Inquilab Logo

مالیگائوں ،دھولیہ اور ناندیڑسمیت متعدد شہروں میں عید کی نماز گھروں پر ہی ادا کرنے کا فیصلہ

Updated: May 23, 2020, 4:26 AM IST | Mukhtar Adeel/ Z.A Khan | Malegaon/ Nanded/ Dhule

مقامی انتظامیہ سے میٹنگوں کے بعد متعدد علما ءاور معززین شہر کا اعلان ، کسی بھی طرح کی بدامنی سے گریز کا مشورہ ، کورونا سے لڑنے کا عزم۔

Meeting in Dhule. Photo: Inquilab
دھولیہ میں ہونے والی میٹنگ۔تصویر : انقلاب

 مالیگائوں ، دھولیہ ، ناندیڑ اور دیگر شہروں میں نماز عید گھروں پر ہی پڑھنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں مالیگائوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ عالم دین مولانا عبد الحمید ازہری نے کہا کہ ’’اسباب و وسائل کے باوجود آج اس بات کی ضرورت ہےکہ عید کی نماز عیدگاہوں پر ادا نہ کی جائے بلکہ سرکاری انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے گھروں پر ہی ادا کی جائے۔ ‘‘ نماز عید کیلئے عید گاہوں یا مساجد میں اجازت د ئیے جانے کی بابت محکمہ پولیس نے۲؍مرتبہ مشورتی نشست منعقد کی ۔پہلی نشست میں عبدالمالک سیٹھ بکرا والا اور حاجی یوسف الیاس کی جانب سے موقف پیش کیا۔مفتی اعظم ہند عید گاہ کی جانب سے شکیل احمد سبحانی نے پہلی نشست میں اعلان کیاکہ نماز عید مفتی اعظم عید گاہ مالیگائوں میں ادا نہیں کی جائیگی۔ رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے نماز عید کی افادیت بتائی ۔ اس معاملے میں دوسری نشست بے نتیجہ رہی البتہ ۲۱؍مئی کی شب ساڑھے دس بجے اے ٹی ٹی ہائی اسکول گرائونڈ میں تیسری نشست میں پولیس انتظامیہ اور عید گاہوں کے ٹرسٹیان کے درمیان طے پایا کہ نماز عید کی ادائیگی گھروں میں کی جائے ۔ 
 ادھر دھولیہ ضلع کے سرپرست وزیر عبدالستار جمعرات کو ضلع کے دورہ پر آئے تھے۔ ان کی صدارت میں ضلع کلکٹر دفترکے اجلاس ہال میں شہر کے سرکردہ افراد اورعوامی نمائندوں کی میٹنگ عمل میں آئی۔ اس دوران شہر کے رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ،سابق ڈپٹی میئر شوال امین ، الحاج صابر سیٹھ ،منظور انصاری ،کارپوریٹر امین پٹیل و دیگر نے شہر کے مسلمانوں کی جانب سے مسائل پیش کئے لیکن یہ بھی یقین دلایا کہ حالات کے پیش نظر مسلمان اپنے اپنے گھروں میں ہی عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔
  ادھر ناندیڑ میں ضلع پولیس انتظامیہ کے ساتھ علماء اکرام کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ کا انعقاد آل انڈیا امام کونسل اور جمعیۃ علماء کی جانب سے کیا گیا تھا ۔میٹنگ میں ضلع ایس پی وجئے کمار اور دیگر افسران موجود تھے۔ جبکہ ضلع اور شہر کے علماءکرام میں مولانا ایوب قاسمی ، مولانا عبدالحسیب قادری ،قاضی محمد رفیق وغیرہ موجود تھے اس کے علاوہ سینئر قانون داں ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی اور سماجی کارکن مسعود حسین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ان سبھی نے نماز عید گھرپر ہی ادا کرنے پر اتفاق کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK