Inquilab Logo

دسہرہ کے موقع پر کسان مظاہرین مودی اور امیت شاہ کے پُتلے نذر آتش کر یں گے

Updated: October 10, 2021, 8:04 AM IST | new Delhi

خاطیوں کے ساتھ حکومت کی نرمی اورمظاہرین کے ساتھ ’’پرتشدد‘‘ رویے پر برہمی، مرکزی کابینہ سے اجے مشرا کے استعفے اور آشیش مشرا کی گرفتاری کا مطالبہ، ۱۸؍ اکتوبر کو ملک گیر احتجاج اور ریل روکو تحریک کا اعلان

Yogendra Yadav and Rakesh Takit addressing the Saturday Press Conference. (Photo: PTI)
یوگیندر یادو اور راکیش ٹکیت سنیچرکوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 لکھیم پور کھیری سانحہ کے کلیدی ملزم اور مرکزی وزیرکے بیٹے آشیش عرف مونو مشرا کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کسانوں نے ۱۵؍ اکتوبر کودسہرا کے موقع پر وزیراعظم مودی اور  وزیرداخلہ امیت شاہ کے پُتلے نذر آتش کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ہی کسانوں نے اجے مشرا کو مرکزی کابینہ سے برخاست کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔ 
شہید کسان یاترا نکالنے کا اعلان
 سمیوکت کسان مورچہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات کو۱۱؍ اکتوبر تک منظور نہیں کیا گیا  تو لکھیم پور کھیری سے ’’شہیدکسان یاترا‘‘ نکالی جائے گی۔ کسان لیڈر یوگیندریادو  نے پریس کانفرنس میںبتایا کہ ۱۲؍اکتوبر کو ملک بھر کے کسان لکھیم پور کھیری پہنچیں گے۔ اس کے ساتھ ہی کسان لکھنؤ میں مہاپنچایت بھی کریں گے۔
شہید کسانوں اور صحافی کیلئے یادگاری پروگرام
 یوگیندر یادو نے کہا کہ پہلے پروگرام کے تحت ۱۲؍اکتوبر کو شہید ہونے والے کسانوں اور صحافی کیلئے لکھیم پور کے تکونیا میں ’آخری ارداس‘ کا انعقاد ہوگا۔ ملک بھر کے کسان۱۲؍تاریخ کو لکھیم پور پہنچیں گے۔ لکھیم پور کا واقعہ جلیانوالا باغ سے کم نہیں ہے۔ انہوں  نے ملک بھر میں کسانوں اور سماجی تنظیموں سے  اپنے اپنے  شہروں میں کینڈل مارچ نکالنے کی بھی اپیل کی ۔ یوگیندر یادو نے بتایا کہ ۱۲؍ اکتوبر کو لکھیم پور سے کسانوں کی استھی کلش یاترا یوپی میں شروع ہوگی۔ کسان یہ استھیاں لے کر  ہر ریاست میں جائیں گے اور وہاں کی ندیوں میں وسرجن کریں گے۔
۱۸؍ اکتوبر کو ریل روکیں گے، ۲۶؍ کو مہا پنچایت
   ۱۵؍اکتوبر کو دسہرہ کے موقع  پر کسان مظاہرین ملک بھر میں  وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ کا پتلا نذر آتش کریں گے جبکہ ۱۸؍ اکتوبر کو ریل روکو آندولن ہوگا ۔۲۶؍ اکتوبر کو لکھنؤ میں  مہاپنچایت منعقد کی جائے گی۔کسان لیڈر ڈاکٹر درشن پال نے اعلان کیا کہ کسان مورچہ شہید کسانوںکیلئے آخر تک لڑائی لڑے گا۔ انہوں نے وزیر مملکت  اجے مشرا پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دہشت کا ماحول بنانے کی کوشش کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK