Inquilab Logo

باندرہ ٹرمنس پرادھورے بریج سے بڑے حادثے کا اندیشہ

Updated: November 20, 2022, 11:27 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

چشم دیدوں کے مطابق کئی مرتبہ مسافر حادثے سےبچے ہیں،بریج مکمل کرنے اورمسافروں کی حفاظت کا مطالبہ

Due to the unfinished work of the bridge, commuters face problems.
بریج کا کام ادھورا ہونے کی وجہ سے مسافروں کو دشواری پیش آتی ہے۔

یہاں باندرہ ٹرمنس سے شمشان بھومی تک بنائے گئے ادھورےبریج سے مشرق سے مغرب جانے والے مسافروں کی جان کوخطرہ لاحق ہے اور بڑے حادثے سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ 
 دراصل ریلو ے کی جانب سے مشرق سے مغرب کو جوڑنے کےلئے بریج کی تعمیر کامنصوبہ ہے لیکن ابھی وہ صرف شمشان بھومی تک ہی بنا ہےاس کے باوجود مسافر اس کااستعمال کرتے ہوئے شمشان بھومی تک پہنچتے ہیںپھر گیٹ نمبر ۱۹؍ پرچھوٹے سے راستے کو پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔چونکہ ا س گیٹ کے قریب سے فاسٹ اورسلو ٹرینیں ہر چند منٹ کے بعدگزرتی ہیں اس لئے راستہ پارکرنا اپنی جان جوکھم میں ڈالنا ہے لیکن مسافروں کے پاس اس کےسوا  کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ متبادل راستہ نوپاڑہ کے پاس ہےجو ٹرمنس سے کافی دور ہے۔ایسے میں کسی بھی مسافر کا سامان لے کر بچوں کے ساتھ وہاںجانا کارےدارد ہے ۔ 
اکثر حادثے کااندیشہ رہتا ہے
 محمدافضل عبداللہ خان نام کے ایک تاجر جو گیٹی گلیکسی کے قریب رہتے ہیں،  نےاپنا مشاہدہ بیان کیا کہ’’ میںجب بھی بازارجاتا ہو ںتو کوئی نہ کوئی ایسا مسافر جوٹرین سے اتر کراسی بریج سے ہوتے ہوئے گیٹ نمبر ۱۹؍ کوپار کرنے کی کوشش کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے ۔چونکہ ریلوے نے راستہ بند کردیا ہے اور اپنے ملازمین کےلئے چھوٹی سی جگہ رکھی ہے اسی سے مسافر بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نکلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس بات کا اندیشہ رہتا ہے کہ کہیں وہ فاسٹ یا سلو لائن پر آنے والی ٹرین کی زدمیںنہ آجائیں۔‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ’’ یہاںسنسان راستہ ہونے کے سبب لوٹ مار بھی کی جاتی ہے لیکن ریلوے انتظامیہ ان مسائل سے بے خبر ہے۔اس لئے اگر کوئی بڑاحادثہ ہوگیا تواس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ اس لئے ریلوے انتظامیہ اس سنگین مسئلےپر فوری توجہ دے اوربریج کو مکمل کروائے یاپھرایسا کوئی نظم کروائے جس سے مسافروںکی جان کو لاحق خطرات ختم ہوسکیں۔‘‘ 
 محمدصدیق تاراپور والا نے وزیراعظم دفتر ، سی ایس دفتر، میونسپل کارپوریشن اورریلوے انتظامیہ کوٹویٹ کےذریعے لکھا ہےکہ اس نامکمل  بریج کو فوری طور پرمکمل کیاجائے اورمسافروں کی جان کی حفاظت کویقینی بنایا جائے۔
ریلوے کا جواب 
 ریلوے کے ایک ترجمان نے کہاکہ ’’ جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس کے مطابق آگے کام کیا جائے گا ۔چونکہ ابھی کافی کام باقی ہے اس لئے بریج کوشمشان بھومی تک لایا گیا ہے۔ہاربرلائن کا کام جیسے آگے بڑھے گا اورپرانے بریج کوتوڑا جائے گا تویہ کام بھی آگے بڑھایا جائے گا ۔ویسے  ریلوے مسافروں کی حفاظت پرسب سے زیادہ توجہ دیتی ہے۔‘‘ ترجمان کا یہ بھی کہناتھا کہ ’’ نوپاڑہ کی جانب جوبریج ہے ، اس کی نئی تعمیر کی گئی ہے ، مسافر اس کا استعمال کریں اورخود اپنی جان جوکھم میں نہ ڈالیں۔ یہ ضرور ہےکہ ٹرمنس پراترنے کے بعد اس بریج سے ویسٹ میںجانا دشوار ہے لیکن متبادل نظم ہونےتک مسافر خود بھی دھیان دیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK