Inquilab Logo

ہماچل پردیش میں انتخابی مہم ختم، کل پولنگ ہوگی، سیکوریٹی سخت

Updated: November 10, 2022, 11:21 PM IST | simla

امیت شاہ سے لے کر پرینکا گاندھی تک ، اور یوگی آدتیہ سے لے کر جے رام ٹھاکر تک سبھی کی آخری دن عوام کو اپنی اپنی پارٹی کی طرف راغب کرنے کی بھر پور کوشش، پرانی پنشن کا موضوع جلسوں میں چھایا رہا

Priyanka Gandhi along with other Congress leaders at a rally in Shilai region of Himachal Pradesh (PTI)
ہماچل پردیش کے شیلائی علاقے میں پرینکا گاندھی ایک ریلی میں دیگر کانگریسی لیڈران کے ساتھ( پی ٹی آئی)

) ہماچل پردیش اسمبلی کیلئے ۱۲؍ نومبر کو ووٹنگ ہونے جا رہی ہے ۔ جمعرات کو یہاں انتخابی مہم کا  آخری دن تھا۔ لہٰذا تمام پارٹیوں نے اپنی اپنی طرف سے تشہیر میں پوری طاقت جھونک دی۔ آخری دن جہاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے خود بی جے پی کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی تو یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی ان کا ہاتھ بٹانے پہنچے۔ ان کے علاوہ  ہماچل کے وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے خود بھی کئی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ ادھر کانگریس کی جانب سے پرینکا گاندھی نے مورچہ سنبھالا۔ انہوں نے بھی دھواں دار طریقے سے کی ریلیوں میںحصہ لیا۔  ان کا ساتھ دینے کیلئے سچن پائلٹ بھی  وہاں موجود تھے۔ ان کے علاوہ اشوک گہلوت اور بھوپیش بگھیل پہلے ہی ہماچل پردیش میں خیمہ زن ہیں۔  خاص بات یہ ہے کہ ان تمام لیڈروں نے یہاں پرانی پنشن کا تذکرہ ضرور کیا جو اس  الیکشن میں ہماچل کا بنیادی موضوع سمجھا جا رہا ہے۔ 
  امیت شاہ نے  ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ کانگریس راجا رانیوں کی پارٹی ہے۔  اس پارٹی میں وزیراعلیٰ کیلئے کئی چہرے ہیں لیکن ان میں سے کسی کو موقع نہیںملے گا۔ ‘‘ وزیر داخلہ نے کہا ’’ کانگریس نے صرف اقربا پروری کو فروغ دیا ہے۔ اور ترقی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘ ایک طرف تو امیت شاہ نے کانگریس پر ترقی کے کام نہ کرنے کا الزام لگایا اور دوسری طرف  اپنی پارٹی کے کاموں کے طور پر ’سرجیکل، اسٹرائیک، رام مند کی تعمیر اور کشمیر سے دفعہ ۳۷۰؍ ہٹانے جیسے فرسودہ موضوعات کو ہی دہراتے رہے۔ ہاں انہوں نے ون رینک ون پنشن کا نام بھی لیا اور کہا کہ لوگ برسوں سے ون رینک ون پنشن کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن کانگریس نے ان کی بات نہیں سنی جبکہ مودی جی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ۲۰۱۵ء میں اسےنافذکر دیا۔  انہوں نے کہا ’’ کانگریس نے یہاں ۱۰؍ سیٹوں پر وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کو اتارا ہے لیکن ان میں سے کسی کو بھی موقع نہیں ملے گا کیونکہ کانگریس میں عہدہ ملنے کیلئے کسی کا بیٹا یا بھائی ہونا ضروری ہے۔   امیت شاہ کے علاوہ یہاں یوگی آدتیہ ناتھ اور جے رام ٹھاکر نے بھی خطاب کیا۔ ان دونوں لیڈروں نے یہ بات دہرائی کہ کانگریس پرانی پنشن کا وعدہ کر رہی ہے لیکن راجستھان میں اس نے نافذ کرنے کا اعلان   کرنےکے باوجود اسے نافذ نہیں کیا ۔ اشوک گہلوت اب بھی اس کے نفاذ کا انتظار کر رہے ہیں۔ 
  پرینکا گاندھی کا ریلیوں سے خطاب
  دوسری طرف پرینکا گاندھی نے بھی جمعرات کو کئی انتخابی حلقوں میں  ریلیوں سے خطاب کیا۔  شیلائی کے مقام پر انہوں نے ایک جلسے کے دوران کہا کہ اگر کانگریس ہماچل پردیش  میں آتی ہے تو وہ پرانی پنشن کو نافذ کرے گی۔  انہوں نے کہا ’’ جن لوگوں نے ملک کی خدمت کی ہے انہیں اس خدمت کا صلہ ملنا چاہئے۔ بی جے پی ان کے اس حق کو ان سے چھیننا چاہتی ہے۔‘‘  انہوں نے کہا ’’ جب کوئی شخص سرکاری ملازمت میں جاتا ہے تو اسے امید ہوتی ہے بڑھاپے میں اسے مالی تحفظ حاصل ہوگا۔ اور پنشن ہی اس کا ذریعہ ہوتی ہے لیکن بی جے پی اس سے یہ ذریعہ چھیننا چاہتی ہے۔‘‘ یاد رہے کہ پرینکا گاندھی تقریباً روزانہ  ہی ہماچل پردیش میں پرانی پنشن کا ذکر کر رہی ہیں جواب میں بی جے پی کو بھی اس پر صفائی دینی پڑ رہی ہے۔ انہوں نے پرانی پنشن کو اہم موضوع بنا دیا ہے۔ پرینکا کے علاوہ اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ نے بھی  ریلیوں سے خطاب کیا۔ اشوک گہلوت نے کہا اس بات ہماچل پردیش میں کانگریس کی یکطرفہ جیت ہوگی۔    جبکہ سچن پائلٹ نے دعویٰ کیا کہ اس بار الیکشن میں بی جے پی کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے اور اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK