Inquilab Logo

فادر اسٹین کی موت نہیں ہوئی، ان کا قتل کیا گیاہے

Updated: July 07, 2021, 9:07 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

باندرہ کے سینٹ پیٹر چرچ میں فادراسٹین سوامی کی آخری رسوم کے موقع پر ان کی خدمات کا‌ اعتراف کیا گیا۔ شرکاء نے ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف آواز بلند‌کرتے ہوئے یو اے پی اے قانون‌ختم کرنے اور بھیما کورے گاؤں معاملے کے دیگر قیدیوں کو ضمانت دینے کا مطالبہ کیا

People have been protesting against the injustice done to Father Stan since his last rites.Picture:Inquilab
فادراسٹین کی آخری رسوم کے بعد لوگ ان کے ساتھ ہوئی ناانصافی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر انقلاب

 معروف سماجی مصلح اور آخری سانس تک آدیواسیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے فادر اسٹین سوامی کی آخری رسوم منگل کو سینٹ پیٹر چرچ باندرہ میں‌ ادا کی گئیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ۔اس موقع پر  بامبے کیتھولک سبھا کے ترجمان ڈولفی ڈیسوزا نے دوٹوک انداز میں کہا کہ فادر کا سرکاری سطح پر قتل کیا گیا ہے، ان کی موت نہیں ہوئی اور اس قتل میں تفتیشی ایجنسیاں، سرکاری عملہ اور انصاف دینے والے ادارے سبھی شامل ہیں کیونکہ ضعیف العمری، بیماری اور کمزوری کے باوجود انہیں پوری طرح نظر انداز کیا گیا۔آخری رسوم کے وقت مختلف ملی ، سماجی اور رفاہی خدمات انجام دینے والی تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے۔ان سب کے چہروں پر غم‌ کے ساتھ حکومت کی سفاکی کے خلاف  غصہ بھی تھا اور شکایت بھی۔
    جماعت اسلامی ہند، اے پی سی آر اور مختلف سماجی تنظیموں کی اہم شخصیات  ڈاکٹر سلیم خان،محمد  اسلم غازی ، شاکر شیخ اور فیروزمیٹھی بوروالا وغیرہ اس میں پیش پیش رہیں۔ حالات کے پیش نظر کووڈ پروٹوکول کا پورا خیال رکھتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں‌ مجموعی تاثر یہ رہا کہ فادر کو من گھڑت الزامات اور بے بنیاد کیس کے تحت گرفتار کیا گیا، ضمانت دینے سے انکار کیا گیا حتیٰ کہ  معمر اور ضعف کے سبب بیمار رہتے ہوئے بھی انہیں بنیادی سہولیات و ضروریات تک سے محروم رکھا گیا۔
  ڈولفی ڈیسوزا نے کہا کہ ’’یو اے پی اے قانون کو ختم کیا جائے اور بھیما کورے گاؤں‌کیس کے  جیلوں میں قیدبقیہ لوگوں کو ضمانت دی جائے تاکہ پھر ایسی کوئی موت نہ ہو۔ ‘‘ ان  کے مطابق خواہ ان کو گھروں میں نظر بند رکھا جائے کیونکہ یہ سارے لوگ سینئر ہیں اور ان کو سابقہ حکومت کے ذریعے پھنسایا گیا ہے۔
 رابرٹ ڈیسوزا نے کہا کہ ’’ہم سب مل کر فادر کے خدمت انسانی کے کاموں کو آگے بڑھائیں گے اور حق وانصاف کیلئے مزید شدت سے آواز بلند‌کریں گے۔ان کی موت پر ہمیں غم ہے لیکن‌ ہمیں ان سے حوصلہ ، جذبہ اور تحریک بھی ملی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK