Inquilab Logo

لازمی خدمات پر مامور عملہ جان خطرے میں ڈال کرسفر کرنے پر مجبور

Updated: September 26, 2020, 10:36 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سوشل ڈسٹینسنگ کی دھجیاں اڑاتےہوئے ویسٹرن ریلوے میں مرد و خواتین مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی لوکل ٹرینوں کا ویڈیو وائرل۔

Mumbai local train. Photo: INN
ممبئی لوکل ٹرین۔ تصویر: آئی این این

لازمی خدمات پر مامور عملہ کے لئے لوکل ٹرینیں ۱۵؍جون سے چلائی جارہی ہیں اور بار بار ریلوے کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لازمی خدمات کے زمرے میں توسیع اور مسافروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لوکل سروسیز کی تعداد بھی مسلسل بڑھائی جارہی ہے۔ لیکن اس کا پول اس وقت کھل جاتا ہے جب ایسی تصویریں عام ہوتی ہیں جسے دیکھنے کے بعد سماجی فاصلہ قائم رکھنے کا‌ تصور بھی دور دور تک محال نظر آتا ہے۔ کچھ ایسی ہی تصاویر ویسٹرن ریلوے کے دادر اور بوریولی اسٹیشنوں کی سامنے آئی ہیں جن میں مرد و خواتین مسافر اس سے بے پروا کہ کورونا سے متعلق کچھ ہدایات پر عمل ضروری ہے، بس کسی طرح ٹرین میں گھس جانے کے لئے دھکا مکھی کرتے نظر آرہے ہیں ۔ یہ تصاویر نمائندۂ انقلاب نے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر اور پی آر او گجانن مہتوپورکرکو بھیجیں ۔ انہوں نے جواب دیا کہ یہ ویڈیو ۲۳؍ستمبر کی شام کو۵؍بج کر۲۲؍ منٹ کا بوریولی کے پلیٹ فارم نمبر ۳؍کا ہے جس میں خواتین ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کررہی ہے جبکہ دوسری تصویر دادر کی ہے۔ چونکہ اس دن تیز بارش ہورہی تھی جس کی وجہ سے۴؍ بجے تک چرچ گیٹ تک ٹرینیں بند رہیں ۔ محض باندرہ سے دہانوروڈ تک ہی ٹرینیں چلائی جارہی تھیں ۔ شام کو ۴؍بجے کے بعد حالات معمول پر آگئے تھے اور چاروں لائنوں پر لوکل ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق شروع ہوگئی تھی۔
  چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے یہ بھی بتایا کہ ویسٹرن ریلوے میں کورونا کے تعلق سے تمام ہدایات پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ لازمی خدمات پر مامور عملہ کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی لوکل ٹرینوں کی خدمات بھی بڑھائی گئی ہیں ۔ ۲۱؍ستمبر سے ویسٹرن ریلوے میں ۱۵۰؍سروسیز بڑھا کر کل سروسیز ۵۰۰؍کر دی گئی ہیں ۔ اس کا‌ بنیادی مقصد یہی ہے کہ سفر کے دوران کورونا سے متعلق ہدایات پر عمل کرنے میں مسافروں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ مسلسل اعلانات کے ذریعے بھی کورونا سے متعلق ہدایات کی مسافروں کو یاد دہانی کروائی جاتی رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹرن ریلوے کے نزدیک مسافروں کی حفاظت اور کورونا سے بچاؤ اولین ترجیحات ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK