Inquilab Logo

اقلیتی طلبہ کے لئے اسکالر شپ سے متعلق بیداری لانے کی کوشش

Updated: August 17, 2020, 8:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

اس بارے میں منعقدہ ویبنار میں ملی تحریک فاؤنڈیشن اور اقراء گائیڈنس سینٹر کے عہدیداروں کا اسکالر شپ کے زیادہ سے زیادہ فارم پُر کرنے کا عزم

Abu Asim Azmi
فارم پُر کرنے کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے ابوعاصم اعظمی۔

کوروناوائرس سے حفاظت کیلئے  جاری لاک ڈاؤن میں غریبوں کا برا حال ہے ۔ کئی خاندانوں کو دو وقت کا کھانا بھی نصیب نہیں ہو پارہا ہے۔ ایسے حالا ت میں اقلیتی طلبہ کی اسکالر شپ کیلئے آن لائن فارم پُر کرنے کا سلسلہ ۱۶؍ اگست سے شروع کیا گیا ہے۔ ان حالات میں اقلیتی طبقے کے زیادہ سے زیادہ طلبہ ان اسکیموں سے استفادہ کر سکے اس کیلئے غیر سرکاری تنظیم ’ملی تحریک فاؤنڈیشن  ‘ اور ’اقراء گائیڈنس سینٹر‘کی جانب سے اتوار کو  ویبنار کا انعقاد کیا گیا ۔ ’اسکالر شپ اینڈ ایجوکیشنل اسسٹنس فرام این جی او‘  عنوان سے یہ ویبنارمنعقد کیا گیا تھا۔  اس ویبنار میں پرزنٹیشن کے ذریعے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اسکالر شپ  ، میرٹ کم مینس اسکالر شپ ، مولانا آزاد اسکالر شپ برائے طالبات (بیگم حضرت محل اسکالر شپ) اور دیگر اسکالر شپ کے بارے میں اہم  معلومات دی گئی ۔
  ملی تحریک فاؤنڈیشن اور اقراء گائیڈنس سینٹر کے عہدیدار نصیر امین  خان نے  اسکالر شپ کے تعلق سے معلومات دی۔ اس ویبنار میں ممبرا  کے علاوہ کرلا ، چمبور، ممبئی کے مختلف علاقوں کے علاوہ بھیونڈی ، اورنگ آباد، احمد نگر  اور دیگر اضلاع سے ۸۵؍ سرپرستوں اور طلبہ نے شرکت کی۔  ویبنار میں متعدد سرپرستوں نے سوالا ت بھی کئےجن کا نصیر امین  خان نے اطمینان بخش جواب دیا۔
  نصیرامین  خان  اور فیصل چودھری نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ برس ممبرا کے مستحق طلبہ کو ۲؍ کروڑ روپے کی اسکالر شپ  ملی ہے اور امسال مزید طلبہ کو اسکالر شپ ملے اس کیلئے کوشش کی جائے گی۔ تنظیم کی جانب سے اسکولوں سے بھی تعاون دینے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سوال کے جواب میں نصیر خان نے بتایاکہ اسکالر شپ میں میونسپل طلبہ اور ایسے اسکول کےطلبہ بھی درخواست دے سکتے ہیں جو ایڈیڈ اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں جہاں فیس نہیں لی جاتی۔
’رہنمائی کیلئے رابطہ قائم کریں‘
 خان نصیر اور ان کے ساتھی فیصل چودھری  نے کہا ہےکہ سرپرست حضرات ایجوکیشن اسکالر شپ کا فارم پُر کرنےیا رینیو کرنے کے تعلق رہنمائی حاصل کرنے یا آن لائن فارم پُر کروانے کیلئے درج ذیل نمبرات  پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں :
نصیر خان : ۷۰۳۹۲۳۱۹۳۱
ای میل: naseerdudhara612@gmail.com
فیصل چودھری: ۹۳۲۲۲۹۹۹۲۹
  فیصل چودھری نے اسکولوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ آن لائن پڑھائی کے دوران اپنے طلبہ کوان اسکالر شپ کے تعلق سے بھی بیدار کریں۔ 
 مزید معلومات نیشنل اسکالر شپ پورٹل سے بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔

فارم پُرکرنے کے کام کا افتتاح

یہاں واقع سماجوادی پارٹی کے آفس میں اسکالر شپ فارم پُر کرنے کے کام کا افتتاح رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے ہاتھوں ہوا ۔  اس موقع پر ابو عاصم اعظمی نے اعلان کیا کہ ممبرا کی طرح گوونڈی اور دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں بھی اسکالر شپ کے فارم پر کرنے کا نظم کیاجائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ استفادہ کر سکے  او راسکالر شپ حاصل کر سکے۔ ممبرا کے سماجوادی پارٹی لیڈر عادل خان اعظمی نے بھی  فارم پُر کرنے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK