Inquilab Logo

اورنگ آباد اردوکتاب میلہ میں ایجوکیشن ایکسپو،’ ’قرآن اور ماڈرن سائنس ‘ نمائش توجہ کا مرکز 

Updated: December 21, 2022, 8:58 AM IST | Aurangabad

اس ایکسپو میں شہر کے مشہور ادارہ `’ تحفظ دین میڈیا ‘ کی جانب سے ملک میں اپنی نوعیت کے پہلے ا ور منفرد تھری ڈی اسلامک کارٹون چینل ’ کڈس میسیج‘ کا بھی تعارف کرایا گیا

Students look happy after buying books at the book fair.
کتاب میلے میںطالبات کتابیں خریدنے کے بعد خوش نظر آرہی ہیں۔(تصویر،انقلاب )

مراٹھواڑہ میں اردو زبان وادب  اور مختلف سرگرمیوںکیلئے مرکزی حیثیت رکھنے والے اس شہر میں جاری اردو کتاب میلے میں ایجوکیشن ایکسپو کاانعقاد بھی جاری ہے۔اس ضمن میں آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر باسط صدیقی اور افروز خان نے خبر رساں ایجنسی یو این آئی کو تفصیلات بتلاتے ہوئےکہا کہ اس ` ایجوکیشن ایکسپو  اور اردو کتاب میلہ کے دوران۷؍ دنوں میں مختلف عنوانات پر۴۰؍ سے زائد سمینار اور کانفرنسیں  ہونگی۔ یہاں جملہ۱۳۸؍ اسٹالس لگائے گئے ہیں جن میں سے۴۸؍کتابوں  کے۴۶؍ ایجوکیشنل کمرشل کے ،۲۳؍ تعلیمی اداروں کے اور۲۳؍خواتین کیلئے مختص اسٹال ہیں۔
 اس ایجوکیشن ایکسپو کی ایک اہم اور سب سے نمایاں خصوصیت میں’ ` قران اور ماڈرن سائنس ‘ عنوان سے سائنس نمائش  ہے ۔ایڈوکیٹ سید فیض کے مشہور ادارے اسلامک ریسرچ سینٹر ( آئی آر سی) کی جانب سے لگائی گئی یہ نمائش کتاب میلے میں آنے والے طلبا وطالبات اور دیگر افراد کی توجہ  کامرکز بنی ہوئی ہے۔اس نمائش کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہاں پر دنیا میں جتنی بھی زبانوں میں قران مجید کا ترجمہ ہوا ہے ان سب کی ایک ایک کاپی رکھی گئی ہے۔ قران کے۳۵؍ زبانوں کے تراجم یہاں رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نمائش میں پرانے نوٹس، سکے اور ڈاک ٹکٹ بھی رکھے گئے ہیں۔
 کتاب میلے میں ملک کے تقریباً تمام اہم پبلشروں  اور مقامی کتب فروشوں نے اپنے اسٹال لگائے  ہیں۔ اس کے علاوہ  شہرو اطراف کے تعلیمی اداروں اور اسکولوں نے بھی اپنے اسٹال لگاکرطلبہ کے ذریعے سے تیار کردہ پروجیکٹوں کی نمائش کی ہے۔ حیدرآباد کے فانوس ایجوکشن چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے  بھی ایک اسٹال لگایا گیا ہے۔اس ادارے کی جانب سے کل ہند سطح پر بین المدارس و بین  الکلیات مقابلوں کو بعنوان ’ فانوس آگہی‘ ` منعقد کیا جاتا ہے۔۲۱؍ دسمبرکو ان مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
 جامعہ اسلامیہ اکل کوا کی جانب سے بھی ایک اسٹال لگایا گیا ہے۔ اس ذمہ ادار اور ادارے کے فزیکل ڈائریکٹر جنید قاضی نے ادارے کی جانب سے چلائے جانے والے مختلف کالجوں اور اسکولوں کا تعارف کرایا اور بتایا کہ مولانا  وستانوی اور حذیفہ مولاناغلام محمد وستانوی کی کوششوں سے ادارہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔اس موقع پر ادارے کی جانب سے جاری ماہنامہ  ’شاہراہ علم‘   کے خصوصی شمارے جو نئی قومی تعلیمی پالیسی پر محیط ہے، کے بارے میں ماہنامہ شاہراہ علم کے ذمہ دار مولانا مفتی ہلال الدین نے بتایا کہ خصوصی شمارے ` نئی تعلیمی پالیسی اور مسلمانوں کیلئے لائحہ عمل سے سب کو استفادہ کرنا چاہئے۔
 اس ایکسپو میں اورنگ آباد  کے مشہور ادارہ ` تحفظ دین میڈیا ` کی جانب سے ملک میں اپنی نوعیت کے منفرد اور پہلے تھری  ڈی اسلامک کارٹون چینل ’ کڈس میسیج‘  کا تعارف کرایا گیا ۔ قاری ضیا الرحمٰن فاروقی نے بتایا کہ اپنے بچوں کو کفریہ  اور شرکیہ کارٹونس سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ ایک منظم تحریک ہے۔ کڈس میسیج دلچسپ اور خوبصورت انداز میں حمد نعت نظمیں، اسلامی علمی اخلاقی ایمانی اصلاحی تربیتی کہانیاں اور واقعات کا خزانہ ہے اور ان کارٹون کے ذریعے بچوں کی ایمانی، اسلامی، تعلیمی، اخلاقی اور اصلاحی تربیت کریں۔ شہر کے ایک اور مشہور ادارے ` ’ریڈ اینڈ لیڈ فاونڈیشن‘ کے مرزا عبدالقیوم ندوی کی جانب سے لگائے گئے اسٹال پرطلبہ اور کتابوں کے شائقین کیلئے خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے۔اسی طرح ` قومی کونسل برائے فروغ اردو ` کی جانب سے بھی ایک وسیع اسٹال لگایا گیا ہے جہاں کتابوں پر۷۵؍ فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔ کیلنڈروں کے شائقین کیلئے ` وحدت اسلامی ` کی جانب سے تیار کردہ کیلنڈر بھی ایکسپو میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔اورنگ آباد میں اردوکتاب میلہ اور ایجوکیشن ایکسپو کایہ  انعقاد’سوشل ۷؍ فاؤنڈیشن کی جانب سے کیا گیا ہےجو۲۲؍ دسمبر تک جاری رہےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK