Inquilab Logo

چھوٹے کاروباری اداروں اورتاجروں کیلئے فیس بک کا نیا آن لائن پلیٹ فار

Updated: May 22, 2020, 10:52 AM IST | Agency | New Delhi

عالمی لاک ڈاؤن کےدرمیان فیس بک نے ’شاپس ‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کیا ،کچھ کاروباری ادارے براہِ راست فیس بک پر اپنی مصنوعات فروخت کرسکیں گے جب کہ کچھ اداروں کو اس کیلئے ایک بزنس ویب پیج بنانا ہو گا

Mark Zuckerberg - Pic : INN
مارک زوکر برگ ۔ تصویر : آئی این این

سوشل نیٹ ورک پلیٹ فارم `فیس بک نے `’شاپس‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔اس فیچر کی بدولت چھوٹے کاروباری اداروں کو `فیس بک اورانسٹاگرام پر بلا معاوضہ آن لائن اسٹور قائم کرنے کا موقع ملے گا جہاں وہ فروخت کے لیے مختلف اشیا پیش کر سکیں گے ۔فیس بک  کے بانی سربراہ مارک زوکربرگ کا کہنا ہے کہ نئے فیچر سے چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے آن لائن کاروبار کرنا آسان ہو جائےگا۔ان کے بقول اگر کوئی ادارہ یا فرد اپنی دکان یا ریستوران کسی دن نہیں کھول سکا تو اس فیچر کی بدولت اسے آن لائن آرڈر لینے میں مدد ملے گی اور گاہک کو بھی اس فیچر کے ذریعے اپنا مطلوبہ سامان یا آرڈر گھر کی دہلیز پر ہی مل سکے گا۔ 
 زوکربرگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کے دوران انہوں نے بہت سے چھوٹے کاروباری اداروں کو پہلی بار آن لائن بزنس کا حصہ بنتے دیکھا ہے۔ لہٰذا اس فیچر کے ذریعے چھوٹے کاروباری اداروں اور تاجروں کیلئے آن لائن بزنس کرنا آسان ہو جائے گا۔وہ کاروباری ادارے جو فیس بک پر مصنوعات فروخت کیلئے پیش کریں گے، وہ اس نئے فیچر ’شاپس‘ میں نمایاں طور پر نظر آئیں گے اور خریدار فوری طور پرانہیں آرڈرکرسکیںگے۔اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ کاروباری ادارے براہِ راست فیس بک پراپنی مصنوعات فروخت کرسکیں گے جب کہ کچھ اداروں کو اس کیلئے ایک بزنس ویب پیج بنانا ہو گا۔
 اس ای کامرس فیچر کے لیے فیس بک نے کینیڈین آن لائن شاپنگ کمپنی’ `شوپیفائی‘ ` کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ دیگر ۷؍ آن لائن شاپنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔رواں برس اس فیچر کو `شاپنگ ٹیب کے نام سے فیس بک کے نیوی گیشن بار میں شامل کر دیا جائے گا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی `رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کو سوشل نیٹ ورک پر صارفین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اشتہارات سے بھی بڑے پیمانے پر آمدنی متوقع ہے ۔ `فیس بک  نے اپنے ایپس میں کئی دوسرے ای کامرس آپشنز بھی متعارف کرائے ہیں جن کے استعمال سے اشتہارات پر مبنی کاروبار میں مزید بہتری آسکے گی۔
 `فیس بک کے سربراہ مارک زوکربرگ نے ایک لائیو اسٹریم کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے فیچر سے ای کامرس کو فروغ ملے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران معیشت کی بحالی کیلئے ای کامرس کو فروغ دینا بہت ضروری ہے۔ 
 `فیس بک ’شاپس‘  سے `امیزون ، `ای بے اور اسی قسم کے دیگر آن لائن کاروباری اداروں کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا پیدا ہو گی۔فیس بک نے اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان فوٹو شیئرنگ ایپ `انسٹاگرام  اور میسیجنگ ایپ `واٹس ایپ  پر خریداری کے محدود آپشنز متعارف کرانے کے ایک سال بعد کیا ہے۔فیس بک کو اس فیچر سے اشتہارات، ادائیگیوں اور دیگر سروسیز کی مد میں آمدنی کے نئے مواقع مل سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK