Inquilab Logo

ستایس ؍ ستمبر کو بھارت بند کامیاب بنانے کی کوششیں تیز

Updated: September 25, 2021, 7:48 AM IST | saeed Ahmed

کسانوں کی حمایت میں ملک بھر کی ۱۰۰؍ تنظیمیں کمر بستہ۔ جگہ جگہ پمفلٹ تقسیم کرکے عوام کو بند میں حصہ لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش، مزدووں کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ بھی سرگرم

Some social workers with pamphlets at the thane.Picture:Inquilab
تھانے میں پمفلٹ کے ساتھ کچھ سماجی کارکنان(تصویر: انقلاب)

 سیاہ زرعی قوانین کے خلاف اورکسانوں کی حمایت میںآواز بلند کرنے کیلئے سنیوکت کسان مورچہ (ایس کے ایم )کے ذریعے ۲۷؍ستمبرکو بلائے گئے بھارت بند کو کامیاب بنانے کیلئے مختلف انداز میںکوششیں کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے میں جمعہ کو مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پرپمفلٹ  تقسیم کئے گئے۔پمفلٹ میںسیاہ زرعی قوانین اورکسانوں کے احتجاج ، ملک کے موجودہ حالات ،نجکاری ، خواتین پربڑھ رہے مظالم ، بے روزگاری اورپیٹرول ،ڈیزل اوررسوئی گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام کو متوجہ کیا گیا ہے کہ وہ ان مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے کسان بھائیوں کی آوازکو تقویت دینے کیلئے بھارت بند کو کامیاب بنائیں۔
 یہ پمفلٹ سی پی آئی اوربہوجن اسنگٹھت  مزدور یونین ،مہاراشٹر گھریلو کامگار یونین ، شرمک جنتا سنگھ ، کامگار ایکتاکمیٹی ، ٹریڈیونین سینٹر آف انڈیا، بھارتیہ مہیلا فیڈریشن ، سوراج ابھیان ، سمتا وچار پرسارک سنستھا اورآیٹک وغیرہ کی جانب سے تھانے ،نوی ممبئی ، کلیان اورڈومبیولی وغیرہ علاقوںمیںتقسیم کئے گئے۔   اس تعلق سے پہلے مراٹھی پترکار سنگھ میں پریس کانفرنس اوربھوپیش گپتا بھون (پربھادیوی) میں میٹنگ کی جاچکی ہے ۔اس میٹنگ میں مزدور ،  کسان  اور طلبہ یونینوں کے لیڈران  کے علاوہ  غیرمنظم مزدور ،اساتذہ  کے علاوہ  مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پریہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ ایک لاکھ سے زائد پمفلٹ تقسیم کئے جائیںگے۔
 کامریڈ پرکاش ریڈی ، کامریڈ ملند راناڈے ، کامریڈ چندرکانت دیسائی ، کامریڈ پرکاش نارویکر، کامریڈ بابا ساونت، کامریڈ وجے دلوی ، کامریڈ ببلی راوت ،چندربھان آزاد، لکشمی چھایا پاٹل ، ایڈوکیٹ رویندر جوشی ، اورجگدیش کھیراڈیا ، پربھاکر شیڈگےاوروجے بنسوڑ  وغیرہ کے نام سے شائع کردہ اس پملفٹ میںلکھا گیا ہے کہ ۲۷؍ستمبر کوبھارت بند، ممبئی بند اور مہاراشٹر بند۔   ساتھ ہی عوام کویہ کہتے ہوئے متوجہ کیا گیا ہے کہ یہ مسائل کسی اورکے نہیںبلکہ آپ کے ہیں، مہنگائی اوربے روزگاری کی قیمت آپ چکارہے ہیں، خواتین پر مظالم اوران کا تحفظ ہم سب کا مسئلہ ہے ، بے روزگار اورمہنگائی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ اس لئے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بھارت بند کو کامیاب بناکرعام آدمی مرکزی حکومت کو اپنی طاقت کا احساس  دلائے جو کسانوں کی بات سننے کو تیار نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK