیں۔ 
؍۵؍ دن میں وزیراعظم کے دو دورے
 وزیر اعظم نریندر مودی ۵؍ دنوں کی مختصر مدت میں دو بار اترپردیش کا دورہ کرکے پوروانچل خطے کو ترقیاتی پروجیکٹوں کا تحفہ دیں گے۔وہ بدھ  ۲۰؍  اکتوبرکوکشی نگر میں بین الاقوامی ائیر پورٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ۲۵؍اکتوبر کو وہ  سدھارتھ نگر سے آن لائن افتتاح کرتے ہوئے ۷؍نئے میڈیکل کالجوں کی سوغات اترپردیش کو دیں گے۔  وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر متعلقہ اضلاع میں تیاریاں شباب پر ہیں۔ 
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خود تیاریوں پر باریک نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے اتوار کو  ایک  میٹنگ میں کہا کہ’’۲۰؍ اکتوبر کشی نگر میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح وزیر اعظم کے ذریعہ کیا جائےگا۔عالمی اہمیت کی حامل اس تقریب میں مختلف ممالک کے سفیر بھی شریک ہوںگے۔ ‘‘
تقریب سری لنکا کے صدر کی شرکت
  انہوں نے بتایا کہ ایئر پورٹ کے افتتاحی پروگرام میں  شری لنکا سے اسپیشل وفد تشریف لارہا ہے۔ کشی نگر انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے افتتاحی پروگرام میں گورنر آنندی بین پٹیل،وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، شری لنکا کے صدر گوتبایا راج پکشے سمیت۲۵؍سفارتکار  اور بدھ مذہب کے ۱۰۰؍  پیروکار بھی پہنچ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کشی نگر ہی وہ مقام ہے جہاں گوتم بدھ کو ’مہا پری نروانا‘ملا تھا اس لئے بودھ مذہب کے ماننے والوں کیلئے یہ مقام اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعظم کے پروگرام کے سلسلے میں انتظامیہ اور پولیس کو  الرٹ  کر دیا گیا ہے  اور  ضلع کی سرحدوں پر نظر رکھی جا رہی  ہے۔ 
؍۲۵؍ اکتوبر کو ۷؍ میڈیکل کالجوں کا افتتاح
  سنیچر کو وزیراعلیٰ  آدتیہ ناتھ  نےبتایا کہ ۲۵؍ اکتوبر  وزیراعظم سدھارتھ نگر کا دورہ کریں گے اور وہاں سے ۷؍ نئے میڈیکل کالجز کا افتتاح  کریں گے۔ سدھارتھ نگر میں وزیراعظم  کے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے یوگی نے   دعویٰ کیا کہ ۲۵؍ اکتوبر سے یوپی میں صحت کی دیکھ بھال کے معاملے میں نئے سنہری دور کا آغاز ہوگا۔  وزیراعظم گوتم بدھ کی سرزمین سے ۷؍ نئے میڈیکل کالجز کا افتتاح کریں گے جن میں  سدھارتھ نگر  کے میڈیکل کالج کے علاوہ دیوریہ، ایٹہ، ہردوئی،غازی پور،مرزا پور اور پرتاپ گڑھ کے میڈیکل کالج بھی شامل ہیں۔  یوگی سدھارتھ نگر میں نو تعمیر شدہ مادھو پرساد ترپاٹھی میڈیکل  میں تیاریوں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پابند ِ عہد ہے اور اسی لئے میڈیکل کالجز کی ایک زنجیر سی بنائی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK