Inquilab Logo

عدلیہ کےمتعلق بد زبانی کی شکایت، کنگناکیخلاف ایف آئی آر کا حکم

Updated: October 23, 2020, 11:50 AM IST | Agency | Mumbai

اداکارہ کنگنا رناوت کو ممبئی پولیس کو بدنام کرنے اور دومذاہب کے درمیان نفرت پھیلانے کے الزام میں بدھ کو پولیس نے سمن جاری کیا تھا اب کورٹ کے خلاف بدزبانی کرنے اور بددیانتی کی شکایت ملنے پر جمعرات کو کورٹ نے ایک نئی ایف آئی آر درج کرنے کا حکم جاری کیا ہے

Kangana Ranuat. Picture :INN
کنگنا رناوت۔ تصویر:آئی این این

 اداکارہ کنگنا رناوت کو  اشتعال انگیز اور متنازع بیانات دینے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اداکارہ کے خلاف  پولیس کو بدنام کرنے، دو مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان منافرت پھیلانے اور ملک کے خلاف بغاوت کرنے کے تحت معاملہ درج کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے بدھ کے روز سمن جاری کیا تھا ۔  وہیں جمعرات کو شہر کے ایک وکیل نے اداکارہ کے خلاف مجسٹریٹ کورٹ میں کریمنل پٹیشن داخل کی اور عدلیہ کے تئیں بد دیانتی برتنے پر ایف آئی درج کرنے کی اپیل کی  جسے کورٹ نے منظور کرلیا ہے۔ 
  وکیل علی کاشف خان دیشمکھ نے میٹروپولیٹین کورٹ کے روبرو اپیل داخل کرتے ہوئے کورٹ سے کہا کہ ’’ جس اداکارہ کو عدلیہ پر یقین نہ ہو اور جو عدلیہ کے تئیں بد دیانتی برتے، اس کے خلاف ایف آئی درج کی جانی چاہئیے ۔‘‘  وکیل نے داخل کردہ درخواست کے ذریعہ یہ بھی کہا کہ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ملک سے بغاوت کے تحت بھی کیس درج کیا جانا چاہیئے کیوں کہ وہ دو مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان اپنے ٹویٹس کے ذریعہ نفرت بھی پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں - شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ اداکارہ نہ تو ہندوستان میں آباد مختلف مذاہب کے ماننے والوں کی عزت کرتی ہیں اور نہ انہیں عدلیہ پر یقین ہے ۔  وکیل نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کنگنا نے اپنے حالیہ ٹویٹ کے ذریعہ بد دیانتی برتتے ہوئے عدلیہ کا مذاق بنایا تھا ۔  وکیل کے بقول جب بھنڈارہ مجسٹریٹ کورٹ نے اداکارہ کی بد دیانتی  پر ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا تو کنگنا نے اس پر ٹویٹ کرتے ہوئے عدلیہ کو اور موجودہ حکومت کو ` پپو سینا سے مخاطب کرتے ہوئے مذاق بنانے کی کوشش کی تھی ۔  میٹروپولیٹن کورٹ نے مذکورہ بالا تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد اداکارہ کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے واضح و رہے کہ اس سے قبل باندرہ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے حکم پر کنگنا اور اس کی بہن پر باندرہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج ہوچکی ہے جس پر ممبئی پولیس نے انہیں سمن جاری کرکے پوچھ تاچھ کے لئے طلب بھی کیا ہے ۔  وہیں پولیس کے جاری کردہ سمن پر بھی کنگنا رناوت نے ایک بار پھر پولیس اور موجودہ حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری بہت یاد آرہی ہے، میں جلد ہی آؤں گی ۔‘‘ خیال رہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے میں کنگنا رناوت نے کئی بے سروپا بیانات دئیے تھے۔اتنا ہی نہیں انہوں نے فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات کا نام بھی اس معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کی تھی۔ اسی طرح بی ایم سی کے ذریعے ان کے آفس کے غیر قانونی تعمیرات کو توڑنے پر بھی اداکارہ نے ٹویٹر کے ذریعہ کئی متنازع ٹویٹ کئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK