Inquilab Logo

سچن وازےکیخلاف میٹھی ندی سے ثبوت ڈھونڈ نکا لے گئے

Updated: March 30, 2021, 6:04 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

این آئی اے نے ندی میں پھینکے گئےہارڈڈسک، لیپ ٹاپ، نمبر پلیٹ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے کئی ریکارڈ حاصل کرلئے، سچن وازے کے خلاف کیس اور مضبوط

NIA
این آئی اے کے اہلکارمیٹھی ندی سے برآمد کئے گئے ثبوتوں کے ساتھ۔

مکیش امبانی کو دھمکانے اور من سکھ ہیرین کے قتل کیس کی جانچ میں پیش رفت کرتے ہوئے قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کو میٹھی ندی میں  پھینکے گئے ثبوت ڈھونڈ نکالے جس کے بعد سچن وازے  کے خلاف این آئی اے کا کیس مزید مضبوط ہوگیاہے۔ 
وازے کی موجودگی ندی سے ثبوت نکالے گئے
 اتوار کو این آئی اے کے اہلکارسچن وازے کو باندرہ کرلا کمپلیکس  میں مٹھی ندی کے اسی مقام پر لے گئے جہاں  اہم ثبوتوں کو مٹانے کی کوشش کرتے ہوئے وازے نے انہیں  ندی میں پھینک دیا تھا۔ تفتیشی ایجنسی نے وازے کے اقبالیہ  اور اس  کے ماتحت افسرکی نشاندہی کی روشنی میں غوطہ خوروں کی مدد سے مٹھی ندی میں پھینکی گئی ایک ہی نمبر کی دو نمبر پلیٹوں کے علاوہ ۲؍  ہارڈِسک، ایک لیپ ٹاپ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ریکارڈ رکھنے والے کئی  ڈی وی آر بر آمد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ 
 تفتیش کاروں  نے بتایا  ہے کہ  ندی سے بر آمد کئے گئے لیپ ٹاپ اور ۲؍ہارڈسک  میں سے  ایک ہارڈ ڈسک ملزم کے گھر کے کمپیوٹر کی ہے جبکہ دوسری ممبئی پولیس کے کرائم انٹیلی جنس یونٹ  (سی آئی یو) کے دفتر میں ملزم کے استعمال میں رہنے والے کمپیوٹر کی ہے۔  اس کے علاوہ ملزم کے  زیر استعمال  رہنے والا   لیپ ٹاپ بھی ندی سے برآمد کر لیا گیا ہے۔
کئی گاڑیوں میں فرضی نمبر پلیٹ کا استعمال ہوا
 تفتیشی  ایجنسی  این آئی اے کے مطابق مکیش امبانی اور ان  کے اہل خانہ کو دھمکانے کیلئے استعمال کی گئی مہندرا اسکارپیو سے لے  کرمن سکھ ہیرین کو قتل کرنے کے لئے استعمال کی گئی گاڑی کے علاوہ کئی  دیگر گاڑیوں  میں ان جعلی نمبر پلیٹوں کا استعمال کیا گیا ہے۔  ایجنسی کے بقول میٹھی ندی سے بر آمد کی جانے والی ایک ہی نمبر کی دو نمبر پلیٹوں کا استعمال ضبط شدہ۹؍ گاڑیوں میں سے کسی ایک میں کیا گیا تھا۔   ذرائع کے مطابق وہ نمبر اورنگ آباد کے رہنے والے مدھوکر نادے نامی شخص کی کار کا ہے۔مدھوکر کا کہنا  ہے کہ اس کی گاڑی ۳؍ مہینے پہلے چوری ہوئی تھی جس کی شکایت  بھی وہ پولیس میں  درج کرا چکا۔ اس کے مطابق’’ مجھے یہ نہیں معلوم کی پولیس والوں نے میری گاڑی کا نمبر کیوں اور کیسے استعمال کیا ۔‘‘
سچن وازےکی ہاؤسنگ سوسائٹی اور
  پولیس ہیڈ کوارٹرز کا سی سی ٹی وی فوٹیج مل گیا
 خوطہ خوروں نے میٹھی ندی سے کئی ڈی وی آر (جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رہتا ہے) نکالے ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق ان میں  نہ صرف سچن وازے کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے سی  سی ٹی وی فوٹیج کی ریکارڈنگ موجود ہے بلکہ ممبئی ہیڈ کوارٹرز  کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا ڈی وی آر بھی موجود ہے۔  بتایاجارہاہے کہ این آئی اے سچن وازے کے ماتحت رہنے والے  پولیس افسر ریاض  الدین قاضی   سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر بھی ثبوت اکٹھے کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاض الدین قاضی سے پوچھ تاچھ کے بعد تفتیش کاروں نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ ۱۶۴؍ کے تحت  اس کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروالیا ہے جو ثبوت کی حیثیت رکھتا ہےاو ر سچن وازے کے خلاف عدالت میں استعمال کیا جاسکتاہے۔ این آئی اے کے ذررائع کے مطابق’’قاضی اس کیس میں گواہ ہوگا ۔ ہم اس سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘

’متنبہ کیاتھا کہ سرکار کیلئےوازے  پریشانی بنےگا‘


 شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے پیر کو اعتراف کیا کہ خواجہ یونس قتل کیس کے ملزم  سچن وازے کی بحالی کے وقت ہی انہوں نے متنبہ کیاتھا کہ یہ حکومت کیلئے پریشانی بن سکتاہے۔ یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ سچن وازے کے معاملے نے مہاراشٹر وکاس اگھاڑی سرکار کو بہت کچھ سکھا دیاہے، راؤت نے بتایا کہ ’’جب سچن وازے کو مہاراشٹر پولیس فورس میں دوبارہ بحال کرنے کی تیاری ہورہی تھی تب میں نے چند لیڈروں کو مطلع کیاتھا کہ وہ ہمارے لئے پریشانی  بن سکتاہے کیوں کہ اس کا مزاج اور کام کرنے کاطریقہ  ہی کچھ ایسا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ انتباہ انہوں  نے کن لیڈروں کو دیاتھا اور کہا کہ ’’جن سے میں نے یہ بات کہی وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔‘‘راؤت کے مطابق’’ایک طرح  سے یہ اچھا بھی ہوا کیوں کہ ہمیں  بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK