Inquilab Logo

 خوردنی تیل کی قیمتوں میں۱۰؍روپے فی کلوکی گراوٹ آئے گی

Updated: July 08, 2022, 10:59 AM IST | Agency

مرکزی حکومت نے خوردنی تیل کمپنیوں سے دام گھٹانے کو کہا ہے،چونکہ ملکی مانگ کا ۶۰؍فیصد حصہ درآمد سے پورا کیا جاتا ہے اور فی الوقت غیر ملکی بازار میں کروڈ پام آئل کی قیمتوں میںتقریباً ۲۸؍ فیصد کی گراوٹ آئی ہے لہٰذا دام میں تخفیف ہونے کا قوی امکان ہے

Edible oil prices of all companies will come down, which will help consumers who are worried about inflation..Picture:INN
سبھی کمپنیوں کے خوردنی تیل کے داموں میں کمی آئےگی جس سے مہنگائی سے پریشان صارفین کو تھوڑی بہت راحت ملے گی۔ تصویر: آئی این این

مہنگائی سے فکرمند عام آدمی کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں گراوٹ آسکتی ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے تیل کمپنیوں کودام گھٹانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سویا بین کی قیمتوں میں بھی گراوٹ کا قوی امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی الحال سویابین کا موجودہ دام ۶۲۵۰؍ روپے سے ۷۵۰؍ روپے ہے جو لڑھک کر ۵۵۰۰؍ روپے فی کوئنٹل تک آسکتا ہے ۔ ’اوریگو کموڈیٹیز‘ کے سینئر وائس پریسڈنٹ راجیو یادو کے مطابق سویابین کی پیداوار میں سرفہرست ریاستوں میں بارش کی  وجہ سے سویا بین کی قیمتوں  میں گراوٹ ہے ۔ 
عالمی بازار میں قیمتیں گھٹ رہی ہیں
 خیال رہے کہ ہندوستان اپنی کھانے کے تیل کی مانگ کا لگ بھگ ۶۰؍ فیصد حصہ امپورٹ سے پورا کرتا ہے ۔ اس وجہ سے غیر ملکی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا گھریلو بازار پر راست اثر پڑٹاہے۔ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسروں نے کہا ہے کہ سبھی اہم کمپنیوں کے نمائندے اگلے ایک ہفتے میں قیمتیں کم کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔ اس سے صارفین کو راحت ملے گی۔
امپورٹ چارج میں کمی کی گئی 
 پچھلے ایک ماہ میں مونگ پھلی اور ونسپتی کو چھوڑ کر سبھی اہم خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں گراوٹ آئی ہے۔ گزشتہ دنوں وزارت مالیات نے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔جس میں کہا گیا تھا کہ سالانہ ۲۰؍ لاکھ ٹن خام سویا بین اور سورج مکھی تیل پر مالیاتی سال ۲۳۔۲۰۲۲ء اور ۲۳۔۲۰۲۳ء میں امپورٹ چارج نہیں لگایا جائے گا۔  سالوینٹ ایکسٹریکٹسرس اسوسی ایشن آف انڈیا (ایس ای اے) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بی وی مہتانے کہا کہ ہم نے پہلے ہی برانڈ کی بنیاد پر خوردہ قیمتوں میں ۱۰؍ سے ۲۰؍ روپے فی لیٹر کی کمی کردی ہے ۔ ہم انہیں ۱۰؍ سے ۱۵؍ روپے فی لیٹر اور کم کردیں گے، لیکن یہ راتوں رات نہیں ہوسکتا،اس کے لئے تھوڑا وقت لگے گا کیونکہ کارگو ایڈوانس میں بُک کئے جاتے ہیں اور قیمت میں تبدیلی کے عمل میں وقت لگتا ہے۔
کروڈ آئل کے دام ایک سال کی نچلی سطح پرآگئے
 غیر ملکی بازار میں گزشتہ ایک ہفتے میں کروڈ پام آئل (سی پی او) میں تقریباً ۲۸؍ فیصد کی گراوٹ آچکی ہے اور دام فی الحال ایک سال کی نچلی ترین سطح پر ہے۔ کروڈ سویابین آئل اور سورج مکھی تیل پر امپورٹ چارج کو ختم کرنے ، انڈونیشا اور ملیشیا سے سی پی او اور پامولین کی زیادہ سپلائی کی امید، ملرس اور اسٹاکسٹ کی جانب سے سویا بین اور سرسوں کی کمزور مانگ سورج مکھی تیل کے امپورٹ میں اضافتہ سویابین کی قیمتوں میں گراوٹ کی اہم وجوہات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
مدھیہ پردیش میں سویابین کی بوائی۷۰؍فیصد آگے
 راجیو کا کہنا ہے کہ ملک میں سویا بین کی بوائی بڑھنے اور مدھیہ پردیش کے ساتھ مہاراشٹر میں بارش کے درمیان معقول بوائی کے امکانات سے قیمتوں پر دباؤ برقرار رہے گا۔ وزارت زراعت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق کسانوں نے جاری خریف سیزن میں جمعہ (یکم جولائی ۲۰۲۲ء) تک ۳۰ء۵۲؍ لاکھ ہیکٹر میں سویا بین کی بوائی کی ہے جو ایک سال پہلے کے ۳۰ء۲۹؍ لاکھ ہیکٹر کے موازنہ میں ایک فیصد زیادہ  ہے۔
مہاراشٹر میں بھی بوائی نے رفتار پکڑی 
 ملک کے دوسری سب سے بڑی سویا بین پیداوار ریاست مہاراشٹر میں سویا بین کی بوائی نے رفتار پکڑ لی ہے اور پچھلے سال کی اسی مدت کے موازنہ میں پچھلے ہفتے تک بوائی میں ۸۹؍فیصد کی گراوٹ کے مقابلے یکم جولائی تک رقبہ صرف ۸؍فیصد رہ گیا ہے۔ سب سے بڑی پیداوار ریاست مدھیہ پردیش میں پچھلے سال کے موازنہ میں ابھی تک بوائی ۷۰؍ فیصد آگے چل رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK