Inquilab Logo

چھاپےکے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیوروکی ٹیم پرحملہ، ۲؍ اہلکار زخمی ،۳؍افراد گرفتار

Updated: November 24, 2020, 11:06 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد منشیات کے کاروبار میں ملوث فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے خلاف نہ صرف مہم چھیڑ رکھی ہے بلکہ یہ کاروبار کرنے والوں پر بھی یکے بعد دیگرے شکنجہ کستی جا رہی ہے

Chaitanya Mumbai Police
ڈپٹی پولیس کمشنر ایس چیتنیہ پولیس ٹیم پر حملے کے تعلق سے بتاتے ہوئے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد منشیات کے کاروبار میں ملوث فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے خلاف نہ صرف مہم چھیڑ رکھی ہے بلکہ یہ کاروبار کرنے والوں پر بھی یکے بعد دیگرے شکنجہ کستی جا رہی ہے ۔ پیر کومغربی  مضافات میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو(این سی بی) کے زونل ڈائریکٹر کی سربراہی میں جب  پولیس ٹیم چھاپہ مار کارروائی کے لئے پہنچی  تو ۴۰؍ تا ۵۰؍ افراد  نے ان  پر حملہ کر دیا ۔ اس حملے میں این سی بی کے ۲؍ اہلکار زخمی ہوگئے  جبکہ ۳؍ افرادکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کورٹ میں پیشی کے بعدملزموں کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے ۔
 پیر کی صبح نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹرسمیر وانکھیڈے اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وشو اس وجے سنگھ کی سربراہی میں این سی بی کی ٹیم مخبر کی اطلاع پر گوریگاؤں میں واقع بھگت سنگھ نگرمیں چند  منشیات فروشوں کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی کیلئے پہنچی تھی ۔ پولیس کے پہنچتے ہی وہاں   بھیڑ اکٹھا ہوگئی اور انہوںنے پولیس کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرنا شروع کر دیا ۔ زونل ڈائریکٹر نےبھیڑ کو سمجھانے کی کوشش کی  لیکن ۴۰؍ سے ۵۰؍ افراد نے پولیس ٹیم پر حملہ کردیا  ۔ اس حملے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ۲؍ اہلکار زخمی  ہوگئے۔
 این سی بی ٹیم پر حملہ کرنے والوں کو قابو میں کرنے کے لئے مقامی پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر نہ صرف زخمی اہلکاروں کو اسپتال پہنچایا بلکہ  حملہ کرنے کے الزام میں  یوسف شیخ ، اس کے والد آمین شیخ اور ویپل آگرے کو گرفتارکرلیا۔
  اس ضمن میں ڈپٹی  پولیس کمشنر  اور ممبئی پولیس کے ترجمان ایس چیتنیہ نے بتایا کہ ’’نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈ ے جب اپنی ٹیم کے ساتھ بھگت سنگھ نگر میں منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے پہنچے تو وہاں  مقامی  افرادنے پولیس پر حملہ کر دیا ۔ اس واقعہ  میں ۲؍ پولیس  اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ گوریگاؤں پولیس نے۳؍ ملزمین کے خلاف پولیس کے کام میں مداخلت کرنے ، سرکاری ملازم پر حملہ کرنے اور نظم و نسق خراب کرنے کےتحت کیس درج کرلیا ہے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا تھاجہاں انہیں عدالتی تحویل میںرکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔‘‘ پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK