Inquilab Logo

کانگریس کے ۱۱؍ اراکین این ڈی اے میں شامل ہوسکتے ہیں

Updated: January 07, 2021, 1:31 PM IST | Agency | Patna

مدن موہن جھا بھی پارٹی چھوڑدیں گے،بہار کانگریس کے لیڈر بھرت سنگھ کا پارٹی میںبڑے انتشار کا دعویٰ 

Bharat Singh
کانگریس لیڈر بھرت سنگھ

بہار کی سیاست میں بڑا سیاسی بھونچال آسکتا ہے۔بہارکانگریس لیڈر بھرت سنگھ نے ایک سنسنی خیز بیان  دیتے ہوئےکہا ہےکہ  پارٹی کے۱۱؍اراکین اسمبلی این ڈی اے میں شامل ہوسکتے ہیں۔کانگریس پارٹی میں بڑے  انتشار کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ بھرت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ کانگریس قانون ساز اسمبلی کے لیڈر اجت شرما  بھی ان۱۱؍ اراکین اسمبلی میں شامل  ہیں جو پارٹی سے علاحدہ ہوسکتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ یہ بھی  دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا بھی پارٹی چھوڑنے والوں میں شامل ہیں۔
 کانگریس لیڈر بھرت سنگھ کا کہنا ہے کہ مدن موہن جھا اب اشوک چودھری کے راستے پر جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے۱۱؍  ایم ایل ایز نے پیسے دے کر ٹکٹ خریدے اور الیکشن میں جیت حاصل کی۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ یہ سبھی این ڈی اے میں جلد شامل ہوجائیں گے۔ بھرت سنگھ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سے کانگریس کو الگ ہونے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابا ت ۲۰۲۰ءمیں خراب کارکردگی کے بعد بہار کانگریس میں تنازع کی صورتحال ہے۔پارٹی لیڈروں میں آپسی اختلافات کی باتیں مسلسل سامنے آرہی ہیں۔
شکتی سنگھ گوہل نے  عہدہ چھو ڑ دیا
 واضح رہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار انچارج شکتی سنگھ گوہل کے عہدہ چھوڑنے کی  درخواست کو منظوری دے دی ہے۔ شکتی سنگھ گوہل کو بہار انچارج کی ذمہ داری سے آزاد کرتے ہوئے بھکت چرن داس کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ واضح رہے کہ شکتی سنگھ گوہل نے پیر کو پارٹی قیادت سے انہیں بہار انچارج کی ذمہ داری سے آزاد کرنے اور کوئی ’ہلکی ذمہ داری‘دینے کی گزارش کی تھی۔ کانگریس کے تنظیمی جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ شکتی سنگھ گوہل کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے انہیں بہار انچارج کی ذمہ داری سے آزاد کردیا ۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK