Inquilab Logo

ٹرمپ کی رہائش گاہ پر ایف بی آئی کا چھاپہ

Updated: August 10, 2022, 12:58 PM IST | Agency | Washington

سابق صدر نے اسے امریکہ کی تاریخ کے ’سیاہ باب‘ سے تعبیر کیا اور انہیں  ۲۰۲۴ء کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش قرار دیا

Trump supporters protest a raid on his residence in Florida. .Picture:INN
ٹرمپ کے حامی فلوریڈا میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے۔۔ تصویر:آئی این این

امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ  نے فلوریڈ ا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایف بی آئی کے چھاپے کا الزام عائد کرتے ہوئے  شدید برہمی کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے امریکی تاریخ کے ’سیاہ باب‘ سے تعبیر کیا اور  الزام لگایا کہ یہ سب کچھ انہیں  ۲۰۲۴ء میں  صدارتی الیکشن سے دور رکھنے کیلئے کیا جارہاہے۔  دوسری جانب بتایا جارہاہے کہ یہ چھاپے اُن  اہم اور خفیہ دستاویزات کی تلاش  میں مارے گئے ہیں جو ڈونالڈ ٹرمپ امریکی صدارت سے دستبردار ہونے کے بعد  اپنے ساتھ لے گئے تھے۔   اس چھاپے کے خلاف ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں  نے فلوریڈا میں  احتجاج شروع کردیاہے۔  ٹرمپ نے پیر کی شام ایک طویل بیان میں کہا کہ’’فلوریڈا کے پام بیچ میں واقع میرا گھر، مار-اے-لاگو اس وقت محاصرہ میں ہے۔ اس پر چھاپہ مارا گیا ہے اور ایف بی آئی کے ایجنٹوں کے ایک بڑے گروپ نے وہاں قبضہ کر رکھا ہے۔‘‘  امریکی میڈیا رپورٹس  میں سابق صدر کے گھر کی تلاشی کی تصدیق کی گئی ہے مگر فوری طور پر یہ واضح نہیں کیاگیا کہ تلاشی کے اسباب کیا تھے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محکمۂ انصاف جنوری ۲۰۲۱ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد ان کی جانب سے فلوریڈا کی رہائش گاہ پر لے جانے والے ریکارڈ باکس میں موجود خفیہ معلومات کے بارے میں تحقیقات کر رہا ہے۔   اسی سال کے شروع میں نیشنل آرکائیوز اینڈ ریکارڈز ایڈمنسٹریشن نےبتایا تھا کہ  ٹرمپ کی فلوریڈا میں واقع رہائش گاہ پر۱۵؍ بکسوں  میں  خفیہ دستاویز موجود ہیں ۔اس نے یہ معاملہ محکمۂ انصاف کو بھیج دیا تھا۔ ۱۹۷۸ءکے صدارتی ریکارڈ ایکٹ کے تحت تمام صدارتی ریکارڈ عوام کی ملکیت  ہے اور صدر  کےعہدہ چھوڑتے ہی، ان کے دفتر کا  ریکارڈ خود بخود نیشنل آرکائیوز کی تحویل میں چلا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK