۲۰۱۴ء میں دائر کئے گئے اس مقدمے میں ایپسٹین کے ترکہ کے شریک منتظمین سابق وکیل ڈیرن انڈائیک اور سابق اکاؤنٹنٹ رچرڈ کاہن کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کردار کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں میں ایپسٹین کی مدد کی۔
EPAPER
Updated: February 20, 2026, 10:07 PM IST | Washington
۲۰۱۴ء میں دائر کئے گئے اس مقدمے میں ایپسٹین کے ترکہ کے شریک منتظمین سابق وکیل ڈیرن انڈائیک اور سابق اکاؤنٹنٹ رچرڈ کاہن کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کردار کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں میں ایپسٹین کی مدد کی۔
جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ترکہ (اسٹیٹ) کے منتظمین نے متاثرین کی جانب سے دائر کردہ مقدمہ کو ختم کرنے کے لئے ۳۵ ملین ڈالر تک کی ادائیگی کے تصفیہ پر اتفاق کرلیا ہے۔ ان متاثرین نے ایپسٹین پر دو دہائیوں سے زائد عرصے تک جنسی زیادتی اور اسمگلنگ کا الزام لگایا تھا۔ اس مجوزہ تصفیے کی تفصیلات ۱۹ فروری کو وفاقی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں شامل ہے۔ اسے حتمی شکل دینے سے پہلے نیویارک کے ایک جج کی منظوری ضروری ہے۔
ایپسٹین پر مقدمہ دائر کرنے والے متاثرین کا الزام ہے کہ جنوری ۱۹۹۵ء سے اگست ۲۰۱۹ء کے درمیان ایپسٹین نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی، انہیں ہراساں کیا یا اسمگلنگ کا نشانہ بنایا۔ اگست ۲۰۱۹ء میں ہی ایپسٹین وفاقی جنسی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت ٹرائل کے انتظار کے دوران نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا۔
تجویز کی شرائط کے تحت، اگر کم از کم ۴۰ افراد معاوضے کے اہل قرار پاتے ہیں تو ایپسٹین کا ترکہ انہیں مجموعی طور پر ۳۵ ملین ڈالر ادا کرے گا۔ اگر ۴۰ سے کم متاثرین معاوضے کے اہل پائے گئے تو ادائیگی کی رقم کم ہو کر ۲۵ ملین ڈالر رہ جائے گی۔ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے وکلاء اور لاء فرم بوائس شلر فلیکسنر ایل ایل پی کو یقین ہے کہ اب بھی اتنی تعداد میں متاثرین موجود ہیں جنہوں نے اس سے پہلے ایپسٹین اسٹیٹ کے ساتھ کوئی تصفیہ نہیں کیا تھا۔
۲۰۱۴ء میں دائر کئے گئے اس مقدمے میں ایپسٹین کے ترکے کے شریک منتظمین سابق وکیل ڈیرن انڈائیک اور سابق اکاؤنٹنٹ رچرڈ کاہن کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کردار کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں میں ایپسٹین کی مدد کی۔ دونوں افراد نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے اور ان پر جنسی زیادتی کرنے یا اس کا گواہ ہونے کا الزام نہیں لگایا گیا ہے۔ عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ یہ تصفیہ شریک منتظمین کی جانب سے ذمہ داری کا اعتراف نہیں ہے البتہ یہ انہیں ان دعوؤں سے متعلق مزید قانونی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرے گا۔
یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ایپسٹین کے نیٹ ورک اور ساتھیوں سے متعلق لاکھوں دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز کے جاری کئے جانے کے بعد ایپسٹین کے جرائم کی دوبارہ جانچ پڑتال کا آغاز ہوا ہے۔ ان انکشافات نے مزید قانونی کارروائیوں اور وسیع پیمانے پر جوابدہی کے مطالبات کو جنم دیا ہے۔