Inquilab Logo

ٹیکہ کاری کیلئے الیکشن کمیشن مرکز کو ڈیٹا دینے پر راضی

Updated: January 16, 2021, 10:19 AM IST | Agency | New Delhi

ووٹروں کی فہرست سے ۵۰؍ سال سے زائدعمر کے شہریوں  کی شناخت ہوگی

Covid19 Vaccine - pic : INN
کووڈ ویکسین ۔ تصویر : آئی این این

الیکشن کمیشن آف انڈیا  نے کورونا کے خلاف ٹیکہ کاری مہم کے دوران عمر کے لحاظ سے شہریوں کے انتخاب کیلئے حکومت کو’’مکمل تعاون‘‘دینے کا وعدہ کیا ہے۔ پولنگ اسٹیشن کی سطح پر معمر شہریوں کو ٹیکہ کاری کیلئے منتخب کرنے کے مقصد سے کمیشن نے پارلیمانی اور اسمبلی الیکشن کیلئے تیار کی گئی رائے دہندگان کی فہرست حکومت کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے تاہم  یہ امید ظاہر کی ہے کہ کام  ہوتے ہی، محکمہ صحت کے اہلکار اسے ڈلٹ کردیں گے۔ 
  یہ باتیں حالات سے واقف قریب ترین ذرائع نے بتائی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال۳۱؍  دسمبر کو مرکزی سیکریٹری برائے داخلہ اجے بھلّا نے چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ کو درخواست بھیجی تھی کہ ٹیکہ کاری کیلئے کمیشن  پولیس اسٹیشن کی سطح پر ۵۰؍ سال سے زائد عمر کے شہریوں کی  شناخت میں حکومت کی مدد کرے۔ ڈیٹا کے تحفظ  کے تعلق سے حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سائبر سیکوریٹی کے معاملے میں اعلیٰ ترین معیار کا خیال رکھتی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیٹا کا استعمال صرف اور صرف ٹیکہ کاری کے مقصد کیلئے ہوگا۔ طویل غوروخوض کے بعد ۴؍ جنوری کو بھیجے گئے اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے ’’مکمل تعاون‘‘کا وعدہ کیا ہے مگر امید ظاہر کی ہے کہ مقصد پورا ہوتے ہی مذکورہ ڈیٹا ڈِلٹ کردیا جائے گا۔ 

آج سے ٹیکہ کاری کا آغاز

 وزیراعظم نریندر مودی کورونا کے خلاف ٹیکہ کاری مہم کا سنیچر کو ملک گیر افتتاح کریں گے۔ جمعرات کو دفتر وزیراعظم سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق وہ  صبح  ساڑھے ۱۰؍ بجے ٹیکہ کاری مہم کا آن لائن افتتاح کریں گے۔  پی ایم او کے مطابق یہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم ہوگی جو پورے  ملک کا احاطہ کریگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK