Inquilab Logo

ہم ۵۰؍ کھوکے لینے والے نہیں، ترقی کیلئے ۲۰۰؍ کھوکے دینے والے ہیں

Updated: November 14, 2022, 12:24 PM IST | Ali Imran | Bhandardara

بھنڈارہ میں مختلف ترقیاتی کاموںکے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا مخالف گروہ کے ذریعے لگائے جارہےالزام کا جواب ،یقین دلاتے ہوئے کہا ’’ ہماری حکومت کام کرنے والی ہے اور ہم صنعتوں کو ریاست میں لائیں گے‘‘ ،دعویٰ کیا کہ ادھو گروپ کے کئی اراکین ہمارے رابطے میں ہیں

Chief Minister Shinde also said in his address that some people are getting stomach ache due to our work.Picture:INN
وزیر اعلیٰ شندے نے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہمارےکاموں سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد ہورہا ہے ۔ تصویر:آئی این این

 پیتل کی صنعت کیلئےمشہور اس شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتا ح کرنے پہنچے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مخالف شیوسینا گروہ کے ذریعے لگائے جا رہے ۵۰؍کھوکے کےالزام کے جواب میں کہا کہ ہم ۵۰؍ کھوکے لینے والے نہیں بلکہ  ریاست کی ترقی کیلئے ۲۰۰؍ کروڑ  دینے والے ہیں۔  شندے نے یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ہماری حکومت تیز رفتاری سے کام کررہی ہے۔ اس کی وجہ سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے اور بار بار یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ریاست میں حکومت گر جائے گی۔ ادھو ٹھاکرے اپنے ہی ایم ایل ایز کو برقرار رکھنے کی مایوس کن کوشش کررہے ہیں۔‘‘ ان الفاظ میں ادھوٹھاکرے کے سرکار گرنے کے دعوے کا وزیر اعلیٰ نے جواب دیا۔ 
 شندے نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی منطق نہیں ہے کہ حکومت گر جائے گی۔ جبکہ خود اپنی پارٹی میں ایم ایل اے کو برقرار رکھنا ان کیلئے مشکل ہے۔ ہمارے  پاس ۱۷۰؍ اراکین اسمبلی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہر روز نئے ایم ایل اے اور ایم پی ہمارے ساتھ شامل ہونے کیلئے ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔ اس خطاب عام میں وزیر اعلیٰ نے ان الزامات کا دو ٹوک جواب دیا کہ ترقیاتی منصوبے ریاست سے باہر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ کیا کسی بڑے پروجیکٹ کا منصوبہ دو تین ماہ میں طے ہوکر باہر چلاجاتا ہے یا ریاست میں آتا ہے؟ یہ کوئی جادوئی چھڑی نہیں ہے کہ گھمائی اور پروجیکٹ ادھر سے اُدھر چلا گیا۔ مہاوکاس اگھاڑی اپنی ناکامیاں ہمارے سر تھوپ رہی ہے۔‘‘انہوں نے یقین دلایا کہ ہماری حکومت کام کرنے والی حکومت ہے اور ہم صنعتوں کو ریاست میں لائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ، `ناگپور اور شرڈی کے درمیان سمرودّھی قومی شاہراہ کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ سبھی کا اصرار ہے کہ سمردّھی ہائی وے کو ناگپور سے بھنڈارہ اور گڈچرولی تک بڑھایا جائے۔ شندے نے کہا کہ ہم نے سمرودّھی ہائی وے کو بھنڈارہ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پچاس کھوکے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اس خطاب عام میں کہا کہ’’ ہمارے ایم ایل اے پر پچاس کھوکے لینے کا الزام ہے لیکن ہم۵۰؍ کھوکے لینے والے نہیں بلکہ ہم ترقی کیلئے۲۰۰؍ کھوکے دینے والے لوگ ہیں یعنی ترقی کیلئے ۲۰۰؍کروڑ ہم ریاست کی ترقی کے لئے خرچ کرسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ایکناتھ شندے کا ودربھ میں یہ پہلا جلسہ عام تھا۔
 بھنڈارہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوںکا افتتاح
  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  نے۱۳؍ نومبر کو بھنڈارہ ضلع کا دورہ کیا۔ وہ دوپہر۱۲؍ بجکر ۲۰؍ منٹ پرہیلی کاپٹر کے ذریعے گوسی کھرد ڈیم ایریا پہنچے۔گوسی کھرد آبی پروجیکٹ کا معائنہ کرنے کے بعد دوپہر۲؍ بجے بھنڈارہ شہر کے ناشک نگر بدھ ویہار کے شہید اسمارک میں ای لائبریری  اور باغ کی تزئین کاری کے کام کا افتتاح کیا۔ دوپہر۲؍ بجکر ۲۰؍بجےمسلم لائبریری چوک میں نگر پریشد گاندھی ودیالیہ کی عمارت کا افتتاح، کھات روڈ پر کھام جھیل کی خوبصورتی کا افتتاح اور دوپہر۲؍ بجکر ۳۵؍منٹ سے ۳؍بجے کے درمیان بھوئیری گٹار اسکیم کے تحت کام کے افتتاح میں شریک ہوئے۔
اس سے قبل ناگپور ایئرپورٹ پرمیڈیا نمائندوں سے خطاب 
 وزیر اعلیٰ  شندے  اس سے قبل یعنی ۱۲؍ نومبر کوترقیاتی کاموں کافتتاح کیلئے ناگپور پہنچے تھے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جتیندر اوہاڑ کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کیا۔  اس کےساتھ ہی انہوں نےراہل گاندھی اور آدتیہ ٹھاکرے، سنجے راؤت کے بیان پر زیادہ گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت کام کو ترجیح دیتی ہے، میں ان کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا جن کے پاس کام نہیں ہے۔  وزیر اعلیٰ نے اس سوال کا کہ ایک اور پروجیکٹ مہاراشٹر سے باہر چلا گیا ،جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی پروجیکٹ تین چار ماہ میں آتا ہے اور کہیں چلا جاتا ہے، ایسا نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت صنعتوں کو فروغ دینے والی حکومت ہے۔ این سی پی  ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ اور ان کے کارکنوں نے ویویانا مال میں فلم `’ہر ہر مہادیو‘ کے شو کو روک دیا تھا۔ اس موقع پر ہونے والے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے جتیندر اوہاڑ اور ان کے کچھ کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ این سی پی کا الزام ہے کہ یہ گرفتاری سیاسی دباؤ کی وجہ سے کی گئی  ۔ وزیر اعلیٰ نے اس پر بھی رد عمل دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتیندر اوہاڑ کے خلاف کارروائی پولیس کی قانونی کارروائی ہے۔ کسی نے سیاسی مداخلت نہیں کی۔ ہماری حکومت سیاسی انتقام کیلئے کام نہیں کرتی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK