Inquilab Logo

رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھودُرگ کیلئےمزید۱۰۰ ؍ کروڑ کی ہنگامی مدد

Updated: June 08, 2020, 11:06 AM IST | Siraj Shaikh | Murud

نسرگ طوفان سے کوکن کے تقریباً۷۰؍ فیصد مکانات کو نقصان پہنچا، تباہ حال مکانوں کے پنچ نامے کی کارروائیاں جاری

 Nasrg Storm - Pic : INN
نسرگ طوفان کا اثر ۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ روز ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے نسرگ طوفان سے بری طرح متاثر ہوئے رائے گڑھ ضلع کا دورہ کیاتھا ،نیز طوفان سے زیادہ متاثر علاقوں میں پہنچ کر نقصان کا جائزہ لیا تھا اورمتاثرین کے لئے ۱۰۰؍ کروڑ روپے کی ہنگامی مدد دینے کا اعلان کرتے ہوئے مزید مالی امداددینے کا اعلان کیا تھا۔ اتوار کو وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں نسرگ سے ہوئی تباہی کے تعلق سے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا اور ضلع رتناگیری کے لئے ۷۵؍ کروڑ اور سندھودرگ ضلع کے لئے ۲۵؍ کروڑ کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے اثرات سنگین ہوتے ہیں لیکن  مہاراشٹر کی مہا وکاس آگھاڑی کی سرکار ایسی مصیبت کی گھڑی میں کوکن واسیوں کے ساتھ ہے۔اس موقع پر انہوں نے تھانے اور پال گھر اضلاع میں  ہوئے نقصانات کاجائزہ لینے  کے بارے میں بتاتے ہوئے وہاں بھی امداد دینے کا  ارادہ  ظاہرکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کوکن کے مقابلے میں بہت کم نقصان ہوا ہے۔
 واضح  رہےکہ کوکن  میں نسرگ طوفان سے ہوئے نقصانات کا اندازہ کروڑوں روپے کی ہنگامی امداد سے لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت مہاراشٹر نے طوفان سے متاثرین کے لئے محض ۲؍ دنوں میں۲۰۰؍ کروڑروپے کی امداد فراہم کی۔نسرگ طوفان کی شکل میں آنے والی اس قدرتی آفت نے خطہ کوکن میں معمولات زندگی  درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔ ر اجپوری کے جاوید کارباری نے بتایاکہ ’’ میں نے میری زندگی میں ایسا منظر نہیں دیکھا  ۔طوفانی ہوائوں کے سبب ہمارے گائوں کے زیادہ تر مکانوں کی چھتوں کے پترے ہوا کی طرح اڑ  رہے تھے  یہ منظر قیامت صغریٰ سے کم نہیں تھا۔ ہمارا علاقہ بحر عرب سے بالکل لگ کر ہے۔ تیز ہوائوں کے سبب  یہاں کے۷۰؍ فیصد سے زیادہ لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا اور ان کی چھتیں اڑ گئیں۔میرے مکان کی چھت دیکھتے  ہی دیکھتے اڑ گئی۔ ۳۰؍ سے۴۰؍پترے اڑ گئے۔ کولی واڑے میں ماہی گیروں کی کشتیوں کو بھی زبردست نقصان پہنچا ہے۔مشہور سیاحتی مقام راجپوری میں واقع جے ٹی  کے علاقے میں مون کیٹررس کے مالک سید افسر نے بتایاکہ میری ہوٹل  کا اوپری حصہ پوری طرح برباد ہو گیا اور پارکنگ زون میں لگے تمام اسٹالز تباہ ہوگئے۔ہوٹل پر لگا سولار پینل بھی برباد ہو گیا اس طوفان میں ہمارا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے۔ انجمن اسلام جنجیرہ شریوردھن کے ایک اسکول کے چیئرمن مفسر خلفے نے بتایا کہ ساحل  پر لگی  ہماری دونوں کشتیاں طوفان کی وجہ سے  ٹوٹ پھوٹ گئیں۔بڑی کشتی سمندر میں ڈوب جانے سے کشتی کا پورا  سامان برباد ہو گیا جبکہ چھوٹی کشتی کے دو ٹکڑے ہو گئے اس طرح میرا کل ملاکر ۴؍ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ 

sindhudurg Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK