Inquilab Logo

ارنب کیخلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش کرنے والےرکن اسمبلی کے ہاں ای ڈی کا چھاپہ

Updated: November 25, 2020, 6:04 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

شیوسینا نےسیاسی انتقام قرار دیا، متنبہ کیا کہ ’’تم نے شروع کیاہے ،ختم ہم کرینگے‘‘

Pratap Sarnaik`s Son - Pic : PTI
پرتاپ سرنائک کے بیٹے کو تفتیش کار پوچھ تاچھ کیلئے لے جاتے ہوئے۔( پی ٹی آئی

ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کے خلاف مہاراشٹر اسمبلی میں  مراعات شکنی کی تحریک پیش کرنے  اور انٹیرئیر ڈیزائنر انوئے نائک اور ان کی والدہ کی خود کشی  کی  از سر نو تفتیش  کے مطالبے میں پیش پیش رہنے والے شیو سینا کے ایم ایل اے پرتاپ سر نائک   مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )  کے نشانہ پر آگئے ہیں۔ ای ڈی نے منگل کو نہ صرف ان کے رہائشی مکان پر چھاپہ مارا  بلکہ ان کے بیٹے وہاگ سرنائک کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک اس  سے پوچھ تاچھ جاری ہے جبکہ گرفتاری کا قوی امکان ہے۔  سرنائک   کے  مکان کے علاوہ ای ڈی نے ممبئی اور تھانے  میں  ۱۰؍  سے ۱۲؍ الگ الگ مقامات پر  چھاپے مارے ہیں۔  شیوسینا  نے اسے  واضح طور پر سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔  
چھاپے ماری کا جواز
  ای ڈی نے ویہانگ گارڈن جو ایم ایل اے کی رہائش گاہ ہے پر چھاپہ مار کارروائی کرنے کے علاوہ ۳؍ سیکوریٹی ایجنسیوں  کے دفاتر پر بھی چھاپے   مار کر کئی دستاویزات ضبط کئے ہیں ۔ ای ڈی  کے ذرائع کے مطابق ’’یہ کارروائی (سیکوریٹی فراہم کرنے والے )ٹاپس گروپ کے پروموٹرس   اوران سے وابستہ افراد کے خلاف کی جارہی ہے جن میں چند سیاستداں بھی شامل ہیں۔‘‘  ای ڈی کے ذریعہ درج کردہ کیس کے مطابق  پرتاپ سرنائیک اوران  کے  اہل خانہ کے نام شہر اور ریاست کے الگ الگ حصوں میں نیز بیرون ملک کئی جائیدادیں ہیں ۔ دعویٰ کیاگیاہے کہ  لندن میں بھی سرنائک کی جائیداد ہے۔ 
 چھاپے کے دوران اسلحہ برآمد

 تفتیشی ایجنسی نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایم ایل اے کے گھر سے اسلحہ بھی بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا  ہے  جس کے بعد وہ  پولیس   میں  سر نائک کے خلاف غیر قانونی اسلحہ کا کیس بھی درج کرائےگی۔ 
سیاسی انتقام، ہم جھکیں گے نہیں: راؤت
  شیوسینا کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے اس کارروائی کو  سیاسی انتقام قراردیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’’مہاراشٹر سرکار اوراس کے لیڈر کسی کے بھی دباؤ  کے آگے  ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔‘‘ چھاپوں کے بعد سرنائک نے راؤت سے ملاقات کی۔

 پرتاپ سرنائک  نے کیا کیا ہے؟

 پرتاپ سر نائک  جو تھانے کے ماجی واڑہ ودھان سبھا حلقہ سے ایم ایل اے  ہیں کے خلاف ای ڈی کی کارروائی کو اس لئے انتقامی کارروائی قراردیا جارہاہے کیوں کہ انہوں نے  وزیراعلیٰ اُدھوٹھاکرے کے خلاف ارنب گوسوامی کی بدتمیزی پر سخت موقف اختیار کیا تھا۔انہوں نے اسمبلی میں مراعات شکنی کی تحریک پیش کی جو منظور ہوئی اور گوسوامی کو نوٹس جاری ہوا۔ گوسوامی بی جےپی کا قریبی سمجھا جاتاہے۔  اس کے علاوہ انہوں نے  نہ صرف  انوئے نائک خود کشی کیس کی از نوجانچ کی مانگ کی تھی بلکہ ممبئی کا موازنہ مقبوضہ کشمیر  سے کرنے پر کنگنا کے خلاف بھی غداری کاکیس درج کرنے کی  مانگ کی تھی ۔    

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK