Inquilab Logo

کورونا وارئرس سےکئی ممالک میں ہنگامی حالات

Updated: February 24, 2020, 3:57 PM IST | Agency | Beijing

کروناوائرس نے چین کے بعد تیزی سے کئی ممالک کو اپنی چپیٹ میں لے لیا ہے جس سے ہنگامی حالات پیداہوگئے ہیں۔

تہران میں عوام ماسک پہنے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی
تہران میں عوام ماسک پہنے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 سیول /بیجنگ /تہران/اسلام آباد : کروناوائرس نے چین کے بعد تیزی سے کئی ممالک کو اپنی چپیٹ میں لے لیا ہے جس سے ہنگامی حالات پیداہوگئے ہیں۔ چین کےووہان شہر سے پھیلنے والے اس مہلک وبائی مرض نے کئی ممالک میں اپنے پنجے گاڑدئیے ہیں۔  اتوار کو جنوبی کوریا  میں وائرس سے مزید۳؍ افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد یہاں مہلوکین کی مجموعی تعداد۵؍ ہوگئی  ہے۔ اتوار کو۱۲۳؍ نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے جس سے کیسز کی مجموعی تعداد۶۰۲؍ ہوگئی ہے۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے حکام کو سخت سے سخت اقدامات کی اجازت دی ہے ۔  چین میں اتوار کو مزید۹۷؍ افراد مارے گئے جس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد۲۴۴۲؍ ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں اتوارکو  ۶۴۸؍ نئے کیس بھی درج کئے گئے ہیں۔
ایران اور اٹلی میں بھی ہاہاکار
 اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اٹلی میں بھی کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہہوا ہے جس کے بعد وہاں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں۔ اٹلی میں اب تک ۴؍ اور ایران میں۶؍ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایران کے۱۴؍ صوبوں میں اسکول، یونیورسٹیوں اور ثقافتی مراکز بند رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سنیما ہالز اور تمام ثقافتی پروگراموں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ایران میں اتوار کو ۲۸؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مرنے والوں کی تعداد۶؍ ہوگئی ہے۔ اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں۔
 ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا  نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ  صوبہ مركزی  کے گورنر علی آغا زادہ  کے مطابق شہر  اراك  میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے ایک شخص کی 
موت ہوئی ہے۔   واضح رہے کہ ایران میں سامنے آنے والے کیسز کا مرکز مقدس شہر قم ہے۔ یہ دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع ہے۔ اسی کا اثر ہے کہ عراق نے جمعرات سے ایران جانے اور آنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ کویت ایرویز نے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔  ادھر اٹلی کے کاروباری مرکز میلان کے ایک درجن قصبوں میں آباد تقریباً۵۰؍ ہزار افراد کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے جب کہ دکانیں اور اسکولیں بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اٹلی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس جمعہ کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد اٹلی یورپ کا پہلا ملک بن گیا جہاں وائرس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔  وائرس سے پہلی موت جمعہ کو جبکہ دوسری موت سنیچر کو ہوئی۔ 
۲۴۶۹
کرونا وائرس کے سبب  مجموعی اموات(غیرسرکاری اندازہ)
 بلوچستان کے ایران سے متصل اضلاع میں میڈیکل ایمرجنسی
 ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے بعد پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل اضلاع میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔اس صوبے میں محکمہ صحت نے گزشتہ ماہ سے اب تک ایران سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین سے کہا کہ وہ کھانسی اور بخار کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال میں اپنا طبی معائنہ کرائیں۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے نپٹنے کیلئے تفتان میںخیمہ اسپتال قائم کیا جارہا ہے۔
کرونا وائرس کے سبب مسافروں کی آمد ورفت پر پابندی
 اطلاعات کے مطابق افغانستان نے ایران میں کرونا وائرس کی وباء کے پھیلنے کے سبب حفظ ماتقدم کے طور پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔پاکستان نے بھی ایران کی سرحد بند کردی ہے۔ جبکہ ترکی نے بھی عارضی طور پر ایران بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اردن نے چین ،ایران،جنوبی کوریا سے مسافروں کی آمدورفت  پر پابندی لگادی ہے۔ 
امریکہ کا روس پر کورونا وائرس سے متعلق افواہ پھیلانے کاالزام
 نیویارک،(ایجنسی):امریکہ نے الزام لگایا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی ہے جس میں یہ کہا جارہا کہ کورونا وائرس کو دنیا میں پھیلانے میں امریکہ کا ہاتھ ہے۔ روس کی جانب سے سوشل میڈیا پر مختلف زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پھیلائی جارہی ہے۔ یہ بھی غلط دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کورونا  امریکی ایجنسی سی آئی اے کا تیارہ کردہ بائیولوجیکل ہتھیار ہے جس سے امریکہ چین کے خلاف معاشی جنگ لڑرہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK